امریکی، چینی اور روسی صدور کی چین میں تاریخی ملاقات، سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے پر زور
شینزن: (دنیا نیوز) چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان سہ فریقی ملاقات جاری ہے، جسے تینوں رہنماؤں نے غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
اس تاریخی ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ مذاکرات تاریخی نوعیت کی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت واقعی تاریخ رقم کر رہی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں، روسی صدر کے ساتھ ملاقات کے دوران ٹرمپ نے پوتن کو اپنا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔
شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین دونوں یوکرین جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، امریکا ، چین اور روس دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور وہ زمین پر موجود جوہری ہتھیاروں کی تعداد کم کرنے کے طریقوں پر بات چیت کے لیے منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں جوہری پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تعاون انتہائی ضروری ہے، ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے، یوکرین جنگ پر پوتن کے ساتھ پہلے ہی طویل گفتگو ہو چکی ہے اور انھیں امید ہے کہ روس سمیت تمام متعلقہ فریق اس جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہوں گے۔
ادھر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس، چین اور امریکا اگر تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، اقوام متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک پر بین الاقوامی قانون کے نظام کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط ایک ضرورت ہیں، آج کی دنیا ایک ایسا عالمی گاؤں بن چکی ہے جہاں تمام اقوام کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، اور عالمی طاقتوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
شی جن پنگ نے روس، چین اور امریکا پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کے ذریعے دنیا کے لیے مثال قائم کریں۔
چین نے سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حساس معاملات پر اختلافات سے بچنے کے لیے ہنگامی رابطہ کاری کا نظام قائم کرنا ضروری ہے، بڑی طاقتوں کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور حساس معاملات میں ریڈ لائنز کا احترام کرنا چاہئے۔
صدر شی جن پنگ نے کہا کہ تجارتی روابط منقطع کرنے کی پالیسی سے گریز کرنا چاہئے، تنازعات و اختلافات کو مذاکرات سے حل کرنا چاہئے، ایٹمی جنگ جیتی نہیں جاسکتی اور نہ ہی ہونی چاہئے، جوہری ہتھیاروں پر مکمل پابندی کے لیے کوشش کی جائے، تینوں ممالک عالمی توانائی کی فراہمی کے نظام کے استحکام کے لیے رابطے اور تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
یہ امریکا ، چین اور روس کے سربراہان کی تاریخ کی پہلی سہ فریقی سربراہ ملاقات ہے، جو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) اجلاس کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments