غزہ میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد

غزہ: (دنیا نیوز) سول ڈیفنس کی خصوصی ریسکیو ٹیموں نے مغربی غزہ شہر میں تباہ شدہ رہائشی عمارت کے ملبے سے 19 فلسطینیوں کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے مغربی غزہ شہر کی السینا اسٹریٹ پر واقع کرم رہائشی عمارت میں چار روزہ سرچ اینڈ ریکوری آپریشن مکمل کیا، جہاں اسرائیلی حملے کے دوران تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبی 19 فلسطینیوں کی باقیات نکالی گئیں۔

غزہ سول ڈیفنس کے باڈی ریکوری پراجیکٹ کے ایگزیکٹو سپروائزر محمد ابو دان کے مطابق مخصوص مقام پر تلاشی اور لاشوں کی بازیابی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد خصوصی یونٹس غزہ شہر کے دوسرے علاقے میں منتقل ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی لاشوں کی بازیابی کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا حصہ ہے، جو 19 جولائی کو شروع کیا گیا تھا۔ منصوبے کے تحت غزہ میں تباہ شدہ 147 گھروں کے ملبے تلے موجود ایک ہزار 72 لاشوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ ریسکیو کارروائیاں انتہائی محدود وسائل کے ساتھ جاری ہیں، جن میں ایک کھدائی کرنے والی مشین، ایک بلڈوزر اور ایک ٹرک شامل ہیں، جبکہ بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کی جانب سے بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...