فیفا ورلڈ کپ: پرتگال اور کانگو کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے گروپ سٹیج میچ میں پرتگال اور کانگو کے درمیان ہونے والا مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔

پہلے ہاف میں پرتگال نے میچ کے چھٹے ہی منٹ میں برتری حاصل کی، جب ژاؤ ناویس نے گیند کو جال کی راہ دکھائی تاہم کانگو نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یان ویسا نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں پرتگال کو ایک بار پھر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا، لیکن جواؤ کینسیلو کا گول آف سائیڈ قرار دے دیا گیا، اس کے بعد بھی پرتگال کو مواقع ملے لیکن وہ گول سکور نہ کرسکے اور میچ ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔

میچ میں کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر گول کرنے میں ناکام رہے، رونالڈو نے میچ میں صرف 25 بار گیند کو چھوا، جو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں مکمل 90 منٹ کھیلنے کے باوجود ان کی کم ترین ٹچز کی تعداد ہے۔

خیال رہے کہ رونالڈو فیفا ورلڈ کپ اور یورو کپ سمیت فٹ بال کے بڑے ٹورنامنٹس کے مسلسل 10 میچز میں پرتگال کیلئے گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں