ایران کیلئے جاسوسی کا الزام، اسرائیل کا اپنے 4 شہریوں پر فرد جرم عائد کرنے کا اعلان

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حکام نے ایران کیلئے مبینہ جاسوسی کے الزام میں 3 اسرائیلی فوجیوں اور ایک آبادکار کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی داخلی خفیہ ایجنسی اور پولیس کے مشترکہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان طویل عرصے سے ایران سے منسلک مبینہ ایجنٹس کے رابطے میں تھے اور انہوں نے جان بوجھ کر تہران کیلئے جاسوسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ تینوں فوجی اسرائیلی فضائیہ کے ایک ٹیکنیکل سکول میں تربیت حاصل کر رہے تھے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ ایرانی ہینڈلر کی ہدایات پر فوجی تنصیبات اور دیگر مقامات کی تصاویر بنائیں۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ریلوے سٹیشنز، شاپنگ سینٹرز اور سکیورٹی کیمروں سمیت مختلف عوامی مقامات کی دستاویز بندی بھی کی، مبینہ ایرانی رابطہ کار نے ان افراد سے اسلحہ خریدنے کا بھی مطالبہ کیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا انہوں نے اس پر عمل کیا یا نہیں، چاروں ملزمان پر جمعہ کو حیفہ ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ 2 اسرائیلی فضائیہ اہلکاروں کے خلاف ایران کیلئے جاسوسی کے مقدمات کی تیاری ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسرائیل میں عام شہریوں اور آبادکاروں کے ایران سے منسلک آن لائن نیٹ ورکس کے ذریعے مبینہ رابطوں کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی حالیہ کشیدگی کے دوران متعدد مشتبہ عناصر کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی ادارے ملک میں تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں