شکیب جلالی :جدید اُردو غزل کے امام

تحریر : پرویز بزمی


60ویں برسی:انہوں نے غزل کو ایسا نیا رنگ و آہنگ فراہم کیاکہ وہ عام و خاص کی توجہ کا مرکز بن گئی :شکیب جلالی ایک ایسا صاحبِ اسلوب شاعر تھا جس نے شعر وسخن کے مروج زاویے بدل کر رکھ دیئے ہیں‘ اب ہر شاعر اُس کی پیروی کرنے پر مجبور ہے کہ ایسا کئے بغیر ادبی طور پر زندہ رہنا ممکن نہیں

مختصر سوانح حیات

اردو غزل کا نیا رخ متعین کرنے والے بے مثال شاعر شکیب جلالی کا خاندانی نام سید حسن رضوی تھا۔ یکم اکتوبر 1934 ء کواتر پردیش کے قصبے بدایوں میں پیدا ہوئے۔ تقسیم کے بعد 1948ء میں راولپنڈی اپنی ننھیال کی طرف ہجرت کی۔ راولپنڈی سے انٹر کا امتحان پاس کیا۔ 1953ء میں ملازمت کے سلسلے میں سیالکوٹ منتقل ہوئے جہاں سے ماہنامہ ’’عجیب‘‘ نکالنے کی  کوشش کی۔ 1955ء میں لاہور سے ہفت روزہ ’’وحدت‘‘ اور پھر ’’شاہکار‘‘کی ادارت کی جو بعد میں ’’جاوید‘‘ کے نام سے شائع ہوتا رہا۔1958ء میں محکمہ تعلقات عامہ میں نائب ترجمان مقرر ہوئے۔ 1959ء میں تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں پبلسٹی اسسٹنٹ کے طور پر مقرر ہوئے اور جوہر آباد منتقل ہوگئے ۔ماہانہ ’’آبادکار‘‘ نکالا اور ادبی تنظیم بزم جوہر کا قیام عمل میں لائے۔اگست 1963ء میں تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا صدر دفتر جوہر آباد سے بھکرمنتقل ہوگیا تو شکیب کو بھی بھکر منتقل ہونا پڑا جہاں وہ جولائی 1966ء تک رہے۔بھکرہی میں تھے کہ نفسیاتی عارضوں کا شکار ہونے لگے۔حالت زیادہ بگڑی توان کی اہلیہ انہیں لے کر اپنی نندوں کی سسرال سرگودھا چلی آئیں۔ سرگودھا میں علاج کے وسائل سے ناامیدی پر شکیب کو لاہور بھیجا گیا جہاں احمد ندیم قاسمی کے مشورے سے انہیں ذہنی امراض کے ہسپتال میں داخل کروایاگیا۔ کم و بیش ایک ماہ کے علاج کے بعد شکیب کو ذہنی صحت کا سرٹیفکیٹ دے کر ڈسچارج کردیا گیا اور چند دن لاہور رہنے کے بعد 9 یا 10 نومبر 1966ء کو سرگودھا چلے گئے۔

12 نومبر 1966ء کو شکیب کا خاندان اپنے سرپرست سے اور اردو ادب ایک ہمہ جہت جینئس ادیب، صحافی، مترجم  اور عظیم شاعر سے محروم ہوگیا۔ شکیب کے بارے میں تنقید نگاروں نے خوب کہا کہ شکیب جدید غزل کا امام ہے، کسی نے کہا اردو غزل کی امیدگاہ ہے، کسی نے کہا شکیب اردو کا کیٹس ہے، کسی نے کہا، شکیب کو سو سال کے بعد دریافت کیا جائے گا جیسے غالب کو کیا گیا۔شکیب کے کلام کا انتخاب ’’روشنی اے روشنی‘‘ ان کے انتقال کے آٹھ برس بعداور ’’کلیات شکیب جلالی‘‘ 2004ء میں شائع ہوئی ۔

اکثر ادبیوں کی طرح مجھ پر بھی ادبی جمود کا ایسا وقت گزرا ہے جو گوشہ نشینی اور ادبی لا تعلقی کے طویل برسوں پر پھیلا ہوا ہے۔ ادب سے کنار کشی کا یہ عالم تھا کہ میں نے شکیب جلالی کونہیں دیکھا۔ اس سے ملاقات نہیں ہوئی۔ اس کی شاعری سے بھی متعارف نہ تھا۔ لطیف قریشی کا سرگودھا میں تبادلہ ہوا۔ اس سے ایک کاروباری ملاقات قلم قبیلے کا حوالہ بن گئی اور اس کی  تحریک پر یہاں حلقہ ارباب ذوق کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہیں دنوں شہنازگل کی ذات نے مصطفی زیدی کو اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ زندگی اللہ تعالیٰ کو واپس کرنے پر مجبور کردیا۔ پریس میں اس سانحہ کو بہت اچھالا گیا۔ مصطفی زیدی کا مجموعہ کلام ’’گریبان‘‘انہیں دنوں شائع ہوا جو ہاتھوں ہاتھ لیا گیا۔ میں نے بھی کتاب خریدی، ٹائٹل کور کے آخری صفحہ پر مصطفی زیدی کی تصویر کے نیچے یہ شعرشاعر کے نام کے بغیر درج تھا:

 فیصلِ جسم پر تازہ لہو کے چھینٹے ہیں

 حدودِ وقت سے آگے نکل گیا ہے کوئی

 میں کئی دن اس شعر کی کربناک کیفیت سے دو چار رہا۔ میرا ہمدمِ دیر نیہ نصرت چوہدری تھل ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ملازم تھا اور بھکر میں قیام پذیر تھا۔ بوقتِ ملاقات میں نے اسے مصطفی زیدی کے حوالے سے مذکورہ شعر سنایا تو اُس نے کہا کہ یہ تو شکیب جلالی کا شعر ہے۔ میں نے پوچھا شکیب جلالی کون ہے؟ تو اس نے شکیب کی زندگی ،اس کی المناک موت اور اس کی شاعری کے بارے بتایا اور شکیب کے شعر سنائے۔ یہ اشعار اسلوب کی تازہ کاری نادر ترکیبوں اور اچھوتی تماثیل کا مرقع تھے۔ نصرت چوہدری نے مجھے شکیب کی کتاب ’’روشنی اے روشنی‘‘ عاریتاً دی۔ یہ کتاب بازار میں نایاب تھی۔ کتاب پڑھنے پر مجھے جدید غزل کے اس سب سے بڑے شاعر کے ہاں بے پناہ کرب، ملال، خوف اور محرومی کے رجحان کا احساس ہوا۔ میرے خیال کے مطابق کسی فنکار کے فنی رجحانات کو سمجھنے میں اُس کے عام ماحول کے علاوہ اس کے گھریلو ماحول کا مطالعہ بہت ممد ثابت ہوتا ہے۔ میں بھکر، جو ہر آباد، سر گودھا، لا ہور اور راولپنڈی میں شکیب کے کچھ دوستوں، دفتری ساتھیوں اور رشتہ داروں سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ مجھے ڈاکٹر انور سدید ،جو ہر نظامی، حسن اختر جلیل، قیصر بارہوی، ڈاکٹر وزیر آغا، غلام جیلانی اصغر، نصرت چوہدری، سیف زلفی ماجد الباقری ،مرتضی برلاس، سید قد یرعلی اور کچھ دیگر اصحاب سے شکیب سے متعلق کچھ معلومات حاصل ہو گئیں۔ شکیب ضلع علی گڑھ کے قصبہ جلالی کے ایک معزز اور صاحبِ ثروت سید خاندان کا فرد تھا۔ اُس کا والد محکمہ پولیس میں ملازم تھا، جو کسی ذہنی عارضہ میں مبتلا ہو گیا تھا۔ ایک دن وہ اپنی بیوی اور دس سالہ بیٹے شکیب کے ہمراہ ریلوے لائن کے ساتھ جارہا تھا۔ اتنے میں گاڑی آگئی اور اس نے دماغی دورہ کے تحت اپنی بیوی کو اٹھا کر گاڑی کے آگے پھینک دیا۔ یہ 1944ء کا واقعہ ہے۔

شکیب دم بخود اپنی ماں کے کٹے ہوئے جسم اور بہتے ہوئے خون کو دیکھ رہا تھا۔ گاڑی رکی، لوگ ان کی طرف دوڑے، شکیب کو اٹھا کر اس کا والد بھاگ پڑا لیکن پکڑا گیا اور بالآخر پاگل خانے میں پہنچ گیا۔ شکیب جو بچپن ہی سے باپ کی شفقت سے نا آشنا اور اس کے پاگل پن سے خوف زدہ تھا ماں کے پیار سے بھی محروم ہو گیا۔ ماں کی دردناک موت نے اسے اندر سے توڑدیا اور یہیں سے اُس کے دل و دماغ پر خوف، محرومی اور مایوسی کے اثرات مرتسم ہونا شروع ہوئے۔ شکیب اُن لوگوں میں سے تھا جو از لی بد قسمت ہوتے ہیں۔ ماں باپ کے دکھ کے علاوہ اسے جینے کی تگ و دو میں بھی سخت صدمے اٹھانے پڑے۔ اس کے ساتھ زندگی نے ظلم نہیں کئے بلکہ موت نے بھی زیادتیوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ اُس کی موت کے فورا ًبعد اس کی بیوہ نے اس کی بیاضوں اور کاغذات کا انبار قیصر بارہوی کے ہاتھ احمد ندیم قاسمی صاحب کو اسے ترتیب دے کر کتابی صورت میں شائع کرنے کے لیے بھجوایا۔ قاسمی صاحب شکیب جلالی کی تہہ دل سے قدر کرتے تھے اور انہیں شکیب کی موت کا اتنا ہی صدمہ تھا جتنا ایک باپ کو اپنے جواں مرگ بیٹے کی موت کا ہو سکتا ہے۔ ان دنوں مرتضیٰ برلاس شورکوٹ میں تعینات تھے۔ انہوں نے محدثہ بیگم کی امداد کے لیے وہاں ایک کل پاکستان مشاعرہ منعقد کیا۔

شکیب جلالی اور اس کے فن کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بر لاس صاحب نے فرمایا کہ ’’شکیب جلالی ایک ایسا صاحبِ اسلوب شاعر تھا جس نے شعر وسخن کے مروج زاویے بدل کر رکھ دیئے ہیں۔ اب ہر شاعر اُس کی پیروی کرنے پر مجبور ہے کہ ایسا کئے بغیر ادبی طور پر زندہ رہنا ممکن نہیں۔ شکیب جلالی جدید ترین اسلوب کا حامل شاعر ہے۔ اس کی غزلوں میں اس کی اوریجنل سوچ کی لہریں موجزن ہیں۔ وہ اپنے ارد گرد رواں دواں زندگی کا گہرا مشاہدہ کرتا ہے اور اس مشاہدے کے محسوسات کو اپنی ذات میں سموکر انوکھی ترکیبوں کے استعمال سے اس طرح خالص فنی انداز میں اظہار کرتا ہے کہ شعر کا تغزل بھی مجروح نہیں ہوتا اور ایک عام سے واقعہ کا رشتہ پورے معاشرے سے جڑ جاتا ہے۔ اُس نے غزل کو اس قسم کی امیجری عطا کی جس سے شکیب سے پہلے کی غزل محروم تھی۔ اُس کے اشعار مکمل تصویریں پیش کرتے ہیں۔ حسن و عشق کے پامال موضوعات کو بھی شکیب نے نئی چاشنی عطا کی ہے اور لطف کی بات یہ ہے کہ یہاں بھی اس کا اسلوب تقلیدی نہیں اختراعی ہے۔ شکیب کا کمال فن یہ ہے کہ اس نے عصریت کے تقاضوں کو خالص تغزل کے قالب میں ڈھال دیا ہے۔ اُس کی اور یجنل سوچ اور اسلوب سے نہ صرف نئی نسل متاثر ہوئی بلکہ پرانی نسل کے شعرا کو بھی اپنی بقا اس کی تقلید میں نظر آئی۔ لیکن اس کی تقلید ایسا کٹھن مرحلہ ثابت ہوئی کہ کئی نامی گرامی حضرات بھی ہانپ کر بیٹھ گئے۔

شکیب کو ہم سے جدا ہوئے برسوں گزر چکے ہیں لیکن غزل ابھی تک اُس کے سحر سے آزاد نہیں ہو سکی۔ بقول رشک ترابیؔ:

رقصاں اُطاقِ فن میں تھی جدت کی روشنی

دیکھا جو غور سے تو پسِ در شکیب تھا!

منتخب غزلیں

کنار آب کھڑا خود سے کہہ رہا ہے کوئی

گماں گزرتا ہے یہ شخص دوسرا ہے کوئی

ہوا نے توڑ کے پتہ زمیں پہ پھینکا ہے

کہ شب کی جھیل میں پتھر گرا دیا ہے کوئی

بٹا سکے ہیں پڑوسی کسی کا درد کبھی

یہی بہت ہے کہ چہرے سے آشنا ہے کوئی

درخت راہ بتائیں ہلا ہلا کر ہاتھ

کہ قافلے سے مسافر بچھڑ گیا ہے کوئی

چھڑا کے ہاتھ بہت دور بہہ گیا ہے چاند

کسی کے ساتھ سمندر میں ڈوبتا ہے کوئی

یہ آسمان سے ٹوٹا ہوا ستارہ ہے

کہ دشت شب میں بھٹکتی ہوئی صدا ہے کوئی

مکان اور نہیں ہے بدل گیا ہے مکیں

افق وہی ہے مگر چاند دوسرا ہے کوئی

فصیلِ جسم پہ تازہ لہو کے چھینٹے ہیں

حدود وقت سے آگے نکل گیا ہے کوئی

شکیب دیپ سے لہرا رہے ہیں پلکوں پر

دیار چشم میں کیا آج رت جگا ہے کوئی

……

مرجھا کے کالی جھیل میں گرتے ہوئے بھی دیکھ

سورج ہوں، میرا رنگ مگر دن ڈھلے بھی دیکھ

ہر چند راکھ ہو کے بکھرنا ہے راہ میں

جلتے ہوئے پروں سے اڑا ہوں، مجھے بھی دیکھ

عالم میں جس کی دھوم تھی، اس شاہکار پر

دیمک نے جو لکھے کبھی وہ تبصرے بھی دیکھ

تو نے کہا نہ تھا کہ میں کشتی پہ بوجھ ہوں

آنکھوں کو اب نہ ڈھانپ، مجھے ڈوبتے بھی دیکھ

بچھتی تھیں جس کی راہ میں پھولوں کی چادریں

اب اس کی خاک گھاس کے پیرں تلے بھی دیکھ

کیا شاخ باثمر ہے جو تکتا ہے فرش کو 

نظریں اٹھا شکیبؔ کبھی سامنے بھی دیکھ

……

ساحل تمام اشک ندامت سے اٹ گیا

دریا سے کوئی شخص تو پیاسا پلٹ گیا

لگتا تھا بے کراں مجھے صحرا میں آسماں

پہنچا جو بستیوں میں تو خانوں میں بٹ گیا

یا اتنا سخت جان کہ تلوار بے اثر

 یا اتنا نرم دل کہ رگ گل سے کٹ گیا

بانہوں میں آ سکا نہ حویلی کا اک ستون

پتلی میں میری آنکھ کی، صحرا سمٹ گیا

اب کون جائے کوئے ملامت کو چھوڑ کر

قدموں سے آکے اپنا ہی سایہ لپٹ گیا

گنبد کا کیا قصور، اُسے کیوں کہو برا

آیا جدھر سے تیر، اُدھر ہی پلٹ گیا

اک حشر سا بپا تھا مرے دل میں اے شکیبؔ

کھولیں جو کھڑکیاں تو ذرا شور گھٹ گیا

……

اتریں عجیب روشنیاں، رات خواب میں

کیا کیا نہ عکس تیر رہے تھے سراب میں

کب سے ہیں ایک حرف پہ نظریں جمی ہوئی

وہ پڑھ رہا ہوں جو نہیں لکھا کتاب میں

پانی نہیں کہ اپنے ہی چہرے کو دیکھ لوں

منظر زمیں کے ڈھونڈتا ہوں ماہتاب میں

پھر تیرگی کے خواب سے چونکا ہے راستہ 

پھر روشنی سی دوڑ گئی ہے سحاب میں

کب تک رہے گا روح پہ پیراہن بدن

کب تک ہوا اسیر رہے گی حباب میں

یوں آئنہ بدست ملی پربتوں کی برف

شرما کے دھوپ لوٹ گئی آفتاب میں

گزری ہے بار بار مرے سر سے موج خشک

اُبھرا ہوں ڈوب ڈوب کے تصویر آب میں

چوما ہے میرا نام لب سرخ نے شکیبؔ

یا پھول رکھ دیا ہے کسی نے کتاب میں

……

منتخب اشعار

مجھے گرنا ہے تو میں اپنے ہی قدموں میں گروں

جس طرح سایۂ دیوار پہ دیوار گرے

کیا کہوں دیدہ ٔ تر یہ تو مرا چہرہ ہے

سنگ کٹ جاتے ہیں بارش کی جہاں دھار گرے

……

وہ الوداع کا منظر، وہ بھیگتی پلکیں

پسِ غبار بھی کیا کیا دکھائی دیتا ہے

……

شکیب کیسی اڑان، اب وہ پر ہی ٹوٹ گئے

کہ زیر دام جب آئے تھے، پھڑ پھڑائے بہت

……

مرجھا کے کالی جھیل میں گرتے ہوئے بھی دیکھ

سورج ہوں، میرا رنگ مگر دن ڈھلے بھی دیکھ

تو نے کہا نہ تھا کہ میں کشتی پہ بوجھ ہوں

آنکھوں کو اب نہ ڈھانپ، مجھے ڈوبتے بھی دیکھ

……

جہاں تلک بھی یہ صحرا دکھائی دیتا ہے

مری طرح سے اکیلا دکھائی دیتا ہے

……

عجب نہیں جو اُگیں یاں درخت پانی کے

کہ اشک بوئے ہیں شب بھر کسی نے دھرتی میں

……

وہ کون تھا جو تمہارا سراغ پا نہ سکا

کہ میں تو اپنے ہی صحرا کے پار جا نہ سکا

……

گزری ہے بار بار مرے سر سے موجِ خشک

اُبھرا ہوں ڈوب ڈوب کے تصویر آب میں

……

ہاتھ آیا نہیں کچھ رات کی دلدل کے سوا

ہائے کس موڑ پہ خوابوں کے پرستار گرے

……

جو دل کا زہر تھا کاغذ پہ سب بکھیر دیا

پھر اپنے آپ طبیعت مری سنبھلنے لگی

……

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

بچوں کو امتحان کیلئے کیسے تیار کریں؟

مؤثر سٹڈی ٹیکنیکس اور کم وقت میں بہتر پڑھائی کے اصول

بالوں میں خشکی، کیسے کنٹرول کریں؟

بالوں میں خشکی ایک عام مسئلہ ہے جس کا سامنا خواتین اور مردوں، دونوں کو کرنا پڑتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں یہ مسئلہ زیادہ ہو جاتا ہے۔

آج کا پکوان:امرتسری ہریسہ

اجزا:گندم (یا گندم کا دلیہ): 1 پاؤ۔گائے یا بکرے کا گوشت : 1 کلو۔پیاز: 1 بڑے سائز کا۔ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 چمچ۔ نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ ۔لال مرچ پاؤڈر : ڈیڑھ چائے کا چمچ۔سونف کا پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ۔کالی مرچ : 1 چائے کا چمچ۔ گھی: آدھا کلو۔

محمد حسین آزاد کااسلوب ،تازگی اور زندگی کا امتزاج

مولانا محمد حسین آزاد کا شمار اردو ادب کے عناصر خمسہ میں ہوتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی تاریخ ان کے ذکر سے کبھی تہی نہیں ہو سکتی۔

علامہ محمد اقبالؒ :شاعرِ ملتِ اسلامیہ

’’بھٹکے ہُوئے آہُو کو پھر سُوئے حرم لے چل‘‘: اقبالؒ کی علامتیں مخصوص تہذیبی تناظر رکھتی ہیں ،ان کا مطالعہ متعدد معنوی امکانات کی جانب رہنمائی کرتا ہے

اتحاد عالم اسلامی کیلئے اقبالؒ کی فکری و عملی مساعی

علامہ اقبالؒ وحدت انسان کے قائل تھے۔ وحدت ملی اصل میں وحدت انسان کی تابع ہے اور یہ دونوں قرآن حکیم کے فلسفہ تخلیق کے تابع ہیں۔