بھرپور توجہ کی ضرورت!
صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت، صنعت اور تجارت کے امکانات سے مالا مال ہے تاہم بے روزگاری، مہنگائی اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے۔
ان امکانات کو حقیقت بنانے کیلئے حکومت، سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ حالیہ فیصلوں اور پارلیمانی مباحث سے ظاہر ہے کہ ترقی، ملازمتوں، زراعت اور تعلیم پر توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کے دسویں اجلاس میں بلوچستان کی پہلی انشورنس کمپنی کے قیام اور ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں فرٹیلائزر کمپلیکس کے منصوبے پر اتفاق صوبے کی معاشی ترقی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ دو ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے بلوچستان انشورنس کمپنی لمیٹڈ کا قیام نہ صرف صوبے میں مالیاتی خدمات کی فراہمی میں بہتری لا سکتا ہے بلکہ سرکاری اداروں اور مقامی شہریوں کو انشورنس کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ کا مؤقف ہے کہ نجی شعبے کے اشتراک سے صوبے کی معاشی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح سوئی میں کم بی ٹی یو گیس کو استعمال کرتے ہوئے فرٹیلائزر کمپلیکس کے قیام سے مقامی وسائل کو صنعتی سرگرمیوں میں تبدیل کرنے، روزگار پیدا کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے بجا طور پر اس بات پر زور دیا کہ قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد میں مقامی آبادی کو بھی بھرپور حصہ ملنا چاہیے،تاہم ان منصوبوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ ان کی منظوری نہیں بلکہ عملی تکمیل، شفافیت، مقامی روزگار اور عوام کو حاصل ہونے والے حقیقی فوائد ہوں گے۔
بلوچستان کی ترقی میں وفاقی حکومت کا کردار بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صوبے کے بڑے منصوبوں، مالی وسائل اور روزگار کے متعدد مواقع کا تعلق وفاقی پالیسیوں سے ہے اس تناظر میں سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، آغاز حقوق بلوچستان پیکیج اور وفاقی ملازمتوں میں صوبے کے مختص کوٹے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کے کنوینر سینیٹر جان محمد بلیدی نے وفاقی اداروں میں بلوچستان کے کوٹے کے تحت ہونے والی بھرتیوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے گریڈ ایک سے پانچ اور گریڈ چھ سے سولہ تک کی آسامیوں، تقرریوں اور خالی نشستوں کی الگ الگ تفصیلات طلب کیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے اجلاس میں واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مالی مشکلات کے باوجود صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً دو سو ارب روپے مختص کرنے کا ذکر کیا اور این 25 منصوبے کو بلوچستان کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے چار سو ارب روپے سے زائد لاگت کے ساتھ دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف بتایا۔ ان کا مؤقف اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کو قومی ترقی کا حصہ سمجھتی ہے، تاہم سینیٹر جان محمد بلیدی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات بھی اتنے ہی اہم ہیں۔ ترقیاتی بجٹ مختص کرنا اپنی جگہ ضروری ہے۔ اس کے ساتھ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد، فنڈز کے شفاف استعمال اور ملازمتوں کے کوٹے پر حقیقی عملدرآمد کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ وفاقی حکومت اور صوبائی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ اس سلسلے میں مثبت نتائج دے سکتا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں مولانا ہدایت الرحمن نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سرکاری گوداموں میں گندم کے ذخائر اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات سے متعلق سوال اٹھایا۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے بتایا کہ حکومت نے 2024 ء کے بعد گندم کی خریداری نہیں کی تاہم رواں سال پاسکو سے گندم خریدی جا رہی ہے اور ڈپٹی کمشنرز کو قیمتوں پر قابو پانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ عوام کے لیے آٹا بنیادی ضرورت ہے اس لیے متعلقہ اداروں کو قیمتوں کی مسلسل نگرانی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے سرکاری محکموں کے خاتمے اور انضمام کے نتیجے میں ملازمین میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کی نشاندہی کی۔ سپیکر کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کی جانب سے چیف سیکرٹری سے تفصیلی رپورٹ طلب کرنا ایک مثبت اقدام ہے۔ اسی طرح رحمت صالح بلوچ نے محکمہ صحت کی جانب سے سوالات کے جوابات فراہم نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا جو سرکاری محکموں کی جوابدہی اور اسمبلی کے استحقاق سے متعلق اہم سوال ہے۔اسمبلی میں بلوچستان وسل بلور بل 2026 پر بھی مختلف آرا سامنے آئیں۔ اسد بلوچ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سے معاشرتی سطح پر مخبری اور نفرت کو فروغ مل سکتا ہے جبکہ ظفر آغا نے عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی حمایت کی، تاہم اس بات پر زور دیا کہ کوئی قانون عوام کے لیے نقصان دہ نہیں ہونا چاہیے۔ سپیکر کی جانب سے بل کو مزید غور و خوض کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنا مناسب جمہوری طریقہ ہے۔
کسی بھی قانون کی منظوری سے پہلے اس کے مقاصد، ممکنہ اثرات اور شہریوں کے حقوق کا مکمل جائزہ لینا ضروری ہے۔ مذکورہ اجلاس میں امن و امان، چوری کی وارداتوں اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عوامی نمائندے اپنے حلقوں کے مسائل ایوان تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ادھرواشک اور پنجگور کے سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات پر سپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر صادق علی عمرانی، اسد اللہ بلوچ، زابد علی ریکی، رحمت صالح بلوچ اور سیکرٹری تعلیم لال جان جعفر شریک ہوئے۔ اسد اللہ بلوچ نے زونز کا تعین مقامی موسم اور عوامی رائے کے مطابق کرنے پر زور دیا۔ صادق عمرانی نے سابقہ نظام کی بحالی کی حمایت کی جبکہ زابد علی ریکی نے بچوں کے مفادات کو مقدم قرار دیا۔ سیکرٹری تعلیم نے انتظامی مشکلات بیان کیں۔ سپیکر نے دونوں اضلاع کے مسائل پر نظرثانی کی ہدایت کی۔ان تمام معاملات کا پیغام ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے حکومت، وفاق، سیاسی جماعتوں، پارلیمان، اور عوام کو شراکت دار بننا ہوگا۔ صوبائی حکومت اعلانات کو نتائج میں بدلے، مقامی روزگار یقینی بنائے، مہنگائی پر قابو پائے اور متاثرہ آبادی کے حقوق محفوظ رکھے۔ وفاقی حکومت کو کوٹے اور مالی وعدوں پر پیش رفت دکھانی چاہیے۔ سیاسی جماعتیں تجاویز دیں، نمائندے نگرانی کریں۔ شفافیت، مشاورت اور انصاف سے ترقی کے ثمرات دور دراز علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مکالمہ رہے تاکہ پالیسیوں میں تسلسل، اداروں میں اعتماد اور معاشی سرگرمیوں کے لیے ماحول قائم ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments