صحابہ کرام ؓکی عظمت
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم: عمل کا نمونہ اور امت کیلئے مشعلِ راہ ’’اور مہاجرین و انصار میں سے جو لوگ سب سے پہلے ایمان لانے والے ہیں اور جنہوں نے نیکی کے ساتھ ان کی پیروی کی، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے‘‘(سورۃ التوبہ: 100)
اسلام ایک مکمل دین ہے جو عقائد و اعمال سمیت زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ دین کو صحیح طور پر سمجھنے کیلئے قرآن و سنت کی پیروی ضروری ہے، لیکن ان تعلیمات کو سمجھنے میں صحابہ کرام ؓکو خصوصی مقام حاصل ہے، کیونکہ انہوں نے نبی کریمﷺ سے براہِ راست دین سیکھا اور اسے امت تک پہنچایا۔ اسی لیے عقائد ہوں یا اعمال، صحابہ کرامؓ کے ایمان اور ان کے طریقے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
عقائد میں صحابہ کرامؓ کا معیار
اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتے ہیں: ’’پھر اگر وہ بھی اسی طرح ایمان لے آئیں جس طرح تم ایمان لائے ہو تو یقیناً وہ ہدایت پا جائیں گے‘‘ (سورۃ البقرہ: 137)۔ ہدایت کے راستے کو سمجھنے میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ایمان کو اہمیت حاصل ہے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو رسول اللہﷺ کی براہِ راست صحبت اور تربیت نصیب ہوئی، جو ان کیلئے خصوصی فضیلت ہے۔ بعد میں آنے والے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام بنیادی عقائد پر ایمان لائیں جنہیں رسول اللہﷺ نے دین کے طور پر پیش فرمایا اور صحابہ کرامؓ نے قبول کیا۔ اس طرح دین کے بنیادی عقائد میں اپنی طرف سے کمی بیشی کرنے کے بجائے قرآن و سنت کی تعلیمات کو صحابہ کرامؓ کے فہم کی روشنی میں سمجھنا چاہیے۔
اعمال میں صحابہ کرامؓ کی پیروی
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں: ’’اور مہاجرین و انصار میں سے جو لوگ سب سے پہلے ایمان لانے والے ہیں اور جنہوں نے نیکی کے ساتھ ان کی پیروی کی، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے، اور اللہ نے ان کیلئے ایسے باغات تیار کر رکھے ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں، وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے۔ یہی بڑی کامیابی ہے‘‘(سورۃ التوبہ: 100)۔
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے مہاجرین و انصار میں سے سبقت لے جانے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور نیکی کے ساتھ ان کی پیروی کرنے والوں کے لیے اپنی رضا اور جنت کی خوشخبری بیان فرمائی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ دین پر عمل کرنے میں صحابہ کرامؓ کے طریقے کو سامنے رکھنا چاہیے اور اپنی زندگی کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھالنا چاہیے۔
صحابہ کرامؓ کی عظمت
رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرامؓ کی عظمت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’میرے صحابہؓ کو برا نہ کہو، اگر تم میں سے کوئی شخص اُحد پہاڑ کے برابر سونا بھی خرچ کرے تو وہ ان کے ایک مُد، بلکہ اس کے نصف کے برابر بھی نہیں پہنچ سکتا‘‘۔(صحیح بخاری: 3673)
اس حدیث سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت اور خصوصی فضیلت واضح ہوتی ہے۔ انہوں نے رسول اللہﷺ کا ساتھ دیا، دین کی خاطر قربانیاں دیں اور اسلام کی اشاعت و حفاظت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ اس لیے ان سے محبت رکھنا، ان کا احترام کرنا اور ان کی شان کے خلاف گفتگو سے بچنا ضروری ہے۔
دین کو سمجھنے میں صحابہ کرامؓ کی اہمیت
حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے مروی ایک روایت میں نجات پانے والی جماعت کے طریقے کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا: ’’وہ طریقہ جس پر میں اور میرے صحابہؓ ہیں‘‘۔ (جامع الترمذی: 2641)۔ اس روایت سے رسول اللہﷺ اور صحابہ کرامؓ کے طریقے کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ دین کو محض ذاتی رائے یا خواہش کی بنیاد پر سمجھنے کے بجائے قرآن و سنت اور صحابہ کرامؓ کے فہم سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
صحابہ کرامؓ کی عدالت اور احترام
اہل السنت والجماعت کے نزدیک صحابہ کرام رضی اللہ عنہم عادل اور قابلِ اعتماد ہیں۔ ان کی عدالت کا مطلب یہ ہے کہ دین کی روایت و نقل میں ان کی دیانت و امانت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ تاہم انبیائے کرام علیہم السلام کی عصمت اور صحابہ کرامؓ کی عدالت دو الگ اصطلاحات ہیں۔
صحابہ کرامؓ سے اجتہادی خطا یا بشری لغزش کا امکان تسلیم کرنے کے باوجود ان کی توہین اور بے ادبی جائز نہیں۔ صحابہ کرامؓ کے باہمی اختلافات کو سمجھنے میں علم، تحقیق اور ادب ضروری ہیں۔ ان کے مقام و مرتبے اور دین کیلئے ان کی قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے گفتگو کرنی چاہیے۔
ہماری ذمہ داری
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے رسول اللہ ﷺ سے دین سیکھا اور اسے امت تک پہنچایا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی سیرت کا مطالعہ کریں، ان سے محبت رکھیں، ان کا احترام کریں اور دین کو سمجھنے میں ان کے فہم و طریقے سے رہنمائی حاصل کریں۔ عقائد و اعمال میں قرآن و سنت کی پیروی اور صحابہ کرامؓ کے علمی و عملی ورثے سے وابستگی ہماری دینی زندگی کیلئے اہم ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ان کی عظمت کو پہچانیں، ان کی خدمات کو یاد رکھیں اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments