شارجہ میں عالمی لائبریری کانفرنس کا آغاز، دنیا بھر سے 400 ماہرین کی شرکت

شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں 13ویں شارجہ انٹرنیشنل لائبریری کانفرنس کا آغاز ہوگیا، جس میں دنیا کے 16 ممالک سے 400 لائبریری ماہرین، ماہرین تعلیم، محققین اور علمی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔

کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کتب خانوں کے مستقبل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، شارجہ بک اتھارٹی اور امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ یہ عالمی کانفرنس 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں شارجہ بک اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو احمد بن رکاض العامری نے شرکت کی، جبکہ امریکن لائبریری ایسوسی ایشن کی سابق صدر سام ہلمک نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

احمد بن رکاض العامری نے کہا کہ کتب خانوں نے انسانی تہذیب، علمی ترقی اور نسل در نسل علم کی منتقلی میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو صرف ماضی کا علم منتقل کرنا کافی نہیں، بلکہ نوجوانوں کو معلومات پر سوال اٹھانے، تحقیق کرنے اور علم کی نئی سرحدیں عبور کرنے کی صلاحیت دینا بھی ضروری ہے۔

کانفرنس میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال، ڈیجیٹل معلومات کی درستگی اور قارئین کو قابل اعتماد علمی وسائل فراہم کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، سام ہلمک نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں معلومات کی کثرت اور الگورتھمز کے اثرات کے باعث کتب خانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، انہوں نے معلومات تک مساوی رسائی، قارئین کی رازداری اور مختلف نقطہ ہائے نظر تک رسائی کی اہمیت اجاگر کی۔

مصر کی اسکندریہ لائبریری کی نمائندہ ہاجر نجدی نے مصنوعی ذہانت سے متعلق عوامی آگاہی کے تجربات پیش کرتے ہوئے کہا کہ صرف نئی ٹیکنالوجی استعمال کرنا سکھانا کافی نہیں، بلکہ اس کے نتائج کی درستگی جانچنا اور اخلاقی پہلوؤں کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔

کانفرنس کے مختلف اجلاسوں میں طلبہ کی کاروباری صلاحیتوں، قیادت، مالیاتی آگاہی اور عملی تعلیم کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ متحدہ عرب امارات کے ماہر ڈاکٹر وسام یوسف مصلح نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے پڑھنے کی رفتار، توجہ اور فہم جانچنے والے نظام کا تعارف پیش کیا۔

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ جدید کتب خانوں کو صرف کتابوں کے ذخیرے تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں تحقیق، ٹیکنالوجی، تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی ترقی کے فعال مراکز میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...