ایران نے آبنائے ہرمز پر امریکی صدر کی دھمکیوں کو کھوکھلا قرار دے دیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز سے متعلق حالیہ دھمکیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور کھوکھلے دعوے قرار دیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے بارے میں شکایت کر رہے ہیں اور یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ امریکا آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال سکتا ہے۔
ابراہیم رضائی نے کہا کہ صرف ایک بیوقوف ہی ایسے کھوکھلے دعوے کر سکتا ہے، جبکہ اس قسم کی دھمکیوں کا دور اب گزر چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ واقعی آبنائے ہرمز کا کنٹرول حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتے تو وہ جنگ کے دوران ہی ایسا کر لیتے، لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے دی جانے والی یہ دھمکیاں حقیقت سے زیادہ سیاسی بیانات ہیں۔