امریکہ ایران معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی شامل
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکام نے صحافیوں کو امن معاہدے کے 14 نکات سے آگاہ کر دیا جن کے تحت لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی شامل ہے۔
ایران امریکہ کے درمیان 14 نکاتی دستاویز کو’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘‘ کا نام دیا گیا ہے، اعلیٰ حکام کے مطابق امریکہ اور ایران متفق ہیں کہ وہ زیادہ سے زیادہ 60 دن میں حتمی معاہدے پر مذاکرات مکمل کریں گے، مدت میں باہمی رضامندی سے توسیع بھی ممکن ہوگی۔
امریکہ 30 دن میں ایران پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کرے گا، اس دوران بحری آمدورفت کو جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کیا جائے گا، حتمی معاہدے کے 30 دن کے اندر امریکہ ایران کے اطراف سے اپنی افواج کے انخلا کا بھی پابند ہوگا۔
آبنائے ہرمز 60 دن تک بغیر ٹول کے کھلی رہے گی، اس کے بعد ایران خلیجی ممالک اور عمان کے ساتھ مل کر اس پر طویل المدتی معاہدہ کرے گا، امریکہ اور علاقائی شراکت دار کم از کم 3 سو ارب ڈالر کا فنڈ قائم کریں گے جو ایران کی تعمیر نو اور معاشی ترقی کیلئے ہوگا۔
معاہدے کے تحت امریکہ ایران پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے گا، اس کا شیڈول بعد میں طے کیا جائے گا، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا اور ایران اپنے افزودہ جوہری مواد کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں غیر مؤثر کرنے پر آمادہ ہوگا۔