لیگی قیادت کا دورہ آزاد کشمیر
آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے سو روزہ اصلاحاتی و ترقیاتی منصوبہ کو عملی شکل دینے کے دعوؤں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جبکہ اس تناظر میں جماعت کی مرکزی قیادت کا مظفرآباد کا دورہ سب سے بڑی سیاسی سرگرمی بن گیا۔
میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا کی آمد کو محض ایک سرکاری دورہ قرار دینا درست نہیں ہوگا۔ اس کے پس منظر میں مسلم لیگ( ن) آزاد کشمیر میں اتحاد پیدا کرنا، حکومت کو سیاسی تقویت دینے، جماعتی صفوں میں کارکنان سطح تک رابطے مضبوط بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو حکومتی کارکردگی کا پیغام دینے کی کوشش بھی دکھائی دیتی ہے۔تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا سو روزہ منصوبہ آزاد کشمیر کے عوام کی زندگی میں کوئی تبدیلی لا سکے گا یا سرکاری فائلوں اور تقریبات تک محدود ہو کر رہ جائے گا؟ آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں گزشتہ تین سال کے دوران شہر کی آرائش و زیبائش اور خوبصورتی کیلئے پچاس کروڑ روپے فراہم کئے گئے لیکن زمین پر ایک ڈھنگ کا منصوبہ نظر نہیں آرہا۔ منصوبوں کی پائیداری اور ان کی نگرانی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ بیشتر سرکاری محکمے اس انتظار میں رہتے ہیں کہ منصوبہ ناکام ہو تاکہ اگلے سال اسی منصوبے کی جگہ پر نئے بجٹ کے ساتھ ایک اور منصوبہ شروع کریں۔ سرکاری احتساب کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے سرکاری محکموں کے ملازمین سے لے کر افسران تک خود احتسابی کا جذبہ بھی ماند پڑتا جارہا ہے۔ اگر سرکاری ملازمین کی خود احتسابی اور ترقیاتی منصوبوں کی پائیداری کو موجودہ حکومت یقینی بنا سکی تو یہ آزاد کشمیر کی حکمرانی کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
گزشتہ روز شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کا آزاد کشمیر کا دورہ( ن) لیگ کی حکومت کے لیے سیاسی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس دورے کے موقع پر سو روزہ ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبہ کا جائزہ لیا گیا۔ صحت، تعلیم، مواصلات اور سیاحت کے شعبوں میں منصوبوں کا آغاز بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنی سیاسی قیادت، حکومتی ترجیحات اور ترقیاتی حکمت عملی کو مرکزی قیادت کے سامنے پیش کیا۔ حکومت کو یہ حقیقت پیش نظر رکھنی ہوگی کہ آزاد کشمیر کے عوام اب صرف اعلانات سے مطمئن ہونے والے نہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات ہوتے رہے ہیں مگر دور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان بدستور ایک بڑا مسئلہ ہے۔ سرکاری سطح پرمبینہ کرپشن آزاد کشمیر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔ سو روزہ منصوبہ کی کامیابی کا پیمانہ تقریبات نہیں بلکہ زمین پر نظر آنے والی تبدیلی ہوگی۔رواں ہفتے آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں ایک اور اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے عوامی بے چینی، بدامنی اور اشتعال انگیز بیانیے پر تشویش کا اظہار کیا۔12 نومبر کو اسلام آباد میں ایک نجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ اشتعال انگیز گفتگو اور موجودہ بے چینی سے عام لوگوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم نے ایسے مستقبل کا خواب دیکھا تھا جہاں بچوں کے لیے سکول جانا اور مریضوں کے لیے ہسپتال پہنچنا مشکل ہو جائے؟ وزیراعظم کا یہ بیان محض سیاسی تقریر نہیں بلکہ حکومت کے سامنے موجود ایک بڑے چیلنج کی نشاندہی بھی کرتا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو اور اشتعال انگیز زبان کے استعمال پر بھی تنقید کی۔ صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے بھی سوشل میڈیا پر سچ اور جھوٹ میں فرق مشکل ہونے کے مسئلے کی طرف توجہ دلائی اور قومی ہیروز کی قربانیوں اور تحریک آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کو نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عوامی بے چینی کو صرف سوشل میڈیا کے منفی رجحانات سے منسوب کیا جا سکتا ہے؟ یقیناً غیر ذمہ دارانہ زبان اور اشتعال انگیزی کسی بھی معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے لیکن عوامی شکایات، انتظامی مسائل، روزگار، بجلی، مہنگائی اور بنیادی سہولیات سے متعلق تحفظات کو بھی سننا ضروری ہے۔سابق صدر سردار یعقوب خان نے بھی اس تقریب میں عوامی شکایات کی بنیادی وجوہات دور کرنے پر زور دیا۔ وزیراعظم افتخار گیلانی نے 16 نومبر کو اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں بھی شرکت کی۔ آزاد کشمیر قدرتی وسائل، معدنیات اور سیاحت کے حوالے سے وسیع امکانات کا حامل ہے۔ تاہم ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ مقامی آبادی کو اعتماد میں لیا جائے، ماحولیات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔ لیکن اس اہم فورم میں وزیر اعظم افتخار گیلانی کی تقریر اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں شعبہ جات جن کا وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں ذکر بھی کیا کو وزیر اعظم کی میڈیا ٹیم اس انداز سے اجاگر نہ کر سکی جس طرح کرنا چاہیے تھا۔
وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں پریس سیکرٹری کی آسامی خالی ہے اور پریس سیکرٹری نہ ہونے کی وجہ سے وزیر اعظم افتخار گیلانی اور ان کی حکومت میڈیا میں اپنی تر جیحات اور اب تک کی کار کردگی اجاگر نہیں کر سکے۔ سو روزہ منصوبہ حکومت کے لیے ایک موقع بھی ہے اور امتحان بھی۔ اگر وزیراعظم افتخار گیلانی اس مدت میں عوام کو کچھ ٹھوس نتائج دکھانے میں کامیاب ہوگئے تو ان کی حکومت کو سیاسی استحکام حاصل ہو سکتا ہے بصورت دیگر ترقیاتی اعلانات اور زمینی حقائق کے درمیان فاصلہ مزید بڑھنے کا خدشہ رہے گا۔آزاد کشمیر کی سیاست میں اس وقت سب کی نظریں شریف برادران کے حالیہ دورہ مظفر آباد پر ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ مرکزی قیادت کی آمد کے بعد ترقیاتی وعدے حقیقت کا روپ دھارتے ہیں یا ایک بار پھر عوام کو نئے وعدوں کے انتظار میں رہنا پڑتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments