بھارت میں کسانوں کے ’دہلی چلو‘ مارچ پر پولیس کا لاٹھی چارج
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کسانوں کے ’دہلی چلو‘ مارچ پر پولیس ٹوٹ پڑی، جھڑپوں میں 8 کسان زخمی ہوگئے جبکہ آنسو گیس کے استعمال سے کئی کسانوں کی حالت خراب ہوگئی۔
پولیس نے کسانوں کو دہلی سے 2 سو کلو میٹر دور پنجاب اور ہریانہ کی سرحد پر شمبھو کے مقام پر روکنے کی کوشش کی جس کے باعث ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
کسانوں کی جانب سے حکومت سے قرض معافی کی ضمانت، کسانوں کی ریاستی مدد اور آمدن بڑھانے کا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، کسانوں کے مارچ کے باعث ریاست ہریانہ کے سرحدی ضلع انبالہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آج پولیس سے ہونے والی جھڑپوں کے بعد کسانوں نے دہلی کی جانب اپنا مارچ بھی روک دیا ہے۔