معاہدے سے قبل پابندیاں ختم ہونگی نہ ہی منجمد اثاثے بحال ہونگے: ٹرمپ
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کے ساتھ باقاعدہ امن معاہدہ طے پانے تک نہ پابندیاں ختم کی جائیں گی اور نہ ہی منجمد اثاثے بحال کیے جائیں گے۔
امریکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی اثاثوں کی بحالی صرف کسی حتمی معاہدے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ فی الحال تہران کے ساتھ کسی قلیل مدتی معاہدے میں لبنان کی شمولیت کا مطالبہ نہیں کر رہے۔
دوسری جانب ایرانی رہبرِ اعلیٰ کے مشیر محسن رضائی کے مطابق گزشتہ تین ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی جانب سے منجمد کیے گئے 24 ارب ڈالر کے اثاثوں کی واپسی ناگزیر ہے، اور تہران اس مطالبے پر قائم ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی وزارتِ خزانہ ایران کے ان منجمد اثاثوں کو خلیجی اتحادی ممالک کے نقصانات کے ازالے کے لیے استعمال کرنے کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک خصوصی ٹیم کو ایران کے حالیہ ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں کویت اور بحرین میں ہونے والے مالی اور مادی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق امریکہ مستقبل میں ممکنہ نقصانات کے ازالے کے لیے بھی ان اثاثوں کے استعمال پر غور کر سکتا ہے۔
مبصرین کے مطابق واشنگٹن کا یہ نیا منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان جاری نازک جنگ بندی اور سفارتی کوششوں کے لیے ایک نئی رکاوٹ ثابت ہو سکتا ہے۔