انوکھا مہمان
ارشو ایک سیدھا سادہ اور اپنے گھر میں سب سے پیارا اور لاڈلا بیٹا تھا۔اس کا اصل نام ارشد تھا۔ لیکن سب اسے پیار سے ارشو کہتے تھے۔ ارشو موٹے شیشوں والی عینک لگائے ہر وقت اپنی پڑھائی میں مگن رہتا مگر اس کے ساتھ سب کے کام آتا اور سب سے دعائیں لیتا۔
اسے بھول جانے کی عادت تھی۔ اس کی امی اسے ہمیشہ ایک بات سمجھاتیں کہ ارشو اپنے سکول بیگ کو ہمیشہ بند کر کے رکھو اور جس سبجیکٹ کا کام کرنا ہو صرف اس کی کتاب اور کاپی باہر نکالو ،باقی بیگ کو فوراً بند کردیا کرو۔ ارشو ان کی بات کو اکثر نظر انداز کر دیتا اور اپنے کاموں میں مگن رہتا۔
ایک مرتبہ ارشو کی گلی اور آس پاس حتی کہ سکول میں بھی چوہے آ نکلے۔ ہر کوئی چوہوں کی بے وقت آمد سے بے حد پریشان رہتا۔ اس کی امی نے اس کو پھر سختی سے اس بات کی تنبیہ کی کہ بیگ اور جیومیٹری کو بند رکھنا مگر ارشو کو یہ بات بھول جاتی۔
ایک مرتبہ ارشو سکول کے وقت کلاس روم میں بڑی دلجمعی سے اپنا سبق یاد کر رہا تھا کہ اچانک اس کے دوست شبیر نے کلاس میں چوہا دیکھ لیا اور ہر طرف کھلبلی مچ گئی۔
ارشو پہلے تو ڈر کر کلاس سے باہر نکلا لیکن پھر وہ دیوار کے ساتھ کھڑا دنیا و مافیا سے بے خبر اپنے سبق یاد کرنے لگا۔ کچھ دیر بعد چپڑاسی نے چوہا نکال دیا تو شور تھما ۔
کلاس میں ٹیسٹ سٹارٹ ہونے کو تھا کہ ارشو نے فوراً اپنے بیگ سے ٹیسٹ کاپی نکالی جیسے ہی اس نے بیگ سے کاپی نکالنے کیلئے اندر ہاتھ ڈالا تو یکدم اس کو محسوس ہوا کہ اس کے ہاتھ میں کسی نے کاٹا ہے۔ جب ارشو نے بیگ کے اندر ذرا غور سے دیکھا تو ایک بار پھر ارشو کی چیخ کے ساتھ سارے کلاس کی چیخیں بلند ہوگئیں۔
ہائے ہائے اللہ میاں،میری چیزیں، ہائے ہائے۔ ارشو اور دیگر بچے کلاس سے باہر آگئے۔ چپڑاسی پھر کلاس میں آیااور چوہے کو باہرنکالا۔ اس دوران ارشو کے اوسان خطا ہوگئے، اس کا دل تیز تیز دھڑک رہا تھا۔
شبیر نے کہا :بھائی اپنے بیگ کو بند رکھا کرو۔ کوئی نہ کوئی کیڑا یا جانور اندر جاسکتا تھا۔ دیکھ لو اب چوہا پورا تمہارے بیگ میں چلا گیا نا۔ یہ سن کر ارشو دیوار کے ساتھ لگا اپنی امی کی بات یاد کررہا تھا۔
ٹیسٹ دینے اور چھٹی ہونے کے بعد جب ارشو گھر پہنچا تو اس نے سارا ماجرہ اپنی امی کو سنایا۔ مگر اب کیا ہو سکتا تھا۔ چوہے نے اس کی دو کاپیوں اور ایک کتاب کو اچھا خاصا کٹر دیا تھا۔ ارشو کو اس کا شدید صدمہ تھا۔ اب اس نے اپنی امی کی بات کو ماننے کا پکا تہیہ کرلیا۔
پیارے بچو! ماں باپ کو کبھی غلط نہیں کہتے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments