ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی ، دوسری بار امریکی صدر منتخب

واشنگٹن : (دنیانیوز) صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار کامیاب ہو کر امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے، ری پبلکن نے سینیٹ میں بھی اکثریت حاصل کر لی اور پارٹی کو ایوان نمائندگان میں بھی واضح برتری حاصل ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے وائٹ ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ کملاہیرس 216 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکیں، کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار تھے۔

امریکا کے صدارتی انتخابات میں پہلے ہی  قبل از وقت ووٹنگ میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا، فلوریڈا، اوہائیو ، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما ، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی ، آرکنساس میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے ، ویسٹ ورجینیا میں بھی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے۔

ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے نیومیکسکیو میں 5، اوری گن 8، کولوراڈو میں 10، مین 1، ہوائی 4 ، واشنگٹن میں 12 ، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں 3 اور کیلیفورنیا میں 54 الیکٹورل ووٹ لے کرمیدان مار لیا ، کملا نے سب سے زیادہ ووٹ لے کرکیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی ۔

ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ، اسی طرح ایلی نوائے، نیوجرسی ، میری لینڈ اور ورمونٹ میں کملا ہیرس کامیاب ہوگئیں، ورمونٹ میں کملاہیرس نے 3 ہزار 77 ووٹ حاصل کئے، ڈونلڈ ٹرمپ کو ورمونٹ میں2561 ووٹ ملے۔

کملا ہیرس آج کارکنوں سے خطاب نہیں کریں گی
ڈیموکریٹ امیدوار  کملا ہیرس کی انتخابی مہم کے معاون چیئرمین مطابق ’ کملا ہیرس آج رات کارکنوں سے خطاب نہیں کریں گی تاہم، توقع ہے کہ وہ جمعرات کو خطاب کریں گے ، سیڈرک رچمنڈ نے کہا کہ ’ہمارے پاس ابھی بھی ووٹوں کی گنتی باقی ہے،  اب بھی ایسی ریاستیں ہیں جن کے نتائج آنا باقی ہیں۔‘

سوئنگ ریاستوں میں بھی ٹرمپ آگے

ایری زونا، جارجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن وہ سات ریاستیں ہیں جن کو ’سوئنگ سٹیٹس‘ کہا جاتا ہے اور انہی کے پاس وائٹ ہاؤس کی کنجیاں ہیں۔

ساتوں ریاستوں میں مجموعی طور پر 93 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

7 پانسہ پلٹ ریاستوں میں سے 4 میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی حاصل کی، جن میں شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا، جارجیا اور وسکانس شامل ہیں۔

سوئنگ ریاستوں میں جارجیا  میں 16، کیرولینا 16، پنسلوینیا 19 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ  ایری زونا میں  ، وسکونسن   اور نیواڈا میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے، کملا ہیرس نے مشی گن میں 15 ووٹ لیے۔

سینیٹ میں ری پبلکنز کو سادہ اکثریت حاصل

سینیٹ میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو کاملا ہیرس کی پارٹی پر برتری حاصل ہے، امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز نے 100میں سے 51 نشستیں لے کر سادہ اکثریت حاصل کرلیں جبکہ ڈیموکریٹس نے 43 نشستیں حاصل کیں۔

ٹرمپ کے حامیوں کا جشن

ٹرمپ کے کیمپ میں جشن کا سماں ہے ، ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہاؤس کےباہرجمع ہوکر خوب ہلہ گلہ کیا ، ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے وائٹ ہاوس کے سامنے نعرے لگائے۔

پاکستانی امریکن امیدوار بھی کامیاب

امریکی انتخابات میں ایک پاکستانی امریکن امیدوار سلمان بھوجانی بھی کامیاب ہوکر ٹیکساس اسمبلی کےدوربارہ رکن منتخب ہوگئے ، کانگریس کیلئے واحد پاکستانی امریکن امیدوار ایرن بشیر ہارگئے، ایرن بشیر پینسلوانیا میں ری پبلکنز کے امیدوار تھے۔

 مسلم امیدوار کامیاب 

ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی فلسطینی نژاد راشدہ طلیب دوبارہ کانگریس کی رکن منتخب ہوچکی ہیں ، ڈیموکریٹک پارٹی کے مسلم امیدوار آندرے کارسن ریاست انڈیانا سے نویں بار امریکی کانگریس کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ صومالی نژاد الہان عمر بھی ایک بار پھر کانگریس کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔
 

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ، رئیل سٹیٹ سے دوسری بار صدارتی الیکشن میں جیت کے اعلان تک

3مسلمان امیدوار کامیاب فلسطینی نژاد راشدہ طلیب دوبارہ کانگریس کی رکن منتخب ہوگئیں، ڈیموکریٹ امیدوار راشدہ طلیب مشی گن کی نشست پر کامیاب ہوئیں ۔

موسم کی صورتحال

امریکی ووٹرز کو الیکشن کے دوران خراب موسم کا بھی سامنا رہا، ریاست میسوری میں بارش اور سیلاب سے ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا رہا، ایکس کے مالک ایلون مسک نے ٹیکساس میں ووٹ کاسٹ کیا۔

سکیورٹی اقدامات

دوسری جانب بدامنی کےخدشات کے سبب امریکی نیشنل گارڈ کو الرٹ کردیا گیا، امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نیشنل گارڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کے 250 اہلکار انتخابی عمل میں تعاون فراہم کررہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق الاباما، ایریزونا، ڈیلاویئر، ہوائی، ایلانوئے، لووا، نیو میکسیکو، شمالی کیرولائنا، اوریگون، پینسلوینیا، ٹینیسی، ٹیکساس، واشنگٹن، وسکونسن اور مغربی ورجینیا میں نیشنل گارڈز خدمات انجام دے رہیں۔

امریکی کانگریس کی جانب سے انتخابی ووٹوں کی گنتی اور باضابطہ طور پر انتخابات کے فاتح کی تصدیق کے لیے 6 جنوری 2025 کو واشنگٹن میں اجلاس منعقد کیا جائے گا، نئے صدر کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو واشنگٹن میں منعقد ہو گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں