اسرائیل کا ایرانی پاسداران انقلاب کے نیوی کمانڈر علی رضا کو شہید کرنے کا دعویٰ
تل ابیب: (دنیا نیوز) اسرائیلی وزیر دفاع نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے نیوی کمانڈر علی رضا کو قتل کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے بتایا کہ علی رضا تنگسیری آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے اور تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کو روکنے جیسے اقدامات میں براہِ راست ملوث تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی رات گئے کی گئی جس میں علی رضا تنگسیری کے ساتھ ایرانی بحریہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی مارے گئے تاہم انھوں نے دیگر افسران کے نام اور تعداد نہیں بتائی۔
تاحال ایران نے پاسداران انقلاب کے سربراہ علی رضا تنگسیری کی شہادت کے اسرائیلی دعوے کی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ علی رضا تنگسیری آبنائے ہرمز کی بندش میں اہم کردار ادا کر رہے تھے اور ان کے ہاتھ بہت سے لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری کی ہلاکت اسرائیل اور امریکا کے درمیان قریبی تعاون کی تازہ مثال ہے، یہ کارروائی امریکہ کے ساتھ مشترکہ جنگی اہداف کے حصول کے لئے کی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر کی جنگ بندی کی بیک ٹو ڈور کوششوں کے باوجود دھمکی دی کہ اسرائیلی فوج ایران کے مختلف اہداف کو پوری قوت سے نشانہ بناتی رہے گی۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور امریکا کی 28 فروری سے جاری ایران کے خلاف مشترکہ کارروائیوں میں آیت اللہ خامنہ ای، پاسداران انقلاب کے سربراہ، آرمی چیف، وزیردفاع اور مشیر سکیورٹی سمیت متعدد اعلیٰ حکام شہید ہوچکے ہیں۔