غیر قانونی مائننگ ،بڑے نام ملوث
کوہاٹ میں سونے کی غیرقانونی مائننگ روکنے کیلئے جانے والی پولیس ٹیم پر حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیاجس میں کئی قیمتی جانیں گئیں۔
اس واقعے کے بعد خیبرپختونخوا میں سونے کی مائننگ پر پھر سے سوالات اٹھنے شروع ہوگئے ہیں۔ گورنرفیصل کریم کنڈی نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کی اور اس میں متعدد افرادکو چارج شیٹ کردیا۔بیشتر افراد کا تعلق پی ٹی آئی سے بتایا گیا جن میں معزول صوبائی وزیر اور سینیٹر کا نام بھی شامل تھا۔جے یو آئی کے عہدیدار پر بھی الزام عائد کیاگیا۔ گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ دو ہزار سے زائد ایسکیویٹر اور دیگرمشینری سونے کی غیر قانونی مائننگ میں لگی ہوئی تھی اورکوہاٹ اور نوشہرہ دونوں اضلاع میں یہ غیر قانونی کام دھڑلے سے جاری تھا۔ پریس کانفرنس میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ سیاستدانوں کے نام تو لے لئے گئے ہیں لیکن جن سرکاری افسروں کی ناک کے نیچے یہ کام ہورہاتھا کیا ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی کی جائے گی؟صحافی کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ان میں سے بعض افسر مبینہ طورپر بڑی بڑی گاڑیوں میں بھی گھوم رہے ہیں اوران کے خلاف کارروائی کے بجائے انہیں اچھی جگہوں پر تعینات کیاگیا ہے۔ اس سوال کا جواب گول کردیاگیاحالانکہ یہ نقطہ انتہائی اہم ہے۔یہ بھلا کیسے ممکن ہے کہ دو ہزار سے زائد بھاری مشینیں سونے کی غیرقانونی مائننگ کررہی ہوں اور اس ضلع کی انتظامیہ کو اس کا علم نہ ہو۔سیاستدانوں کے نام لے لئے گئے لیکن ان افسروں کے خلاف کیاکارروائی ہوگی جنہوں نے اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی نہیں کی ؟کوہاٹ اور نوشہرہ کو اسی لئے پرکشش اضلاع سمجھا جاتا ہے جہاں تعیناتی کیلئے سرکاری افسروں کی جانب سے ایڑھی چوٹی کا زور لگایاجاتا ہے۔ اگر صوبے کا حکومتی سیٹ اپ اس معاملے کی چھان بین اور کارروائی میں سنجیدہ ہے تو انہیں ان بابوؤں سے شروع کرنا ہوگاجن کی ناک تلے یہ دھندہ چل رہاتھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے بتایاگیا کہ انچاس ہزار افراد غیر قانونی مائننگ میں ملوث تھے اورماہانہ چار ارب روپے کا سونا نکالا جا رہا تھا۔یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اتنی بڑی تعدادمیں کام کرنے والے افراد ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگراداروں کی نظروں سے اوجھل ہوں۔بلاشبہ اس دھندے میں بہت سے بااثر افراد ملوث ہیں۔ یہ چند افراد کا کام نہیں، اس میں یقینی طورپر پورا مافیا ملوث ہے جو ایک دوسرے کو سپورٹ بھی کر رہا ہے۔ اس معاملے کی انکوائری ریٹائرڈ جج کے بجائے حاضر سروس جج سے کروائی جانی چاہئے اور سیاسی اقربا پروری سے ہٹ کر اس تمام معاملے کی تفتیش کرنی ضروری ہے۔ جن سیاستدانوں کے نام گورنر کی جانب سے لئے گئے ہیں ان کی جانب سے تردید بھی آگئی ہیں، کچھ نے تو سوشل میڈیا پر حلف کے ساتھ اپنی ویڈیو جاری کی ہیں اور اسے سیاسی انتقام قرار دیاہے۔ یہاں ایک دلچسپ نقطہ جو سامنے آرہا ہے وہ یہ ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے پریس کانفرنس میں پہلے سونے کی غیرقانونی مائننگ میں مبینہ طورپرملوث افراد کے نام بتائے اور اس کے بعد اس واقعے اور اس سے جڑے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کااعلان کیا۔چاہئے تو یہ تھا کہ جب جوڈیشل کمیشن قائم کیاجارہاہے تو پھر اس کمیشن کو ہی اس بات کا اختیار دیاجاتا کہ وہ اس میں ملوث ناموں کا کھوج لگائے اور اس حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے،کمیشن کے قیام سے پہلے ناموں کا اعلان اس تمام عمل کو متنازع بنا رہا ہے۔ یوں لگ رہاہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی اوران کی ایڈوائزری کونسل کوشش تو کررہی ہے لیکن ان پر حالات کا دباؤ بھی ہے جس کی وجہ سے ان کی جانب سے پے درپے غلطیاں ہورہی ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق پلیسر گولڈ پر کام کرنے کیلئے چار کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے تھے اور اب اس پر تمام کام روک دیاگیا ہے، یعنی جن کمپنیوں کے پاس لائسنس ہیں وہ بھی اب کام نہیں کرسکیں گے۔ چاہئے تو یہ تھاکہ جو افراد غیرقانونی طورپر ملوث ہیں ان کے خلاف ہی کارروائی کی جاتی لیکن جن کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے تھے انہیں بھی کام سے روک دیاگیا ہے۔ محکمہ معدنیات کے ذرائع کے مطابق جن چار کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے تھے ان میں بھی کافی بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ اگرایسا ہے تو کیالائسنس دینے کے عمل میں شامل تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی؟اس حوالے سے قانون سازی بھی کی جارہی ہے۔
گورنر کی ایڈوائزری کونسل کو ایک ماہ مکمل ہوگیاہے، اورکونسل کے ممبران کی جانب سے بریفنگز کا سلسلہ جاری ہے۔ امن وامان اور دہشت گردی کے حوالے سے محکمہ داخلہ کی بریفنگ کے بعد گزشتہ روز محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ کا اہتمام کیاگیا۔اس بریفنگ میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل(ر) جوہر نگار نے پی ٹی آئی کی جانب سے نافذ کئے گئے ایم ٹی آئی نظام کو درست قرار دیا اور کہاکہ دنیابھرمیں ایجوکیشنل انسٹیٹیوٹ اور ہسپتال ساتھ ساتھ چلتے ہیں، یہاں بھی یہی نظام ہے، لیکن اس میں موجود خامیوں کو دور کیاجائے گا۔صحت کارڈ کے حوالے سے ان کایہ کہناتھا کہ مریض کے پوائنٹ آف ویو سے وہ اس معاملے کو دیکھتی ہیں، چونکہ مریض اس سے خوش ہیں لہٰذا انہیں بھی اس سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن اس میں موجود خامیوں کو ضرور دور کیا جائے گا۔یہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے اس سے قبل بھی موجود سیٹ اپ کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں شروع کئے گئے اچھے کاموں کوبند نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز ہونے والی بریفنگ سے بھی یہی تاثر مل رہا ہے البتہ صحت کارڈ کے حوالے سے آڈٹ کیاجارہا ہے اور یہ ضروری بھی ہے۔ صحت کارڈ کے ذریعے علاج کروانے والے مریضوں کو غیرمعیاری ادویات دینے کی کچھ شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔ اسی طرح صحت کارڈ کے ذریعے سینکڑوں ڈیلیوری کیسز نارمل کے بجائے آپریشن کے ذریعے کئے گئے۔ ان تمام معاملات کی چھان بین ضروری ہے۔ صحت کارڈ پی ٹی آئی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے صوبے کے کروڑوں عوام مستفید ہورہے ہیں لیکن اس پراجیکٹ میں شفافیت لانے کی اشد ضرورت ہے۔
دوسری جانب معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو انسداد ہشت گردی عدالت میں پیش نہیں کیاجاسکا۔ایک طرف خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ حفاظتی تحویل میں ہیں تو دوسری جانب انہی کے محکمے کے افسرانہیں عدالت میں پیش کرنے سے معذوری ظاہرکررہے ہیں جس پر عدالت کی جانب سے انہیں مفرور قراردئیے جانے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔تاہم پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی خاص ہلچل نہیں ہے۔ بے جان قسم کے بیانات تو سوشل میڈیا پر آرہے ہیں لیکن عملی طورپر احتجاج یا کوئی بھی لائحہ عمل سامنے نہیں آرہا۔یوں لگ رہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے کسی خاص فیصلے کا انتظار کیاجارہاہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments