اسرائیلی فورسز جنوبی لبنان میں گھروں کو تباہ اور نذرِ آتش کر رہی ہے: لبنانی میڈیا

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خبر دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جنوبی لبنان کے قصبوں مجدل زون اور منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور نذرِ آتش کرنے کی کارروائیاں کی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے لبنانی خبر رساں ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے منصوری پر دو فضائی حملے کیے جبکہ صور شہر سے بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے منصوری کے رہائشیوں کے لیے جبری انخلا کا حکم جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے جنوبی لبنان کے حالیہ دورے کے دوران اسرائیلی افواج کی وہاں موجودگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فورسز علاقے میں موجود تمام گھروں کو مسمار کر رہی ہیں۔

دوسری جانب لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ان گھروں کی منظم مسماری بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ادھر امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اسرائیل امریکی ثالثی میں طے پائے جانے والے اس معاہدے کی پاسداری کرے گا جس کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا ضروری ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ لبنان کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...