غزہ:مزید25شہید ،ایمبولینسز پر اسرائیلی فائرنگ،9لاپتا

غزہ (اے ایف پی )غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مختلف اسرائیلی حملوں میں 25 افراد شہید ،60زخمی ہو گئے ۔۔
18 مارچ سے جاری تازہ اسرائیلی کارروائیوں میں شہادتوں کی تعداد نو سواکیس سے تجاوز کر گئی ہے ۔ترجمان حماس کا کہنا تھا جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی شہادتیں 50ہزار277تک پہنچ چکی ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں مشکوک گاڑیاں سمجھ کر چند ایمبولینسز پر غلطی سے فائرنگ کی تھی، حماس نے واقعے کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں کم از کم ایک شخص شہید ،9لاپتا ہو گئے ۔یہ واقعہ مصر کی سرحد کے قریب جنوبی شہر رفح کے علاقے تل السلطان میں پیش آیا۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امداد کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ 18 مارچ سے اب تک 'اسرائیلی فضائی حملوں میں سینکڑوں بچے اور دیگر عام شہری مارے جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے غزہ کے کئی علاقوں میں شہریوں کو اپنے گھروں سے فوری طور پر انخلا کا حکم دیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے عبسان، القرارہ اور خربہ الخزاعہ کے رہائشیوں کو المواصی کے مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بمباری سے پہلے حتمی انتباہ ہے ۔