بندرگاہوں کو علاقائی ٹرانزٹ حب بنانے کے اقدامات جاری ہیں: وزیر بحری امور
کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری سے شپنگ لائنز اور ٹرمینل آپریٹرز کے نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بندرگاہوں کی تیاریوں اور سمندری تجارت سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہوں کو علاقائی ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، جبکہ بلا تعطل سمندری تجارت اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیڈر کنیکٹیویٹی کو مستحکم بنانے اور کاروباری طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے گا، جبکہ ریگولیٹری چیلنجز کے حل اور مؤثر رابطہ کاری کا فروغ ترجیح ہے۔
جنید انوار چودھری نے کہا کہ بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور لاجسٹکس نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ کراچی بندرگاہ کی جدیدکاری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، جبکہ کراچی پورٹ پر گاڑیوں کی ہینڈلنگ کیلئے اضافی جگہ بھی مختص کر دی گئی ہے۔