گنیز بک 2027ء میں شامل دنیا کے ہونہار بچے!
کیلیا میہانی گالینا: تاریخ رقم کرنے والی کم عمر سرفر
عزم و حوصلہ، غیر معمولی صلاحیت اور بلند پروازی کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ بعض اوقات کم عمری میں حاصل ہونے والی کامیابیاں پوری دنیا کو حیرت میں مبتلا کر دیتی ہیں۔ بحرالکاہل کے جزیرے تاہیتی سے تعلق رکھنے والی کیلیا میہانی گالینا (kelia Mehani Gallina)بھی ایسی ہی باصلاحیت شخصیت ہیں، جنہوں نے محض 12 برس کی عمر میں دنیا کی خطرناک ترین سمندری لہروں کا سامنا کرتے ہوئے عالمی سرفنگ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرا لیا۔ عالمی سرف لیگ کے چیمپئن شپ ٹور میں حصہ لینے والی کم عمر ترین سرفر بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی کیلیا نے ثابت کیا کہ اگر جذبہ مضبوط اور حوصلے بلند ہوں تو عمر کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
’’تہیپو‘‘ دنیا کے خطرناک ترین سرفنگ مقامات میں شمار ہوتا ہے، لیکن 10 اگست 2012ء کو پیدا ہونے والی کیلیا میہانی گالینا کیلئے یہ وہ مقام ہے جہاں وہ صرف چار سال کی عمر سے سرفنگ کرتی آ رہی ہیں۔
’’مس تہیپو‘‘ کے لقب سے مشہور کیلیا نے جولائی 2025ء میں پہلی مرتبہ تہیتی پرو ٹرائلز میں حصہ لیا۔ وہ مقابلے میں شریک ہونے والی سب سے کم عمر کھلاڑی تھیں، تاہم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اس کامیابی کے بعد انہیں مرکزی مقابلے کے لیے خواتین کی وائلڈ کارڈ کھلاڑی منتخب کیا گیا۔ 8 اگست 2025ء کو 12 سال 363 دن کی عمر میں انہوں نے ورلڈ سرف لیگ چیمپئن شپ ٹور میں حصہ لینے والی دنیا کی کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کیلیا خواتین کے 12 رکنی مقابلے میں نویں نمبر پر رہیں۔ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا: ’’میں تہیتی پرو جیتنا چاہتی ہوں یا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنا چاہتی ہوں، یا پھر دونوں کامیابیاں حاصل کرنا چاہتی ہوں۔ میں خود کو آج سے 10 سال بعد ورلڈ چیمپئن شپ ٹور میں دیکھتی ہوں‘‘۔
یہ کم عمر کامیابیاں اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ اگر بچوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع اور حوصلہ افزائی ملے تو وہ دنیا کو حیران کن کارناموں سے روشناس کرا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments