پروین شاکرکی علامت نگاری
پروین شاکر (24نومبر1952ء۔ 26دسمبر1994ء) کی مختصر زندگی میں ان کے پانچ شعری مجموعے ’’خوشبو‘‘(1976ء) ’’صدبرگ‘‘(1980ء )، ’’خود کلامی‘‘ 1980ء اور’’ انکار’’ 1990 ء میں شائع ہوئے۔
اس کے علاوہ کفِ آئینہ ان کی وفات کے بعد سامنے آیا۔پروین شاکرسچے جذبوں کی شاعرہ ہیں ۔اپنے گرد و پیش کو بغوردیکھتی اور محسوس کرتی ہیں۔ ان کی دلکش اور سحر انگیز شعروشاعری نے اردو ادب کے ذخیرہ الفاظ اور معنویت کے نظام کو نئے آہنگ سے روشناس کیا۔ انہوں نے اپنے احساسات کو لفظوں کی ایسی پوشاک عطا کی جس کی بدولت اردو ادب میں نئے، دلکش اور خوبصورت پیرایۂ اظہار کو تقویت ملی۔ اپنے مشاہدے اور تجربے کی روشنی سے الفاظ کے ذریعے لڑی میں پروتی ہیں۔ وہ عورت کو اپنے حدود اور توازن اور اعتدال کے حق میں ہیں، جسے میانہ روی کا راستہ بھی کہا جاتا ہے۔ وہ نا امیدی اور نا آسودگی کو بدلنے کی کوشش میں آخری دم تک مصروف رہی۔ انہوں نے اندھیروں میں امید کی شمعیں روشن کیں، عورت کی مجبوری اور اس کی بے بسی کو اپنی شاعری میں انتہائی خوبصورت انداز میں اتارا۔ ان کی شاعری میں انوکھی تراکیب ملتی ہیں جو اُن کے گہرے مشاہدے کا پتہ دیتی ہیں۔ شاعری کے لیے ضروری ہے کہ وہ زندگی سے بھرپور اور جینے کو سہل بنا دے۔ انسانوں میں قربت کا احساس اور توازن کی فضا کو فروغ دے۔انہی اصولوں پراگر پروین شاکر کی شاعری کو پرکھا جائے تو یہی نتیجہ نکلتا ہے کہ انہوں نے زندگی کی تلخیاں اور بے رخی کے بیان میں امید کا مضبوط سہارا لیا ہے۔ اس حوالے سے وہ صدبرگ میں ’’رزقِ ہوا ‘‘کے عنوان سے کچھ یوں رقم طراز ہیں :شجر کتنا ہی ویران کیوں نہ ہو امید ِبہار پیوستہ ہے۔ پھول کتنا ہی پامال کیوں نہ ہو اچھے دنوں پر یقین کرنے والے کوئی نہ کوئی اچھا شگون لے ہی لیتے ہیں۔ صد برگ بھی تمام تر ریزہ ریزہ ہونے کے باوصف اسی یقین پر مہر اثبات ہے۔
علامتیں اردو شاعری میں ایک عرصے سے مستعمل ہیں، شعرا نے اس کا استعمال کرکے شاعری کے کینوس کو وسعت بخشی ہے اور زبان کو وسعت دینے میں علامت نگاری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ علامت عام لفظ کو بھی ایسی توانائی بخشتی ہے کہ وہ لفظ کئی لحاظ سے اہم بن جاتا ہے۔ اس میں جامعیت آجاتی ہے۔ ہم یہ بھی کہہ سکتے ہیں ہیں کہ علامت سے گزر کر لفظ عام سے خاص بن جاتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی بات کی جائے تو یہاں بہت سے ایسے الفاظ ہیں جو فنکارانہ استعمال کی بدولت نئے اور منفرد مفاہیم دینے لگ جاتے ہیں۔ اس سے زبان میں وسعت کا احساس جنم لیتا ہے۔ علامت تشبیہ،تلمیح ،استعارہ اور محاورہ وغیرہ کی نسبت اعلیٰ و ارفع خصوصیت رکھتا ہے۔ علامت محض لفظی بازیگری نہیں بلکہ اس میں فنکار اپنے فن کو باور کرانے کی بجائے خیال اور ہمہ گیر وجدان کے اظہار کا وسیلہ بنا کر استعمال میں لاتے ہیں۔جہاں تک علامتوں کے استعمال کا تعلق ہے تو اس کے لیے کوئی مخصوص الفاظ استعمال میں نہیں لائے جاتے بلکہ عام الفاظ سورج ،چاند ،برف، رات، دن، اندھیرا، اجالا اور سایہ وغیرہ جیسے الفاظ کے ساتھ ایک علامتی تصویر بنا دی جاتی ہے ۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ علامت مختلف جگہوں میں مختلف معنوں میں استعمال میں لائی جاتی ہے یعنی مکمل یا مفرد معنوں میں استعمال میں نہیں لائی جاتی۔ ضروری نہیں کہ کوئی علامت ہر کسی کے ہاں ایک طرز میں استعمال میں لائی جائے۔ علامتوں کے معنی اور مفہوم کے لحاظ سے اس بات کا تذکرہ بھی اہمیت رکھتا ہے کہ بعض جگہ علامت کے مفہوم کچھ ہوتے ہیں جبکہ دوسری جگہ ،علاقے یا ملک میں اس کے مفہوم کچھ اور ہوتے ہیں۔
پروین شاکر کے ہاں غالب موضوع جذبۂ محبت ہے۔ وہ پوری دیانت کے ساتھ اس جذبے سمیت آموجود ہوئی ہیں۔یہ عشق کے معاملات ہوں یا سماجی و معاشرتی مسائل وہ نسوانی دلکشی کے ساتھ سب پر مضبوط گرفت رکھتی ہیں۔ انہوں نے جتنی بھی علامتیں یا استعارات اپنی شاعری کا حصہ بنائے ہیں اس سے کہیں بھی الجھاؤ یا ذہنی کوفت کا احساس نہیں ہوتا۔ ان کے ہاں لطافت ہے، شیرینی ہے، احساس ہے ،حسن ہے ،جمال ہے، غرض یہ کہ نسوانیت پوری طرح سے جلوہ گر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments