علی گڑھ تحریک کی ادبی معنویت
اردو ادب میں بہت سی تحریکیں وجود میں آئیں لیکن علی گڑھ تحریک ان تمام تحریکوں میں اپنی انفرادی شان رکھتی ہے۔
خلیق احمد نظامی اپنی کتاب سرسید اور علی گڑھ تحریک کے دیباچہ میں لکھتے ہیں کہ ہندوستان کے مسلمانوں کی گزشتہ ڈیڑھ سو سال کی فکری، علمی، سماجی، مذہبی، سیاسی اور ادبی تاریخ کا شاید ہی کوئی ایسا گوشہ ہو جس پر سرسید اور علی گڑھ تحریک بلا واسطہ یا بالواسطہ اپنے اثرات نہ چھوڑے ہوں۔ سرسید اور ان کے رفقا کے لیے مدرسۃ العلوم ایک تعلیمی درس گاہ، نئے فکری رجحانات کی ایک علامت احیائے ملی کی ایک تحریک کا نام تھا۔ یہاں ’آدم گری‘ بھی ہوتی تھی اور تعمیر ملت کا سامان بھی مہیا کیا جاتا تھا۔ یہاں وقت کے اشاروں کو سمجھنا بھی سکھایا جاتا تھا اور اس کے دھاروں کو موڑنے کی صلاحیت بھی پیدا کی جاتی تھی۔ سرسید کی بلند حوصلگی، عزم راسخ خلوص نیت اور جہد مسلسل نے اس مشکل اور متنوع کام کو ایک تحریک کی شکل دے دی تھی زمانے کے پیچ و خم کے ساتھ تحریک کے خد و خال بھی بدلتے رہے لیکن سرسید کے افکار کی معنویت ہر دور کے لیے بڑھتی ہی رہی۔
علی گڑھ تحریک ایک اہم تحریک تھی اس سے ادبی تحریک کو تقویت حاصل ملتی رہی ہے، سائنٹفک سوسائٹی، محمڈن ایجوکیشنل کانفرنس، تہذیب الاخلاق، اور ایم او کالج کے بہی خواہوں نے تحریر و تخلیق پر اتنا زور دیا کہ جس کی وجہ سے شعر و ادب کا ایک معیار سامنے آگیا۔ سرسید احمد خاں نے زندگی کے آخری ایام کو ایم او کالج کے لیے وقف کردیا تھا۔ علی گڑھ تحریک کو با آسانی سمجھنے کے لیے اس کی فکری بنیادو ں کو چار حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔علی گڑھ کی پہلی فکری بنیاد مادیت اور ترقی پر تھی۔ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ 1857ء کی جنگ آزادی میں ہندوستان کی شکست ہوئی، جس کا خمیازہ ہندوستانی مسلمانوں کو زیادہ اٹھانا پڑا۔ اس کی وجہ سے ہندوستانی مسلمانوں کو معاشی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مالی پریشانیاں قدم قدم پر آنے لگیں ، ان مشکلات کا حل سرسید احمد خاں نے ڈھونڈنا شروع کردیا، آخرکار اس نتیجے پر پہنچے کہ ہندوستانی مسلمان انگریزی حکومت سے مقابلہ آرائی کے بجائے ان کا ساتھ دیں کیونکہ قوم کے پاس اتنی طاقت نہیں تھی کہ انگریزی حکومت کا مقابلہ کرتے اور سرسید نے یہ واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ مادی خوشحالی مغربی علوم و فنون کو حاصل کیے بغیر نہیں کی جاسکتی ہے۔سرسید احمد خاں نے علم کے قدیم تصور کو رد کیا ہے ان کا خیال تھا ایسا علم حاصل کیا جائے جس سے قوم کی ترقی ہو اور معاشی زندگی میں دشواریاں نہ پیش آئیں۔
علی گڑھ تحریک کی دوسری بنیادی فکر اجتماعیت پر تھی۔ سرسید نے اجتماعیت پر اس لیے زور دیا کہ انفرادی کوشش سے کسی مسئلہ کا حل ممکن نہیں ہے اور ان کا ماننا تھا کہ یہ زمانہ انفرادی کوشش کا نہیں ہے وہ پوری قوم کو متحرک رکھنا چاہتے تھے۔سرسید کے خیال میں تصور اجتماعیت میں دو تصورات آتے ہیں ، ایک تصور تعلیم جو انفرادی کے بجائے اجتماعی ہونا چاہیے۔ وہ کہتے تھے سماج کو ذہنی طور پر آزاد ہونا چاہیے اور اجتماعی طور پر ارتقا کی منازل طے کرنے میں منہمک رہنا چاہیے۔ سرسید تصور تعلیم کو بہت وسیع معنوں میں لیتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے انفرادی تعلیم کے بالمقابل قومی تعلیم کا تصور پیش کرنے میں تامل نہیں کیا۔ انہوں نے انفرادی کوششوں کو لغو بھی قرار دیا ہے۔ سرسید نے ایک مرتبہ اپنے لکچر میں کہا تھا کہ ’’تعلیم و تربیت کی مثال کمہار کے آوے کی سی ہے کہ جب تک تمام کچے برتن بہ ترتیب ایک جگہ نہیں چنے جاتے اور ایک قاعدہ دان کمہار کے ہاتھ سے نہیں پکائے جاتے کبھی نہیں پکتے۔پھر اگر تم چاہو کہ ایک ہانڈی کو آوے میں رکھ کر پکالو ہرگز درستی سے نہیں پک سکتی۔
مولانا شبلی نعمانی لکھتے ہیں ’’سرسید کے جس قدر کارنامے ہیں اگرچہ رفارمیشن اور اصلاح کی حیثیت ہر جگہ نظر آتی ہے لیکن جو چیزیں خصوصیت کے ساتھ ان کی اصلاح کی بدولت ذرہ سے آفتاب بن گئیں ان میں ایک اردو لٹریچر بھی ہے۔ سرسید ہی کی بدولت اردو اس قابل ہوئی کہ عشق و عاشقی کے دائرہ سے نکل کر ملکی، سیاسی، اخلاقی تاریخی ہر قسم کے مضامین اس زور و اثر وسعت و جامعیت سادگی اور صفائی سے ادا کرسکتی ہے کہ خود اس کے استاد یعنی فارسی زبان کو آج تک یہ بات نصیب نہیں۔ ملک میں آج بڑے بڑے انشاپرداز موجود ہیں جو اپنے اپنے مخصوص دائرہ مضمون کے حکمران ہیں لیکن ان میں سے ایک شخص بھی نہیں جو سرسید کے بار احسان سے گردن اٹھا سکتا ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments