نیا سویرا
شام ڈھل رہی تھی۔ ریاض بوجھل قدموں سے گھر کی طرف رواں دواں تھا۔ اس کا چہرہ اترا ہوا تھا۔
گھر پہنچ کر اس نے اسکول کا بیگ زمین پر دے مارا جس سے کتابیں اور کاپیاں فرش پر بکھر گئیں۔ آواز سن کر امی باورچی خانے سے نکل کر باہر آئیں اور حیرت سے پوچھا: ارے ریاض! کیا بات ہے بیٹا، آج اتنے غصے میں کیوں ہو؟۔
ریاض نے منہ پھیرتے ہوئے دو ٹوک لہجے میں کہا: امی! میں کل سے اسکول نہیں جاؤں گا۔
امی نے اس کے تیور بھانپتے ہوئے نرمی سے کہا: ٹھیک ہے! اگر اسکول نہیں جانا تو کل سے اپنے ابو کے ساتھ سبزی کے ٹھیلے پر بیٹھنا، کم از کم محنت میں ہاتھ بٹا کر کوئی ہنر تو سیکھو گے۔
ریاض دسویں جماعت کا ذہین اور ہونہار طالب علم تھا جو کبھی پڑھائی سے جی نہیں چراتا تھا، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے اس کا دل پڑھائی سے اچاٹ ہو چکا تھا۔ وہ خاموش رہنے لگا تھا اور اسکول جانے کے نام پر گھبراتا تھا۔ چوں کہ وہ والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، اس لیے لاڈلا تھا۔ اس سے پہلے جب کبھی وہ ضد کرتا تو پیار سے سمجھا کر اسے منا لیا جاتا، مگر اس بار اس کا اصرار دکھ کو ظاہر کر رہا تھا۔
اس کے والد تھکے ہارے گھر لوٹے تو انہوں نے سارا ماجرا سن کر ریاض کو اپنے پاس بلایا، محبت سے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور نرم لہجے میں پوچھا: ریاض! یاد کرو وہ دن جب تم بچپن میں میرے ساتھ سبزی کے ٹھیلے پر بیٹھتے تھے اور سڑک سے گزرنے والے اسکول کے بچوں کو دیکھ کر ضد کرتے تھے کہ میں بھی ایک دن پڑھ لکھ کر بڑا آدمی بنوں گا! پھر آج اچانک اس خواب سے منہ کیوں موڑ رہے ہو؟
ریاض نے نظریں جھکا لیں اور دھیمی آواز میں بولا: بس ابو، دل نہیں لگتا۔
نہیں بیٹا، بات صرف دل نہ لگنے کی نہیں ہے۔ مجھے بتاؤ، اصل معاملہ کیا ہے؟ ابو نے اصرار کیا۔ کچھ دیر کی خاموشی کے بعد ریاض کی آنکھوں میں آنسو چھلک آئے۔ اس نے آستین سے آنسو پونچھے اور بھرائی ہوئی آواز میں کہا: ابو! میرے اسکول کے تمام بچے بہت امیر ہیں۔ ان کے پاس مہنگے برانڈ کے بیگ، نئی چمکتی ہوئی کتابیں اور ہر روز نئی کاپیاں ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس میرا یونیفارم پرانا ہے، جوتے گھسے ہوئے ہیں اور کتابیں بھی پرانی یا مانگی ہوئی ہیں۔ وہ ہر بات پر اپنی امیری کا رعب جھاڑتے ہیں اور مجھے اپنے سامنے حقیر اور کمتر سمجھتے ہیں، میرا نام لے کر میرا مذاق اڑاتے ہیں۔ ان کا یہ رویہ اب مجھ سے برداشت نہیں ہوتا۔
والد نے اپنے بیٹے کا تر چہرہ دیکھا، مسکرا کر اسے اپنے سینے سے لگایا اور کہا: میرے بچے! جو لوگ محنت کی کمائی سے آگے بڑھتے ہیں، ان کی منزلیں زیادہ روشن ہوتی ہیں۔ کیا تم نے اس منزل کو پانے کا عزم نہیں کیا تھا؟ بڑی کامیابیوں کے راستے میں کانٹے تو آتے ہی ہیں، کیا تم اتنی جلدی ہمت ہار گئے؟
ابو کی ان محبت بھری باتوں نے ریاض کے اندر نیا سویرا پیدا کر دیا۔ اس کا دل ہلکا ہو گیا اور مایوسی کے بادل چھٹنے لگے۔ اس نے زمین پر پڑے ہوئے اپنے پرانے بیگ کو اٹھایا، سینے سے لگایا اور پرعزم لہجے میں بولا: نہیں ابو! میں ہرگز ہمت نہیں ہاروں گا۔ میں کل سے فخر کے ساتھ اسکول جاؤں گا، محنت سے ان کو غلط ثابت کروں گا اور آپ کا سر فخر سے اونچا کر کے دکھاؤں گا۔
ابو کی آنکھوں میں بھی آنسو جھلملا رہے تھے جس میں مستقبل کے خواب چمک ریے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments