امریکا نے یورپ سے سکیورٹی معاہدے کیلئے روس سے تجاویز طلب کر لیں، ایگزیوس
ماسکو: (دنیا نیوز) امریکا نے یورپ کے ساتھ سکیورٹی معاہدے کے امکانات پر روس سے تجاویز طلب کر لی ہیں، امریکی ایلچی جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف آج ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن چاہتا ہے کہ روس یورپ کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات تجویز کرے اور یوکرین مذاکرات میں یورپی ممالک کو بھی شامل کرنے پر آمادہ ہو، امریکی ایلچی ماسکو کے دورے کے بعد ڈبلن میں یوکرینی صدر سے بھی ملاقات کریں گے۔
امریکی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے مذاکرات اور یورپ و روس کے درمیان نئے سکیورٹی نظام پر بیک وقت بات چیت آگے بڑھائی جائے، تاہم نئے سکیورٹی معاہدے پر عمل درآمد یوکرین جنگ کے خاتمے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
ایگزیوس کے مطابق روس بھی یورپ کے ساتھ سکیورٹی معاہدہ کرنے کا خواہاں ہے، لیکن اس معاہدے کے خدوخال پر اختلافات موجود ہیں۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن یورپی ممالک اور یوکرین کی رضامندی کے بغیر روس کے ساتھ کوئی سکیورٹی معاہدہ نہیں کرے گا۔
یورپ کی سلامتی سے متعلق معاملات میں روس کو ویٹو کا اختیار بھی نہیں دیا جائے گا، امریکی کوشش ہے کہ یورپی نمائندوں کو یوکرین مذاکرات میں شامل کرکے مستقبل کے سکیورٹی انتظامات پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments