فیض احمد فیض:محبت اور مزاحمت کا شاعر

تحریر : عتیق احمد


انہوں نے مشرقی اور مغربی ادب کے خزانوں سے استفادہ کیا اور اس کے کتنے ہی رنگ جذب کئے:فیض کے فکر اور فن میں ایسا امتزاج ملتا ہے جس سے انقلابی فکر اور اُردو غزل کا کلاسیکی لب و لہجہ اپنی اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے بھی زیر حوالہ دونوں مزاجوں کو راس آتا رہا

فیض۔۔۔مختصر سوانح

فیض 13 فروری 1911ء کو ضلع نارووال کی بستہ کالا قادر(اب فیض نگر) کے ایک خوشحال علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محمد سلطان خاں بیرسٹر تھے۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں فلسفہ اور انگریزی ان کے خاص مضامین تھے۔ اس کالج میں ان کو احمد شاہ بخاری پطرس اور صوفی غلام مصطفی تبسم جیسے استاد اور مربی ملے۔ تعلیم سے فارغ ہو کر 1935ء میں فیض نے امرتسر کے محمڈن اورینٹل کالج میں بطورلیکچرر ملازمت کر لی۔ یہاں بھی انہیں اہم ادیبوں اور دانشوروں کی صحبت ملی جن میں  محمد دین تاثیر، صاحبزادہ محمود الظفر اور ان کی اہلیہ رشید جہاں، سجاد ظہیراور احمد علی جیسے لوگ شامل تھے۔ 1941ء میں فیض نے ایلس کیتھرین جارج سے شادی کر لی۔ یہ تاثیر کی اہلیہ کی چھوٹی بہن تھیں۔

1947ء میں فیض نے میاں افتخار الدین کے اصرار پر ان کے اخبار ’’پاکستان ٹائمز‘‘ میں مدیر اعلیٰ کی حیثیت سے کام  شروع کیا۔ 1951ء فیض کی زندگی میں صعوبتوں اور شاعری میں نکھار کا پیغام لے کر آیا۔ ان کو حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش میں گرفتار کر لیا گیا۔یہ مقدمہ’’ راولپنڈی سازش کیس ‘‘کہلاتا ہے۔تقریباً پانچ سال انہوں نے مختلف جیلوں میں گزارے۔ آخراپریل 1955 ء میں ان کی سزا معاف کر دی گئی اور رہائی کے بعد وہ لندن چلے گئے۔ 1958ء میں فیض پاکستان واپس آئے لیکن جیل ایک بار پھر ان کی منتظر تھی۔ اسکندر مرزا کی حکومت نے کمیونسٹ مواد شائع اور تقسیم کرنے کے الزام میں ان  کو گرفتار کر لیا۔1960ء میں رہائی ملی اور وہ پہلے ماسکو اور وہاں سے لندن چلے گئے۔ 1962ء میں فیض کو لینن امن انعام ملا۔لینن انعام ملنے کے بعد فیض کی شہرت، جو ابھی تک ہندوستان اور پاکستان تک محدود تھی، ساری دنیا بالخصوص سوویت بلاک کے ممالک تک پھیل گئی۔ 1964ء میں فیض پاکستان واپس آئے اور کراچی میں مقیم ہو گئے۔ ان کو عبداللہ ہارون  کالج کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ 1977ء میں جنرل ضیاالحق نے بھٹو کا تختہ الٹا تو فیض کیلئے ملک میں رہنا مشکل ہوگیا۔ ایک دن وہ ہاتھ میں سگریٹ تھام کر گھر سے نکلے اور سیدھے بیروت جا پہنچے۔ اُس وقت فلسطینی تنظیم آزادی کا مرکز بیروت میں تھا اور یاسر عرفات سے ان کا یارانہ تھا۔ بیروت میں وہ سوویت امداد یافتہ رسالہ ’’لوٹس‘‘کے مدیر بنا دیئے گئے۔ 1982ء میں خرابیٔ صحت اور لبنان جنگ کی وجہ سے پاکستان واپس آ گئے۔ 1984ء میں فیض کوادب کے نوبیل انعام کے لئے نامزد کیا گیا تھا لیکں کسی فیصلہ سے پہلے ہی 20 نومبر 1984ء کو ان کا انتقال ہو گیا۔

فیض کے فنی محاسن اور شاعرانہ مقبولیت کا کانٹا شروع سے آج تک بیک وقت قدیم اور جدید کے نقطہ اتصال پر ٹکا ہوا ہے۔ یہ ان کے مزاج اور فنی کمال کا عجیب و غریب کرشمہ ہے کہ وہ چاہے خاموشی میں دن گزار رہے ہوں یا اُن کا تخلیقی موڈ اپنے شباب پر ہو فیض کی مقبولیت اور اُن سے والہانہ لگاؤ کی لو کبھی مدھم نہیں پڑتی۔ اُن کے پہلے مجموعہ کلام کو شائع ہوئے پچاسی برس ہو چکے ہیں، اس مجموعہ میں شامل نظموں اور غزلوں کا مزاج یکساں طور پر کلاسیکی رومانویت لئے ہوئے ہے جن میں دستِ صبا اور زندان نامہ کی بُو اور خُو  صرف اڑتی اڑتی سی ہے، لیکن اُن کی شاعری کا کوئی مجموعی تاثر ’’ نقش فریادی‘‘ کے اولین تاثر سے الگ ہو کرنہیں بن پاتا۔ اس لئے کہ اگر ان کی شاعری کا صرف انقلابی پہلو ہی بات کا موضوع ہے تو ان کے لب ولہجہ کا گدا ز دامن کش رہتا ہے؛ چنانچہ یہ سامنے کی بات ہے کہ اُن کے مداح جہاں اثر لکھنوی جیسے ثقہ اور کلاسیکی ذوق شعری کے دلدادہ تھے وہیں سجاد ظہیر ایسے انقلاب پسند بھی اُن کے گرویدہ تھے۔ ان دو حوالوں سے جن دو مختلف المزاج مکاتیب شعر و ادب کی روایات وابستہ ہیں، فیض کے فکر اور فن میں ان کا ایسا امتزاج ملتا ہے جس سے انقلابی فکر اور اردو غزل کا کلاسیکی لب و لہجہ اپنی اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے بھی زیر حوالہ دونوں مزاجوں کو راس آتا رہا۔ یہی فیض کے فن کی دین اور ان کے فکر کا وہ سرمایہ ہے جو ہر عہد کی جدیدادبی نسل کو فکر وفن کی پیر پیچ راہوں میں ہمیشہ روشنی دکھاتا رہے گا۔

 فیض کے ابتدائی فنی دور پر ایک سرسری نظر ڈالنے ہی سے یہ بات سامنے آجاتی ہے کہ اس دور کے ہر نوجوان شاعر اور ادیب کی طرح انہوں نے بھی اپنے محسوسات کو شعری پیکر دینے کیلئے مروجہ ذریعہ ترسیل یعنی غزل کو اپنا میڈیم بنایا۔ داغ کی غزل ان دنوں سکہ رائج الوقت اور حسرت کی ذات اور اُن کا اندازِ فکر لائق فخر تتبع تھا؛ چنانچہ حسرت کی غزل کے کھڑے لہجے میں داغ کے عشقیہ وفور کی اس پیوند کاری نے اختر شیرانی کے بعد سب سے زیادہ فیض کی ابتدائی شاعری میں اپنا رنگ دکھایا۔ فیض البتہ اپنی جگہ یہ انفرادیت رکھتے ہیں کہ ان کے اندر صبر و ضبط کا کمال نہ انہیں اونچے سروں کا جذباتی سہارا لینے دیتا ہے اور نہ رومانی وفور اور عشقیہ جذبات کو بے لگام ہو کر دائرہ ابتذال میں داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے۔

 بات چونکہ فیض کی غزل سے شروع ہوئی ہے اس لئے سب سے پہلے ’’نقش فریادی‘‘ سے لے کر ’’مرے دل مرے مسافر‘‘ کی غزلوں ہی پر ایک نظر ڈال لینی چاہیے تا کہ اُن کے شاعرانہ مزاج کی تہ میں ان عناصر اور عوامل کا کھوج لگانے میں آسانی ہو جائے جو انہیں ’’نقش فریادی‘‘ کے لب ولہجہ سے ’’زندان نامہ‘‘ سے لے کر ’’مرے دل مرے مسافر‘‘ کی نظموں کے رنگ و آہنگ تک لے جانے میں شروع ہی سے زیریں رو کے طور پر کام کرتے رہے۔’’نقش فریادی ‘‘کی غزلیں ہی کیا نظموں تک کے متعلق ایک متفقہ رائے شروع سے چلی آرہی ہے کہ ان میں فیض کے اندر کا رومانوی وفور انہیں ’’مجھ سے پہلی سی محبت مرے محبوب نہ مانگ‘‘ جیسا اعلان کر دینے کے باوجود ’’ طبع شاعر کے وطن کے دل آویز خطوط‘‘ کی سرحدوں سے باہر نہیں نکلنے دیتا۔ ’’نقش فریادی‘‘ کے اولین کلام کو ان کے مستقبل میں بننے والے شاعرانہ رویے کے حوالے سے یکسر رد بھی نہیں کیا جاسکتا۔ اس نکتہ پر بات کرتے ہوئے خارجی شواہد پر زور دینے کے بجائے ہم کیوں نہ فیض کے کلام سے اندرونی شہادت لے لیں اور یہ اندرونی شہادت ایک نہیں کئی ایک شہادتیں اس پہلے مجموعہ کلام کی آخری نظموں ، چند روز اور مری جان وغیرہ کے علاوہ ایک کم حوالہ دیئے جانے والی نظم ’’ہم لوگ‘‘ میں بڑی واضح ہے۔ اس نظم کے یہ اشعاردیکھئے:

تشنۂ افکار جو تسکین نہیں پاتے ہیں

 سوختہ اشک جو آنکھوں میں نہیں آتے ہیں

اک کڑا درد کہ جو گیت میں ڈھلتا ہی نہیں

 دل کے تاریک شگافوں سے نکلتا ہی نہیں 

اور اک اُلجھی ہوئی موہوم سی درماں کی تلاش 

دشت و زنداں کی ہوس، چاک گریباں کی تلاش

عوام دشمن اور عوام مخالف قوتوں سے ٹھنی ہوئی جنگ میں شریک ہو جانے کے عزائم کا یہ وہی اندازِ اظہار ہے جو بہت بعد کو ’’زنداں نامہ‘‘ کی شاعری میں

دستِ صیاد بھی عاجز ہے کفِ گلچیں بھی 

بوئے گل ٹھہری نہ بلبل کی زباں ٹھہری ہے

ذرابد لے ہوئے انداز میں آتا ہے۔ غالباً اس شعر کے حوالے سے اس بڑی واضح حقیقت کی کھلی نشاندہی تحصیلِ لا حاصل ہو گی کہ فیض کے یہاں دھیمے دھیمے سروں میں جو جذبہ مقاومت اور عزم آویزش مسلسل جاری و ساری ملتا ہے اُس کیلئے کبھی نہ ٹوٹنے پائی۔’’دست صبا‘‘فیض کی ایام اسیری کے کلام پر مشتمل ہے۔ فیض کی مخصوص طبیعت اور مزاج کے اعتبار سے تو اس مجموعہ میں غزلیہ کلام زیادہ ہونا چاہیے تھا اس لئے کہ اُن کو عزلت نشینی کا بڑا نایاب موقع ملا تھا لیکن ہوا اس کے برعکس۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ طبائع جو انجمن میں خلوت پذیر ہو جانے کی عادی ہوتی ہیں وہ خلوت میں اپنی ذات ہی میں ایک انجمن آباد کر لیتی ہیں۔ بہر حال یہ حقیقت ہے کہ اس مجموعہ میں نہ صرف یہ کہ نظموں کی تعداد غزلوں کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا سے بھی زیادہ ہے بلکہ پہلی مرتبہ  فیض اپنی آواز زیر لب کا حصار بھی توڑتے نظر آتے ہیں۔ نقش فریادی کی غزلوں کے مقابلے میں دستِ صبا کی غزلیں لب ولہجہ کے اعتبار سے فیض کے اندازِ غزل گوئی کے ہم رنگ ہوتے ہوئے بھی ان کی نظموں کے مزاج سے زیادہ پیوست ہیں۔ دستِ صبا کی غزلیہ شاعری کا آہنگ دبنگ اور نقش فریادی کے شکوہ شکایت کرنے والے لہجہ کے مقابلے میں جری ہے۔ اس سے آگے بڑھیے تو زنداں نامہ کی غزلوں میں فیض اپنے انقلابی لب و لہجہ میں کھل کرکئی قدم آگے بڑھے نظر آتے ہیں۔ دستِ تہہ سنگ سے سرِوادی ٔسینا اور شامِ شہریاراں سے لے کر مرے دل مرے مسافرتک کی غزلوں میں فیض ملک کے اندرونی حالات اور حوادثات کی بنا پر خاصے بجھے بجھے سے ملتے ہیں لیکن نظموں کی دنیا ان کا ایک الگ ہی رنگ سامنے لاتی ہے۔ 

غزلیات

ہمتِ التجا نہیں باقی

ضبط کا حوصلہ نہیں باقی

اک تری دید چھن گئی مجھ سے

ورنہ دنیا میں کیا نہیں باقی

اپنی مشق ستم سے ہاتھ نہ کھینچ

میں نہیں یا وفا نہیں باقی

تیری چشم الم نواز کی خیر

دل میں کوئی گلا نہیں باقی

ہو چکا ختم عہد ہجر و وصال

زندگی میں مزا نہیں باقی

سب قتل ہو کے تیرے مقابل سے آئے ہیں

ہم لوگ سرخ رو ہیں کہ منزل سے آئے ہیں

شمع نظر خیال کے انجم جگر کے داغ

جتنے چراغ ہیں تری محفل سے آئے ہیں

اٹھ کر تو آ گئے ہیں تری بزم سے مگر

کچھ دل ہی جانتا ہے کہ کس دل سے آئے ہیں

ہر اک قدم اجل تھا ہر اک گام زندگی

ہم گھوم پھر کے کوچہ قاتل سے آئے ہیں

باد خزاں کا شکر کرو فیض جس کے ہاتھ

نامے کسی بہار شمائل سے آئے ہیں

بہار آئی

بہار آئی تو جیسے یک بار

لوٹ آئے ہیں پھر عدم سے

وہ خواب سارے شباب سارے

جو تیرے ہونٹوں پہ مر مٹے تھے

جو مٹ کے ہر بار پھر جئے تھے

نکھر گئے ہیں گلاب سارے

جو تیری یادوں سے مشکبو ہیں

جو تیرے عشاق کا لہو ہیں

ابل پڑے ہیں عذاب سارے

ملال احوال دوستاں بھی

خمار آغوش مہ وشاں بھی

غبار خاطر کے باب سارے

ترے ہمارے

سوال سارے جواب سارے

بہار آئی تو کھل گئے ہیں

نئے سرے سے حساب سارے

منتخب اشعار

دنیا نے تیری یاد سے بیگانہ کر دیا

تجھ سے بھی دل فریب ہیں غم روزگار کے

…

ہم سہل طلب کون سے فرہاد تھے لیکن

اب شہر میں تیرے کوئی ہم سا بھی کہاں ہے

…

زندگی کیا کسی مفلس کی قبا ہے جس میں

ہر گھڑی درد کے پیوند لگے جاتے ہیں

…

یہ داغ داغ اجالا یہ شب گزیدہ سحر

وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں

…

یہ آرزو بھی بڑی چیز ہے مگر ہم دم

وصال یار فقط آرزو کی بات نہیں

…

جدا تھے ہم تو میسر تھیں قربتیں کتنی

بہم ہوئے تو پڑی ہیں جدائیاں کیا کیا

…

فیض تھی راہ سر بسر منزل

ہم جہاں پہنچے کامیاب آئے

شاعری کے مجموعے

•نقش فریادی

•دستِ صبا

•زنداں نامہ

•دست تہ سنگ

•سرِ وادی سینا

•شام شہر یاراں

•مرے دل مرے مسافر

•نسخہ ہائے وفا (کلیات)

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

صوبوں کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل

نئے صوبوں کا معاملہ اہم ترین مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ وہ باتیں جو پس پردہ یا ڈرائنگ رومز میں موضوع بحث تھیں اب پبلک ڈومین میں آ چکی ہیں۔

دو بڑوں کی ملاقات

نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ قومی سیاست پر غالب ہے اور عمومی رائے یہی بنتی نظر آ رہی ہے کہ اس حوالہ سے سیاسی قوتوں کو یکسوئی اور سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے اس پر آگے بڑھنا چاہئے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ایسی حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، جو ملک میں گورننس کے عمل کو یقینی بنانے اور سسٹم کو ری سیٹ کرنے میں مدد کرے تا کہ جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں ۔

نئے صوبوں سے خوفزدہ کیوں؟

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں پر اپنی رائے ظاہر کردی ہے، لیکن ان کے جملوں نے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔

غیر قانونی مائننگ ،بڑے نام ملوث

کوہاٹ میں سونے کی غیرقانونی مائننگ روکنے کیلئے جانے والی پولیس ٹیم پر حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیاجس میں کئی قیمتی جانیں گئیں۔

بھرپور توجہ کی ضرورت!

صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت، صنعت اور تجارت کے امکانات سے مالا مال ہے تاہم بے روزگاری، مہنگائی اور امن و امان کے مسائل سے دوچار ہے۔

لیگی قیادت کا دورہ آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے سو روزہ اصلاحاتی و ترقیاتی منصوبہ کو عملی شکل دینے کے دعوؤں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جبکہ اس تناظر میں جماعت کی مرکزی قیادت کا مظفرآباد کا دورہ سب سے بڑی سیاسی سرگرمی بن گیا۔