بچوں کو امتحان کیلئے کیسے تیار کریں؟

تحریر : فوزیہ چوہدری


مؤثر سٹڈی ٹیکنیکس اور کم وقت میں بہتر پڑھائی کے اصول

امتحانات کا موسم قریب آتے ہی گھروں میں ایک خاص قسم کی مصروفیت اور تناؤ دیکھنے میں آتا ہے۔ بچوں پر اچھے نمبروں کا دباؤ بڑھ جاتا ہے جبکہ والدین خصوصاً مائیں بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے زیادہ فکر مند ہو جاتی ہیں۔ کہیں بچوں کو بار بار پڑھنے کی تاکید کی جاتی ہے تو کہیں ان کے کھیلنے اور ٹی وی دیکھنے پر پابندیاں لگا دی جاتی ہیں۔ تاہم سوال یہ ہے کہ کیا صرف زیادہ دیر تک کتابوں کے سامنے بیٹھے رہنے سے بچے امتحان میں بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں؟ یقیناً نہیں۔ کامیابی کا تعلق صرف مطالعے کے دورانیے سے نہیں بلکہ پڑھنے کے مؤثر طریقوں، منصوبہ بندی، ذہنی سکون اور والدین کی مناسب رہنمائی سے بھی ہے۔بچوں کو امتحانات کے لیے تیار کرنے میں ماؤں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔اگر مائیں مناسب حکمت عملی اختیار کریں تو بچوں کو کم وقت میں زیادہ مؤثر انداز سے پڑھنے اور امتحانات میں بہتر نتائج حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 وقت کی درست تقسیم

امتحان کی تیاری کا پہلا اصول ایک منظم شیڈول بنانا ہے۔ اکثر بچے امتحانات سے چند روز قبل تمام مضامین کو ایک ساتھ پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے ذہنی دباؤ اور الجھن پیدا ہوتی ہے۔ ماؤں کو چاہیے کہ بچوں کے ساتھ بیٹھ کر امتحانی نصاب کا جائزہ لیں اور ہر مضمون کے لیے مناسب وقت مختص کریں۔ روزانہ کا ایک ایسا ٹائم ٹیبل بنایا جائے جس میں پڑھائی کے ساتھ مختصر وقفے، کھیل اور آرام کا وقت بھی شامل ہو۔ بچوں کو مسلسل کئی گھنٹے پڑھنے پر مجبور کرنے کے بجائے 25 سے 30 منٹ کی فوکسڈ پڑھائی کے بعد پانچ منٹ کا وقفہ دینا چاہیے۔ماؤں کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہر بچے کی سیکھنے کی رفتار مختلف ہوتی ہے اس لیے کسی دوسرے بچے کے ساتھ موازنہ کرنے کے بجائے اپنے بچے کی صلاحیت اور ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی کی جائے۔

 مؤثر سٹڈی ٹیکنیکس

امتحانات میں کامیابی کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ بچے کو پڑھنے کا درست طریقہ سکھایا جائے۔ بار بار کتاب پڑھنے یا اہم جملوں کو نمایاں کرنے سے ہر صورت معلومات ذہن میں محفوظ نہیں ہوتیں۔ اس کے لیے چند مؤثر سٹڈی ٹیکنیکس اختیار کی جا سکتی ہیں مثلاًایکٹو ریکال (Active recall): جس میں بچہ سبق پڑھنے کے بعد کتاب بند کرکے خود سے سوالات کرتا ہے اور یادداشت کی مدد سے ان کے جواب دینے کی کوشش کرتا ہے۔ اس طرح اسے معلوم ہوتا ہے کہ کون سا حصہ اچھی طرح یاد ہے اور کہاں مزید محنت کی ضرورت ہے۔اس کے علاوہ Spaced repetition یعنی کسی سبق کو ایک ہی دن بار بار پڑھنے کے بجائے مختلف وقفوں سے دہرایا جائے۔ آج پڑھا ہوا سبق اگلے دن، پھر تین دن بعد اور ایک ہفتے بعد دہرایا جائے۔ اس طریقے سے معلومات زیادہ دیر تک یاد رہتی ہیں۔بچوں کو گزشتہ سالوں کے امتحانی پرچے حل کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ اس سے انہیں سوالات کی نوعیت، وقت کی تقسیم اور امتحانی ماحول کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔مائنڈ میپس اور مختصر نوٹس: طویل اسباق کو اہم نکات، چارٹس اورگرافس کی شکل میں ترتیب دینا بھی مفید ہے۔ اس سے بچے کو مشکل موضوعات سمجھنے اور امتحان سے پہلے فوری دہرائی کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

 کم وقت میں زیادہ مؤثر پڑھائی 

آج کے دور میں بچوں کے سامنے تعلیمی مصروفیات کے علاوہ موبائل فون، سوشل میڈیا، ویڈیو گیمز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کی بھی بھرمار ہے۔ ایسے میں کم وقت کو مؤثر انداز میں استعمال کرنا ایک اہم مہارت بن چکا ہے۔ماؤں کو چاہیے کہ پڑھائی کے دوران بچوں سے موبائل فون اور دیگر توجہ بٹانے والی چیزوں کو دور رکھیں۔ بچوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ ہر مضمون کو یکساں انداز میں پڑھنا درست نہیں۔ ریاضی اور سائنس کے مضامین میں سوالات حل کرنے اور عملی مشق کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ہسٹری، اسلامیات اور اردومیں اہم نکات سمجھنے، یاد رکھنے اور تحریری مشق کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ایک اور اہم اصول یہ ہے کہ بچے روزانہ اپنے لیے چھوٹے ٹارگٹس مقرر کریں مثلاً آج ریاضی کے دس سوالات حل کرنے ہیں یا سائنس کے دو اسباق مکمل کرنے ہیں۔ بڑے اہداف کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنے سے پڑھائی آسان محسوس ہوتی ہے اور بچے میں کامیابی کا احساس بھی پیدا ہوتا ہے۔

 ذہنی سکون، حوصلہ افزائی اور ماں کا مثبت کردار

امتحانات کی تیاری صرف کتابوں اور نوٹس تک محدود نہیں ہوتی بلکہ بچے کی ذہنی اور جسمانی صحت بھی اس عمل کا اہم حصہ ہے۔  ماؤں کو چاہیے کہ بچوں کے ساتھ سختی کے بجائے محبت، اعتماد اور حوصلہ افزائی کا رویہ اختیار کریں۔بچے کی معمولی کامیابی کو بھی سراہا جائے اور غلطیوں پر ڈانٹنے کے بجائے انہیں بہتر بنانے کا موقع دیا جائے۔ اگر بچہ کسی مضمون میں کمزور ہے تو اس کی حوصلہ شکنی کرنے کے بجائے اس کی مشکل سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ ضرورت پڑنے پر اساتذہ سے رابطہ کرکے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔نیند بھی تعلیمی کارکردگی پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ امتحانات کے دنوں میں رات گئے تک جاگ کر پڑھنے کے بجائے بچوں کو مناسب نیند لینے کی ترغیب دی جائے۔ متوازن غذا، پانی کا مناسب استعمال بھی ضروری ہے۔ماؤں کو یہ بات بھی ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ امتحان بچے کی ذہانت، صلاحیت یا مستقبل کا حتمی فیصلہ نہیں ہوتا۔ اچھے نمبر اہم ضرور ہیں لیکن بچے میں خود اعتمادی، سیکھنے کا شوق، نظم و ضبط اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا اس سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

بالوں میں خشکی، کیسے کنٹرول کریں؟

بالوں میں خشکی ایک عام مسئلہ ہے جس کا سامنا خواتین اور مردوں، دونوں کو کرنا پڑتا ہے۔ سردیوں کے موسم میں یہ مسئلہ زیادہ ہو جاتا ہے۔

آج کا پکوان:امرتسری ہریسہ

اجزا:گندم (یا گندم کا دلیہ): 1 پاؤ۔گائے یا بکرے کا گوشت : 1 کلو۔پیاز: 1 بڑے سائز کا۔ادرک لہسن کا پیسٹ: 2 چمچ۔ نمک: ڈیڑھ چائے کا چمچ ۔لال مرچ پاؤڈر : ڈیڑھ چائے کا چمچ۔سونف کا پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ۔کالی مرچ : 1 چائے کا چمچ۔ گھی: آدھا کلو۔

شکیب جلالی :جدید اُردو غزل کے امام

60ویں برسی:انہوں نے غزل کو ایسا نیا رنگ و آہنگ فراہم کیاکہ وہ عام و خاص کی توجہ کا مرکز بن گئی :شکیب جلالی ایک ایسا صاحبِ اسلوب شاعر تھا جس نے شعر وسخن کے مروج زاویے بدل کر رکھ دیئے ہیں‘ اب ہر شاعر اُس کی پیروی کرنے پر مجبور ہے کہ ایسا کئے بغیر ادبی طور پر زندہ رہنا ممکن نہیں

محمد حسین آزاد کااسلوب ،تازگی اور زندگی کا امتزاج

مولانا محمد حسین آزاد کا شمار اردو ادب کے عناصر خمسہ میں ہوتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی تاریخ ان کے ذکر سے کبھی تہی نہیں ہو سکتی۔

علامہ محمد اقبالؒ :شاعرِ ملتِ اسلامیہ

’’بھٹکے ہُوئے آہُو کو پھر سُوئے حرم لے چل‘‘: اقبالؒ کی علامتیں مخصوص تہذیبی تناظر رکھتی ہیں ،ان کا مطالعہ متعدد معنوی امکانات کی جانب رہنمائی کرتا ہے

اتحاد عالم اسلامی کیلئے اقبالؒ کی فکری و عملی مساعی

علامہ اقبالؒ وحدت انسان کے قائل تھے۔ وحدت ملی اصل میں وحدت انسان کی تابع ہے اور یہ دونوں قرآن حکیم کے فلسفہ تخلیق کے تابع ہیں۔