روس کا ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان بحران حل کرانے کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ ساتھ مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کے لیے ایران کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایرانی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ماسکو اس بحران سے نکلنے کے لئے ایران کے اقدامات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون کو کمزور کیا گیا ہے اور ایرانی جوہری معاہدے کو نقصان پہنچایا گیا، حالانکہ اس معاہدے کی توثیق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کی گئی تھی، جن پر عملدرآمد تمام فریقین پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت لازم ہے۔

روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس اور ایران کے درمیان موجودہ صورتحال پر مختلف سطحوں پر بشمول صدارتی سطح، بات چیت ہو چکی ہے، ان مذاکرات میں آئی اے ای اے اور مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے طریقوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، تاہم حتمی فیصلہ ایران کی قیادت ہی کرے گی۔

انہوں نے روس اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کی صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے پاس باہمی تجارت میں نمایاں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نارتھ ساؤتھ کوریڈور کے علاوہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ ایک اہم منصوبہ ہے، جس کی تعمیر جاری ہے جبکہ نئے یونٹس بھی منصوبہ بندی اور بعض مقامات پر فعال ہو چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے یوریشین اکنامک یونین (ای اے ای یو) کے ساتھ تعلقات بھی اضافی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں