شاہینوں کا ہوم گرائونڈ پرنیا امتحان
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان:کینگروز23مئی کو اسلام آباد پہنچیں گے، 3ایک روز میچ کھیلے جائیں گے:٭…پاکستان اور آسٹریلیا اب تک 111 ایک روزہ میچ کھیل چکے ہیں۔٭… 71 میچوں میں فتح کینگروز کا مقدر بنی، شاہینوں نے 36 جیتے۔ ٭…4 میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے باضابطہ اعلان نے ملک بھر میں کرکٹ کے دیوانوں کے جوش و خروش کو ایک نئی جلا بخشی ہے۔مہمان کینگروز ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی جہاں وہ میزبان شاہینوں کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہو گی۔ سیریز کا پہلا معرکہ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سجے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں زندہ دلانِ لاہور کے شہر کا رخ کریں گی جہاں 2 اور 4جون کو قذافی سٹیڈیم میں بقیہ دو میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز محض ایک دو طرفہ مقابلہ نہیں بلکہ 2027ء کے ورلڈ کپ کی تیاریوں اور آئی سی سی رینکنگ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے دونوں ٹیموں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے کرکٹ کے تاریخی اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو مجموعی طور پر آسٹریلیا کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ اب تک دونوں ٹیمیں 111 مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آئی ہیں، جن میں سے 71 میچ میں فتح کینگروز کا مقدر بنی جبکہ شاہینوں نے 36 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور 4 میچ کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے۔ تاہم یہ اعداد و شمار حالیہ برسوں میں پاکستان کی بدلتی ہوئی کارکردگی اور ہوم گرائونڈ پر ان کی مضبوط گرفت کی مکمل عکاسی نہیں کرتے۔ پاکستان نے حالیہ برسوں میں ثابت کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر کسی بھی بڑی ٹیم کو زیر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جس کی واضح مثال 2022ء میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں 2-1 سے کامیابی تھی۔نفسیاتی طور پر اس وقت پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا پر واضح برتری حاصل ہے، کیونکہ رواں سال کے آغاز میں کھیلی گئی تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 3-0 سے وائٹ واش کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ اگرچہ آسٹریلیا نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء میں انگلینڈ کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں شاندار فتح حاصل کی تھی، لیکن پاکستان کی سپن بائولنگ اور ریورس سوئنگ کے سامنے ان کے بلے باز اکثر مشکلات کا شکار نظر آتے ہیں۔
آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تازہ ترین تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے فائنل مراحل اور کھلاڑیوں کی دستیابی کے باعث آسٹریلوی اسکواڈ میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ آئی پی ایل کا پہلا مرحلہ 24 مئی کو ختم ہو رہا ہے جبکہ فائنل 31 مئی کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا، جس کی وجہ سے 23 مئی کو اسلام آباد پہنچنے والے آسٹریلوی سکواڈ میں کئی بڑے ناموں کی کمی محسوس کی جائے گی۔ تاہم ’’ لکھن سپر جائنٹس‘‘ کی حالیہ ناکامیوں کے بعد کپتان مچ مارش، جوش انگلس اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کیمرون گرین کے پہلے ون ڈے سے قبل پاکستان پہنچنے کے قوی امکانات ہیں، کیونکہ ان کی ٹیموں کے پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں کم نظر آتی ہیں۔
دوسری جانب، کوپر کونیلی، زیویئر بارٹلیٹ اور میتھیو شارٹ جیسے کھلاڑی جن کی ٹیمیں آئی پی ایل کے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کر سکتی ہیں، وہ براہ راست بنگلہ دیش میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مستقل کپتان پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے، جبکہ ٹریوس ہیڈ بھی اگست میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے آرام کر سکتے ہیں۔ مچ مارش کی جلد آمد کی صورت میں وہ قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ ایڈم زیمپا، مارنس لبوشین اور ایلکس کیری جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی شرکت یقینی ہے۔
اس دورے کیلئے نیتھن ایلس انجری کے بعد واپس آ رہے ہیں جبکہ میتھیو رینشا اور نوجوان کھلاڑیوں جیسے اولی پیک اور نکھل چوہدری کو بھی سکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا کو رواں سال جنوری میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے کینگروز کیلئے یہ سیریز اپنی ساکھ بحال کرنے کا بہترین موقع ہو گی۔
مئی اور جون کی شدید گرمی بھی مہمان کھلاڑیوں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہوگی، جبکہ پاکستانی کھلاڑی ان حالات میں کھیلنے کے عادی ہیں، جو میزبان ٹیم کیلئے ایک اضافی فائدہ ثابت ہو سکتا ہے۔
تکنیکی اعتبار سے دیکھا جائے تو راولپنڈی کی وکٹ عام طور پر بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی ہے جہاں شائقین کو ہائی سکورنگ میچ دیکھنے کو مل سکتا ہے، جبکہ لاہور کی پچز کھیل کے آخری لمحات میں سپنرز کو مدد فراہم کرتی ہیں۔ تمام میچ شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے، جس کا مطلب ہے کہ شام کے وقت اوس (Dew)کا عنصر بھی ٹاس جیتنے والی ٹیم کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔
اگر پاکستان نے اپنی حالیہ فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھا اور فیلڈنگ کے شعبے میں بہتری دکھائی، تو یہ سیریز کینگروز کیلئے ایک کڑا امتحان ثابت ہوگی۔ شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ یہ سیریز نہ صرف معیاری کرکٹ فراہم کرے گی بلکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ میں مزید معاون ثابت ہوگی۔