سعودی عرب کی لبنان کیخلاف اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی مذمت
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرناک قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں لبنان کے خلاف مسلسل اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت اور مخالفت کا اظہار کیا گیا، بیان میں لبنان کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے لبنانی فوج کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
سعودی عرب نے واضح کیا کہ وہ لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ریاستی اداروں کے احترام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور لبنانی فوج پر حملوں کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے۔
وزارت خارجہ نے ان لبنانی فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا جو اپنے قومی فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب لبنان کے استحکام، سلامتی اور خودمختاری کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی تائید کرتا ہے۔