نئے صوبوں سے خوفزدہ کیوں؟
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں پر اپنی رائے ظاہر کردی ہے، لیکن ان کے جملوں نے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔
بلاول بھٹو کے مطابق زور زبردستی سے سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، میں خون خرابا نہیں دیکھنا چاہتا۔ بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کی تجویز کو بھی رد کیا اور کہا کہ یہ تجویز دینا بھی غیرآئینی طریقہ تلاش کرنے کے مترادف ہے۔ بقول اُن کے، سسٹم ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے لیکن اسے سیاسی ری سیٹ ہی ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دیا اور کہا کہ ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے، ہمیں انہیں آزاد کرنا ہوگا، اگر ہم نے آج یہ نہ کیا تو کل کرنا ہوگا۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن کی حمایت میں بھی خاصی دیر تک بات کی۔بلاول بھٹو کے بیان کے فوری بعد وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا ردعمل بھی سامنے آگیا، انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالا تر ہے۔مسلم لیگ کے رہنما رانا ثنااللہ یہ بات کہہ چکے ہیں کہ صوبوں پر بحث پارلیمان میں ہوگی، یہی بات عطا تارڑ نے کی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ نئے صوبوں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور ان کے خیال میں نیا سال نیا نظام ساتھ لائے گا،تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کا اتفاق رائے بھی حاصل کرلیا جائے گا اور چند ہفتوں میں ہی ایسا ہوجائے گا۔ نئے انتظامی یونٹس کسی کی سیاست کیلئے خطرے کا باعث نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر زرداری اور میاں نواز شریف بھی اس کام کو ممکن بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔
ایم کیو ایم تو پہلے ہی نئے صوبوں کے حق میں تھی، اب جماعت اسلامی اور استحکام پاکستان پارٹی نے بھی اپنا وزن اس پلڑے میں ڈال دیا ہے۔ ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے انتظامی یونٹس کو وقت کی ضرورت قرار دیا، فاروق ستار نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس قائم ہونا ہیں، 2027ء سے پہلے ہی ملک بھر میں ریفرنڈم کرا دیا جائے۔ مصطفی کمال کے مطابق موجودہ نظام ڈیلیور نہیں کررہا، پیپلز پارٹی کو اگر اپنی کارکردگی پر اعتماد ہے تو پھر فکر کی کیا بات ہے، 10صوبے بھی بنادیے جائیں تو ہر جگہ پیپلز پارٹی کا ہی وزیراعلیٰ ہوگا،لیکن پیپلز پارٹی کو معلوم ہے اس نے عوام کی بھلائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے بھی موجودہ صورتحال کو 18ویں ترمیم کا شاخسانہ قرار دیا اور بولے کہ اس ترمیم نے ملک کو تباہ کردیا، نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم ہوگا اور دسمبر انتہائی اہم ہے۔مصطفی کمال نے کوٹہ سسٹم اور جعلی ڈومیسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ مسائل صرف کراچی اور حیدرآباد کے ہیں، پورے ملک میں ایسا کوئی نظام نہیں ہے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے بھی پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کراچی کے طلبہ کو ظلم و زیادتی کا سامنا ہے، سیکڑوں کی تعداد میں جعلی ڈومیسائل بنائے گئے اور ان پر ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ دیا گیا، ایسا لگ رہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کے عوام کے حقوق کھانے کا ٹھیکہ اٹھا رکھا ہے،ایم کیو ایم اپنے بچوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ جماعت اسلامی نے آئین کے مطابق صوبوں کے قیام کی حمایت کی۔
ماحول کی بات کریں تو ایسا لگ رہا ہے کہ ایک ایک کرکے تمام سیاسی جماعتیں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی حمایت پر راضی ہورہی ہیں۔ پی ٹی آئی کا مؤقف بھی سامنے آچکا ہے اور ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی تک صوبوں کی تقسیم کے حق میں ہیں۔ پیپلز پارٹی اپنے سخت مؤقف کے ساتھ بیانیہ بنائے کھڑی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے وقت میں آصف علی زرداری بیچ کا راستہ نکالتے ہوئے معاملات کو بہتری کی جانب لے جانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنی تقریروں سے اپنے ورکرز کا خون گرمانے کے ساتھ ساتھ سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھاتے چلے جائیں گے۔
کچھ بات شعبہ تعلیم کی بھی، جس میں سندھ حکومت انقلابی اقدامات کی دعویدار ہے۔ ایم کیو ایم کی تنقید کو سیاسی بیان بازی سمجھ کر ایک طرف رکھ دیا جائے تو یونیسیف کی رپورٹ کو کس طرح مسترد کیا جاسکتا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت 70لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہزاروں عمارتیں تباہ ہیں، فرنیچر ہے نہ چار دیواری۔ بنیادی سہولتوں کا دور دور تک پتہ نہیں، لاکھوں بچوں کا مستقبل تاریک ہے۔دادو اور دیہی علاقوں میں صورتحال بھیانک ہے۔ طویل عرصہ بیت گیا لیکن سیلاب سے تباہ سکولوں کی عمارتیں بحال نہیں کی جاسکیں۔ ان حالات کے باعث لوگ اپنی بچیوں کو سکول بھیجنے پر پریشان ہیں۔ شرح خواندگی پہلے ہی اچھی نہ تھی اب تو مزید گر رہی ہے۔ ہر برس شعبہ تعلیم کے لیے اربوں کا بجٹ مختص کیا جاتا ہے لیکن ان کے درست جگہوں پر استعمال پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔جعلی ڈومیسائل پر امتحان کا معاملہ ہو، یا تعلیم کی صورتحال، تباہ حال سڑکیں ہوں یا صوبے کا کوئی بھی مسئلہ، یقینی طور پر سندھ حکومت بہتر کام کرنا چاہتی ہوگی لیکن کالی بھیڑیں اس کی کوششیں ناکام بناتی نظر آرہی ہیں۔ یہ کالی بھیڑیں کئی دہائیوں سے یہی کام کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔ صرف مخالفین پر تنقید سے کوئی فائدہ نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments