خلائی سوٹ کیوں ضروری ہے؟
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ خلا باز جب زمین سے دور خلا میں جاتے ہیں تو وہ خاص قسم کا لباس کیوں پہنتے ہیں؟ خلائی سوٹ خلا بازوں کو خلا کے خطرناک ماحول سے محفوظ رکھتا ہے۔
خلائی سوٹ کئی حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کا ہیلمٹ خلا باز کے سر اور چہرے کی حفاظت کرتا ہے، جبکہ دستانے ہاتھوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔ سوٹ میں آکسیجن کی فراہمی، درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرنے کا نظام بھی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ رابطے کا آلہ خلا باز کو اپنے ساتھیوں اور خلائی اسٹیشن سے بات کرنے میں مدد دیتا ہے۔خلائی سوٹ کا ایک اہم کام جسم کو شدید سردی اور گرمی سے بچانا بھی ہے۔
جب خلا باز خلائی اسٹیشن سے باہر نکل کر اس کی مرمت کرتے ہیں، سائنسی تجربات انجام دیتے ہیں یا آلات نصب کرتے ہیں تو انہیں خلائی سوٹ پہننا پڑتا ہے۔ یہ سوٹ انہیں خلا میں تیرتے ہوئے اپنے کام انجام دینے اور محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔اگر کوئی خلا باز بغیر خلائی سوٹ کے باہر نکل جائے تو وہ زندہ نہیں رہ سکے گا۔ خلائی سوٹ خلا باز کو سانس لینے کیلئے آکسیجن فراہم کرتا ہے۔
بچو! خلائی سوٹ سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کا ایک حیرت انگیز کارنامہ ہے۔ یہ انسان کو زمین سے دور ایک ایسی دنیا میں تحقیق کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جہاں زندگی کیلئے ضروری سہولتیں قدرتی طور پر موجود نہیں۔ اسی حفاظتی لباس کی مدد سے خلا باز کائنات کے نئے راز دریافت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments