جنوبی لبنان میں گاڑیوں کو نشانہ بنانے کیلئے اسرائیلی ڈرون حملوں میں اضافہ

بیروت: (دنیا نیوز) جنوبی لبنان میں گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی ڈرون حملوں میں اضافہ ہوگیا، جبکہ صیہونی حملوں اور بڑھتی ہوئی اموات کے باعث لبنان کا صحت کا نظام بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق چند روز کے دوران اسرائیل کی جانب سے گاڑیوں پر ڈرون حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ارکان اور جنوبی لبنان میں گروہ کی معاونت کرنے والے افراد کو نشانہ بنا رہا ہے، تاہم زمینی حقائق یہ بتا رہے ہیں کہ ان حملوں میں بڑھتی ہوئی تعداد میں خواتین اور بچے بھی جان کی بازی ہار رہے ہیں۔

لبنانی سول ڈیفنس کا عملہ ملبے تلے دبے ممکنہ زندہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے، حالات نے اُن شہریوں کیلئے صورتحال انتہائی دشوار بنا دی ہے جو جنگ بندی کے دوران اپنے گھروں کو واپس لوٹے تھے، جنگ بندی عملی طور پر کسی حقیقی جنگ بندی جیسی ثابت نہیں ہوئی۔

گزشتہ ایک ماہ انتہائی خونریز رہا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کے لیے تباہ کن حالات پیدا ہو گئے ہیں، جبکہ طبی مراکز جیسے امدادی مقامات بھی اسرائیلی حملوں کا اہم ہدف بنے ہوئے ہیں۔

اسرائیلی حملوں، بڑھتی ہوئی اموات کے باعث لبنان کا نظامِ صحت تباہی کے دہانے پر
لبنان کا شعبہ صحت بڑھتی ہوئی شہادتوں اور اسرائیل کی جانب سے طبی مراکز پر مسلسل حملوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہو چکا ہے، اب تک اسرائیلی حملوں میں 9 ہزار افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 100 سے زائد پیرا میڈکس بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، مرنے والوں میں کم از کم 200 بچے شامل ہیں جبکہ 800 بچے زخمی ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں