لبنان کا بشار الاسد کے زوال کے بعد شام کی سرحد پر فوج بڑھانے کا اعلان

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان نے بشارالاسد کے زوال کے بعدشام کی سرحد پر فوج بڑھانے کااعلان کر دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنانی فوج نے کہا ہے کہ وہ صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے اور دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد شام کے ساتھ ملحقہ سرحد پر اپنی موجودگی کو مزید تقویت دے رہی ہے۔

فوج نے ایک بیان میں کہا تیزی سے بدلتی ہوئی صورتِ حال اور خطے کو درپیش نازک حالات کی روشنی میں شمالی اور مشرقی سرحدوں کی نگرانی اور کنٹرول کرنے والے یونٹس کو مزید مضبوط کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی نگرانی کے اقدامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

لبنانی وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ انہوں نے آرمی کمانڈر جوزف عون اور سکیورٹی فورسز کے سربراہان سے ایک فون کال میں شامی سرحد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

حکام نے کہا ہے کہ لبنان اس وقت تقریباً 20 لاکھ شامی باشندوں کی میزبانی کر رہا ہے جبکہ 800,000 سے زیادہ اقوام متحدہ میں رجسٹرڈ ہیں جو دنیا میں فی کس مہاجرین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں