خواتین کیلئے آن لائن روزگارکے سنہری مواقع
دورِ جدید میں انٹرنیٹ نہ صرف رابطے کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے بلکہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے والا ایک طاقتور پلیٹ فارم بھی ہے۔ خصوصاً گھریلو خواتین کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے گھریلو فرائض کے ساتھ ساتھ آن لائن طریقے سے کمائی کر کے مالی خودمختاری حاصل کریں۔
بہت سی خواتین تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود گھریلو مصروفیات یا سماجی پابندیوں کی وجہ سے ملازمت نہیں کر پاتیں، ایسے میں آن لائن روزگار ایک بہترین حل ہے۔انٹرنیٹ نے گھریلو خواتین کے لیے روزگار کے ایسے دروازے کھول دیے ہیں جن کے بارے میں ماضی میں سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔ صرف ایک موبائل فون، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کنکشن کی مدد سے خواتین اپنی مہارتوں کو آمدنی میں بدل سکتی ہیں۔ البتہ اس سفر میں صبر، مستقل مزاجی اور وقت کی اچھی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ حکومت، تعلیمی ادارے اور فلاحی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ وہ گھریلو خواتین کو آن لائن ہنر سکھانے کے لیے تربیتی کورسز اور سہولیات فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین معاشی خودمختاری حاصل کر سکیں۔ یہاں ہم کچھ اہم آن لائن آمدنی کے آئیڈیا شیئر کر رہے ہیں جو گھریلو خواتین نہایت آسانی سے اپنا سکتی ہیں۔
فری لانسنگ
فری لانسنگ دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول آن لائن کمائی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ گھریلو خواتین اپنی صلاحیتوں کے مطابق مختلف ویب سائٹس جیسے Upwork، Fiverr، Freelancer یا PeoplePerHour پر اپنا پروفائل بنا کر کام حاصل کر سکتی ہیں۔ یہ کام گرافک ڈیزائننگ، کانٹینٹ رائٹنگ، ٹرانسلیشن، ویڈیو ایڈیٹنگ یا ڈیٹا انٹری وغیرہ پر مشتمل ہو سکتے ہیں۔ اگر کوئی خاتون انگریزی یا اردو میں لکھنے کی ماہر ہے تو وہ بلاگز، مضامین یا ویب سائٹس کے لیے مواد تیار کر کے معقول آمدنی حاصل کر سکتی ہے۔
آن لائن ٹیوشن
تعلیم یافتہ خواتین آن لائن ٹیچنگ کے ذریعے بھی پیسے کما سکتی ہیں۔ وہ زوم (Zoom)، گوگل میٹ یا (Google Meet) جیسے پلیٹ فارمز پر بچوں کو پڑھا سکتی ہیں۔ خاص طور پر سکول، کالج ، کمپیوٹر کورسز اور آن لائن قرآن مجید پڑھانے کی آج کل بہت مانگ ہے۔ اردو، انگریزی، ریاضی، سائنس اور اسلامیات جیسے مضامین سکھانے والی خواتین کو بھی اچھی آمدنی ہو سکتی ہے۔
آن لائن ہنڈی کرافٹس یا فوڈ بزنس
گھریلو خواتین اپنے بنائے ہوئے کرافٹس، کڑھائی والے کپڑے، جیولری یا دیگر دست کاری کو فیس بک، انسٹاگرام یا آن لائن سٹورز پر فروخت کر سکتی ہیں۔ اسی طرح اگر کوئی خاتون اچھا کھانا بناتی ہے تو آن لائن فوڈ ڈلیوری سروسز کے ذریعے آرڈر لے کر فروخت شروع کر سکتی ہے۔ گھر کے بنے ہوئے کھانوں کی مانگ شہروں میں بہت زیادہ ہے۔
یوٹیوب چینل یا وی لاگنگ
اگر کسی خاتون کو کھانا پکانے، کرافٹنگ، فیشن، بیوٹی ٹپس، یا بچوں کی تربیت کے حوالے سے معلومات ہیں تو وہ یوٹیوب پر اپنا چینل بنا سکتی ہیں۔ مستقل اور معیاری مواد فراہم کرنے پر یوٹیوب اشتہارات اور سپانسر شپ کے ذریعے آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ اگر ویڈیوز کی کوالٹی اچھی ہو اور لوگوں کی توجہ حاصل ہو جائے تو یوٹیوب چینل بہت کامیاب ہو سکتا ہے۔
کانٹینٹ رائٹنگ اور بلاگنگ
اردو یا انگریزی زبان میں مہارت رکھنے والی خواتین بلاگ لکھ کر یا مختلف ویب سائٹس کے لیے مواد تیار کر کے اچھی کمائی کر سکتی ہیں۔ بہت سی تعلیمی یا تجارتی ویب سائٹس کو روزمرہ مواد کی ضرورت ہوتی ہے، جن کے لیے وہ فری لانس رائٹرز کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔ بلاگنگ کے ذریعے گوگل ایڈسینس یا سپانسر شدہ پوسٹس سے بھی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے۔
آن لائن سیلنگ یا ای کامرس
خواتین گھریلو مصنوعات، جیسا کہ کپڑے، کچن آئٹمز، بیوٹی پراڈکٹس یا کتابیں آن لائن سیل کر سکتی ہیں۔ فیس بک گروپس، انسٹاگرام پیجز یاآن لائن مارکیٹ پلیسز پر اپنا آن لائن سٹور بنا کر اپنا کاروبار شروع کیا جا سکتا ہے۔
ورچوئل اسسٹنٹ
آج کل دنیا بھر میں بزنس ادارے اور افراد اپنے کاموں کے لیے ورچوئل اسسٹنٹس رکھتے ہیں جو ای میلز چیک کرنے، ڈیٹا ترتیب دینے، سوشل میڈیا مینجمنٹ یا کلائنٹس سے بات چیت جیسے کام کرتے ہیں۔ یہ کام گھر بیٹھے کیا جا سکتا ہے اور اس میں وقت کی لچک بھی ہوتی ہے۔