محمد حسین آزاد کااسلوب ،تازگی اور زندگی کا امتزاج
مولانا محمد حسین آزاد کا شمار اردو ادب کے عناصر خمسہ میں ہوتا ہے۔ اردو زبان و ادب کی تاریخ ان کے ذکر سے کبھی تہی نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے زبان و ادب کی آبیاری اپنے گل رنگ قلم سے کی۔ ان کے اسلوب میں تازگی، زندگی اور متحرک تصاویر کا امتزاج اسے اور زیادہ دلکش اور خوش انداز بنا دیتا ہے۔بقول ڈاکٹر محمد صادق آزاد کا اسلوب بعینہ ان کی طبیعت کا آئینہ دار ہے۔ ہم ان کی بحیثیت انسان جتنی خصوصیات دیکھتے ہیں وہ سب ان کے اسلوب میں بھی موجود ہیں۔ خواہ ہم ان کی شخصیت سے اسلوب کی طرف آئیں یا اسلوب سے شخصیت کی طرف جائیں، بات ایک ہی ہے۔ دونوں سے ایک ہی نتیجہ نکلتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ آزاد طبعاً جذباتی تھے اور اعلیٰ تخیل سے بہرہ ور، یہ دونوں خصوصیتیں ان کے اسلوب میں منعکس ہیں۔ محمد حسین آزاد نے اردو میں متعدد کتابیں یادگار چھوڑی ہیں۔ ان میں ’’آبِ حیات‘‘،’’ نیرنگِ خیال‘‘، ’’دربارِاکبری‘‘، ’’قصص ِہند‘‘، ’’سخن دانِ فارس‘‘ اور’’ نگارستانِ فارس‘‘ خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ یہ کتابیں موضوعات کے اختلافات کے باوجود ایک خاص لڑی میں پروئی ہوئی ہیں۔ یہ لڑی آزاد کی انشا پردازی کا مخصوص اسلوب ہے جسے بحیثیت مجموعی افسانوی اسلوب کہہ سکتے ہیں۔ شاعروں کا تذکرہ ہو یا زبان و ادب کی تاریخ کا جائزہ، مو ٔرخانہ تحریر یں ہوں یا لسانی بحثیں، سب پر ان کی انشا پردازی کی چھاپ ملے گی۔مہدی افادی، آزاد کے اسلوب سے متعلق لکھتے ہیں،سرسید سے معقولات کو الگ کر لیجیے تو کچھ نہیں رہتے۔ نذیر احمد بغیرمذہب کے لقمہ نہیں توڑ سکتے۔ شبلی سے تاریخ لے لیجیے تو قریب قریب کورے رہ جائیں گے۔ حالی بھی جہاں تک نثر کا تعلق ہے سوانح نگاری کے بغیر چل نہیں سکتے۔ لیکن آقائے اُردو پروفیسر آزاد صرف انشا پرداز ہیں، جن کو کسی دوسرے سہارے کی ضرورت نہیں۔
آزاد کی طبیعت دورخی ہے۔ وہ زیادہ تر رومانیت کی دنیا میں آباد رہتے ہیں ان کے ذہن میں قرونِ وسطی کا مثالی تصور پوری طرح رچا ہوا ہے۔ لیکن جوں جوں وقت گزرتا گیا اس بنیادی رومانیت پر تنقیدی رْجحان جو نئے ماحول کی پیداوار تھا، غالب آگیا۔ اس دو روئی کا نتیجہ یہ ہے کہ آزاد ایک سطح پر قائم نہیں رہ سکے۔ وہ دو دنیاؤں میں ڈانواں ڈول رہتے ہیں۔ کبھی رومانی کبھی تنقیدی۔ ابھی شعور کے زیر انتظام پرانے نظام سے آمادہ پیکار، ابھی احساسات کا پلا بھاری ہونے پر ماضی کی خواب نما دنیا سے کسیف اندوز۔ڈاکٹر سید عبداللہ کے نزدیک آزاد نے اپنے اسلوب کی بنیاد سب سے الگ ڈالی ہے۔ انہوں نے اپنے لیے وہ مقام منتخب کیا ہے کہ جس کو ان سے پہلے کوئی حاصل نہ کر سکا اور ان کے بعد والوں نے بھی پیروی کی ،مگر ان کے انداز تک نہ پہنچ سکے۔ وہ لکھتے ہیں،جدید مذاق سے جو سر سید اور شبلی و حالی وغیرہ کے ذریعے انیسویں صدی کے نصف ثانی میں عام ہو کر پسندیدہ عام و خاص ہو چکا تھا مگر آزاد ان سب سے جدا روش پر قائم رہے اور نہ صرف انشاپردازی کے اسلوب میں بلکہ سوچنے اور فکر کرنے کے انداز میں بھی اپنے سب معاصروں سے الگ اور جدا جدا ہی چلے اور اس طرح ایک خاص قسم کا ادب اردو زبان اور ملک و قوم کو دے گئے جو اپنے زمانے سے منقطع تو نہیں مگر اپنے زمانے سے اپنے امتیازی اوصاف کی وجہ سے جدا اور ممتاز ضرور ہے۔ آزاد کے اسلوب کی ایک خصوصیت ماضی سے والہانہ محبت ہے۔ ماضی کی بڑائی اور اچھائی ان کے لیے جزو ِایمان ہے۔ اس کا رنگ روپ، اس کے ملبوسات، اس کی دوستیاں، دلداریاں، رفاقتیں ہمیشہ ان کے دل و دماغ پر چھائی رہتی ہیں۔ جس انداز سے وہ ماضی کا والہانہ محبت کے ساتھ ذکر کرتے ہیں وہ اردو میں اپنی مثال آپ ہے۔ جب وہ پرانے استادوں کا ذکر کرتے ہیں تو الفاظ ان کے منہ میں رس گھولتے جاتے ہیں، وہ نئی دنیا جس میں ان کی جڑیں ماضی میں پیوست تھیں تسکین دینے سے قاصر رہی۔ یہی بھر پور احساس تھا جس نے نگاہوں سے اوجھل دنیا کو طلسمی رنگ دے دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments