بم کی اطلاع پر بھارتی مسافر طیارے کی ترکیہ میں ہنگامی لینڈنگ

استنبول: (ویب ڈیسک) دوران پرواز بم کی اطلاع پر بھارت کے مسافر طیارے نے ترکیہ میں ہنگامی لینڈنگ کی اور عملے کے ارکان سمیت تمام مسافروں کو جہاز سے اتار لیا گیا۔

خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے وزیرداخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بیان میں بتایا کہ بھارتی فضائی کمپنی انڈین ویسٹارا ایئرلائنز کی پرواز کو جمعے کو سہ پہر ساڑھے 4 بجے ترکیہ کے مشرقی علاقے ایرزوروم میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی کیونکہ جہاز میں ایک پیپر پر ’بم آن بورڈ‘ کی تحریر ملی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بم ڈسپوزل سکواڈ کے دو ماہرین اور ایک تلاشی لینے والے کتے نے جہاز کا جائزہ لیا، جس میں 234 مسافر اور عملے کے 13 ارکان سوار تھے تاہم انہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔

جہاز کی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویسٹارا یوکے 27 پرواز ممبئی سے فرینکفرٹ جا رہی تھی لیکن سکیورٹی خدشات کے باعث ایرزورم میں اتار لیا گیا اور اس کی نشاندہی عملے کے ایک رکن نے کی تھی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں