انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم میں پہلی بار ایک خاتون فیلڈنگ کوچ مقرر

لندن: (ویب ڈیسک) سابق انگلش وکٹ کیپر سارہ ٹیلر کو انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کی فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق سارہ ٹیلر انگلینڈ کی سینئر مینز ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں شامل ہونے والی پہلی خاتون بن گئیں، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کیلئے سارہ ٹیلر کی تقرری کا اعلان کیا۔

سارہ ٹیلر یہ ذمہ داری عارضی طور پر سنبھالیں گی جبکہ مستقل فیلڈنگ کوچ کارل ہاپکنسن اس وقت آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز کے ساتھ مصروف ہیں، سارہ ٹیلر کو خواتین کرکٹ کی تاریخ کی بہترین وکٹ کیپرز میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے 2006ء سے 2019ء کے درمیان انگلینڈ کیلئے 226 بین الاقوامی میچز کھیلے جبکہ وہ 2017ء ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہیں، سارہ ٹیلر اس سے قبل سسیکس مینز ٹیم، مانچسٹر اوریجنلز اور انگلینڈ لائنز کے ساتھ بھی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں