امریکا نے جنگ میں اپنےاہداف حاصل کر لیے: ترجمان وائٹ ہاؤس کا دعویٰ
واشنگٹن :(دنیا نیوز) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نےجنگ میں اپنے اہداف حاصل کر لیے۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام پر ہماری فورسز کی جانب سے کامیاب حملے کیے گئے۔
اُنہوں نے کہا کہ کامیاب حملوں کے نتیجے میں ایران اب خطے میں اپنے پراکسیز کو ہتھیاروں کی تقسیم نہیں کر سکتا، ایران سے کہا گیا اور بالآخر جنگ بندی کی تجویز پر رضامند ہو گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایرانیوں کا اصل منصوبہ ناقابل قبول تھا اور مسترد کر دیا گیا، اِس کے بعد ایران نے ایک زیادہ معقول اور جامع منصوبہ پیش کیا۔
کیرولین لیویٹ کا کہنا تھا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو نیتن یاہوسےبات کی تھی، نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں وفد اسلام آباد جائے گا جنہوں نے ایران کے مسئلے پر اہم کردار ادا کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر بات چیت ہوئی ہے ، ایران نے اشارہ دے دیا ہے کہ وہ افزودہ یورینیم سے دستبردار ہو جائے گا، جنگ میں نیٹو کو آزمایا گیا وہ ناکام ہو گئے ۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نیٹو سربراہ کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں، ٹرمپ مارک روٹے سے نیٹو سے ممکنہ انخلا پر تبادلہ خیال کریں گے۔
خیال رہے امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے جو دو طرفہ ے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے ممکن ہوا۔
مزید برآں یہ جنگ بندی آبنائے ہرمز کو مکمل، فوری اور محفوظ طور پر دوبارہ کھولنے کی ایرانی یقین دہانی سے مشروط ہے۔