ہیئر ڈرائر، سٹریٹنر اور کرلر سے بالوں کو ہونے والے نقصان سے بچیں
آج کے دور میں خوبصورت، گھنے، چمکدار اور سٹائلش بال ہر کسی کی خواہش ہوتے ہیں۔ خواتین اور لڑکیاں اپنے بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف طریقے اپناتی ہیں۔ ان میں ہیئر ڈرائر، ہیئر سٹریٹنر اور کرلر کا استعمال خاص طور پر عام ہے۔
یہ برقی آلات کم وقت میں بالوں کو مطلوبہ انداز اور خوبصورتی فراہم کرتے ہیں لیکن ضرورت سے زیادہ اور غلط استعمال بالوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
حرارت سے بالوں کو ہونے والے نقصانات
ہیئر ڈرائر، سٹریٹنر اور کرلر کے زیادہ استعمال سے بالوں کی بیرونی حفاظتی تہہ متاثر ہونے لگتی ہے۔ اس کے نتیجے میں بالوں کی قدرتی نمی کم ہو جاتی ہے اور وہ خشک، کھردرے اور بے جان دکھائی دینے لگتے ہیں۔سٹریٹنر اور کرلر کا زیادہ درجہ حرارت بالوں میں موجود پروٹین کی ساخت کو بھی متاثر کر تا ہے جبکہ ہیئر ڈرائر کو بہت زیادہ گرم ہوا پر استعمال کرنے سے بالوں کی نمی متاثر ہوتی ہے۔ بعض اوقات بالوں کے سِرے دو شاخہ ہو جاتے ہیں۔ مسلسل حرارت کا استعمال بالوں کی لچک بھی کم کر دیتا ہے اور ان کی مجموعی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔
ہیئر ڈرائر، سٹریٹنر اور کرلر کا درست استعمال
بالوں کو نقصان سے بچانے کا سب سے مؤثر طریقہ ان آلات کا درست استعمال ہے۔ ہیئر ڈرائر استعمال کرتے وقت کوشش کریں کہ بالوں کو پہلے تولیے سے آہستہ آہستہ خشک کر لیں۔ گیلے بالوں کو زور سے رگڑنے کے بجائے نرم تولیے سے پانی جذب کریں۔ ڈرائر کو بالوں سے تقریباً چھ سے آٹھ انچ کے فاصلے پر رکھیں اور درمیانی یا کم حرارت پر استعمال کریں۔ اسے ایک جگہ مسلسل رکھنے کے بجائے حرکت دیتے رہیں تاکہ کسی ایک حصے پر زیادہ گرمی نہ پڑے۔ہیئر سٹریٹنر اور کرلر استعمال کرنے سے پہلے بالوں کا مکمل خشک ہونا ضروری ہے۔ گیلے بالوں پر ان آلات کا استعمال زیادہ نقصان پہنچا سکتا ہے۔ سٹریٹنر کو بار بار ایک ہی حصے پر چلانے سے گریز کریں اور مناسب درجہ حرارت منتخب کریں۔
ہیٹ پروٹیکشن اور بالوں کی دیکھ بھال
بالوں کو حرارت سے محفوظ رکھنے کے لیے ہیٹ پروٹیکشن سپرے، کریم یا سیرم کا استعمال بہت اہم ہے۔ یہ مصنوعات بالوں پر ایک حفاظتی تہہ بنا دیتی ہیں جس سے حرارت کے براہِ راست اثرات کم ہو تے ہیں۔ اس لیے سٹریٹنر، کرلر یا ڈرائر استعمال کرنے سے پہلے بالوں کی نوعیت کے مطابق مناسب ہیٹ پروٹیکٹنٹ لگانا چاہیے۔ بالوں کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی ان کی صحت کے لیے اہم ہے۔ ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ بالوں کی مناسبت سے کنڈیشنر یا موئسچرائزنگ ہیئر ماسک استعمال کریں۔ شیمپو کا انتخاب اپنے بالوں کی نوعیت کے مطابق کریں اور بالوں کو غیر ضروری طور پر بار بار دھونے سے گریز کریں۔ بالوں کے سِروں کی تراش خراش بھی ضروری ہے تاکہ دو منہ والے بالوں کا مسئلہ کم کیا جا سکے۔ متوازن غذا، مناسب پانی اور پروٹین سے بھرپور خوراک بھی بالوں کی صحت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
قدرتی انداز اپنائیں اور حرارت کا استعمال کم کریں
بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے ہر وقت برقی آلات کا استعمال ضروری نہیں، قدرتی انداز اپنانے سے بھی بال دلکش اور خوبصورت دکھائی دے سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر بالوں کو قدرتی طور پر خشک ہونے دیں، نرم چوٹی بنائیں یا بغیر حرارت والے رولرز کی مدد سے ہلکے کرل بنائیں۔ اسی طرح بالوں کو سیدھا دکھانے کے لیے مناسب برش اور قدرتی سٹائلنگ کے طریقے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔کوشش کریں کہ روزانہ سٹریٹنر یا کرلر استعمال نہ کریں بلکہ خاص مواقع پر ہی ان سے فائدہ اٹھائیں۔ہیئر ڈرائر، اسٹریٹنر اور کرلر جدید دور میں بالوں کو خوبصورت بنانے کے آسان اور مؤثر ذرائع ہیں لیکن ان کا غیر ضروری اور غلط استعمال بالوں کی صحت کو متاثر کر سکتا ہے۔ خوبصورت بالوں کے لیے صرف سٹائلنگ کافی نہیں بلکہ ان کی قدرتی نمی، مضبوطی اور چمک برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔ ہیٹ پروٹیکشن مصنوعات کا استعمال، مناسب درجہ حرارت کا انتخاب، قدرتی طریقوں کو ترجیح دینا چاہیے۔ حقیقی خوبصورتی صحت مند بالوں میں ہے، اس لیے سٹائل کے ساتھ ان کی حفاظت کو بھی ہمیشہ ترجیح دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments