دو بڑوں کی ملاقات
نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ قومی سیاست پر غالب ہے اور عمومی رائے یہی بنتی نظر آ رہی ہے کہ اس حوالہ سے سیاسی قوتوں کو یکسوئی اور سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے اس پر آگے بڑھنا چاہئے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ایسی حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، جو ملک میں گورننس کے عمل کو یقینی بنانے اور سسٹم کو ری سیٹ کرنے میں مدد کرے تا کہ جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں ۔
رواں ہفتہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی لاہور ماڈل ٹائون میں وزیراعظم شہبازشریف کی رہائش گاہ پر آمد اور یہاں مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داران سے مشاورت کے بارے حکومتی اعلامیہ میں تو ظاہر کیا گیا کہ مذکورہ ملاقات کا مقصد ملک کو درپیش معاشی مسائل اور سیاسی معاملات پر غورو خوض تھا لیکن ملاقات کی ٹائمنگ کو نئے صوبوں کے قیام کے حوالہ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کو نہایت اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہاہے۔ یہ ملاقات اس حوالہ سے بھی اہم تھی کہ حکومت میں شامل ذمہ داران نئے صوبوں کے قیام کے حوالہ سے پیش رفت کا حصہ بنتے نظر آ رہے ہیں۔وزیر داخلہ محسن نقوی کی نئے صوبوں کے حوالہ سے ریفرنڈم کی تجویز اور پھر پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک احمد خان کی جانب سے نئے صوبوں کے حوالہ سے ریفرنڈم کی حمایت سے بہت کچھ واضح ہوجاتا ہے کہ نئے صوبوں پر پیش رفت کیلئے سنجیدگی سے کام جاری ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا یہ کہنا بھی اہم ہے کہ نئے صوبوں کے حوالہ سے تمام خدشات اتفاق ِرائے میں تبدیل ہو جائیں گے اور تعاون کرنے پر پی ٹی آئی بھی مین سٹریم سیاست میں واپس آ سکتی ہے۔ (ن) لیگ کی جانب سے ریفرنڈم پر حتمی اعلان تو نہیں ہوا لیکن کراچی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نئے صوبوں کے عمل پر تحفظات اور26 اور 27ویں ترمیم کو دبائو کا نتیجہ قرار دینے کے فوری بعد وزیر اطلاعات عطا تارڑکی جانب سے آنے والے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کے حوالہ سے یکسو نہیں اور نئے صوبوں کے حوالہ سے خاصے فاصلے پر کھڑی ہے۔
ویسے تو لاہور میں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات کے حوالہ سے بھی یہی چہ مگوئیاں تھیں کہ صدر آصف زرداری نے نئے صوبوں کے بارے اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور ان سے مدد طلب کی تھی لیکن مسلم لیگ (ن) کی سیاست میں اہم سیاسی فیصلے پارٹی سربراہ نوازشریف کی تائید سے مشروط ہوتے ہیں اورنوازشریف نے اس حوالہ سے اپنی مٹھی بند کر رکھی ہے۔ واقفانِ حال کا کہنا ہے کہ( ن) لیگ اس ضمن میں پیپلزپارٹی کی طرف دیکھ رہی تھی کہ پیپلزپارٹی کیا فیصلہ کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مؤقف سامنے آنے سے ایک بات تو واضح ہوئی ہے کہ پیپلزپارٹی نئے صوبوں خصوصاً سندھ کی تقسیم کے حق میں نہیں اورانہوں نے سندھ کی زبردستی تقسیم پر خون بہنے کی بات بھی کر دی اور یہ بھی کہہ ڈالا کہ 27ویں ترمیم جبراً منظور کرائی گئی تھی۔ انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تنقید کی اور پی ٹی آئی کے سربراہ کو سیاسی قیدی قرار دے کر یہ واضح کر دیا کہ موجودہ صورتحال میں وہ لائن کی دوسری جانب کھڑے ہیں ۔ ویسے تو ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات مفادات سے بھرپور تھے لیکن لگتا یہ ہے کہ وہ مقتدرہ کو دبائو میں لانے کی پالیسی پرگامزن ہیں۔جہاں تک پیپلزپارٹی کا یہ خیال ہے کہ وہ نئے صوبوں کے عمل پر اثر انداز ہو پائے گی تو فی الحال تو یہ خام خیالی لگتی ہے۔ البتہ خود بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات اور سوالات پر زیادہ پریشانی مقتدرہ کی بجائے پیپلزپارٹی کو ہے، اس لئے کہ اس وقت پیپلزپارٹی کی موجودہ سسٹم میں سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حکومت ہے اور مملکت کے آئینی عہدے بھی انہی کے پاس ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جو مؤقف اختیار کیا ہے اس حوالہ سے دیکھنا ہوگا کہ کیا صدر مملکت آصف زرداری کی تائید بھی انہیں حاصل ہے؟
اس لئے کہ پیپلزپارٹی میں حتمی فیصلوں کا اختیار بلاول بھٹو زرداری کو نہیں صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاس ہے اور وہ بظاہر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ یہ امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ صدر آصف زرداری اس گمبھیر صورتحال میں سے کوئی راستہ نکالیں۔ادھر ( ن) لیگ کی سیاست کو گہرائی سے سمجھنے والے یہ بات کرتے نظر آ رہے ہیں کہ نوازشریف بھی بالاآخر نہ چاہتے ہوئے نئے صوبوں کے عمل کو قبول کر سکتے ہیں اس لئے کہ اس مرحلہ پر (ن) لیگ اینٹی اسٹیبلشمنٹ مؤقف اختیار کرنے کی اپوزیشن میں نظر نہیں آ رہی، لہٰذا اس صورتحال میں کہا جا سکتا ہے کہ مجوزہ نئے سسٹم اور صوبوں کی تشکیل کے حوالہ سے نومبر، دسمبر اہم ہیں۔ اس میں بنیادی فیصلے ہونے ہیں۔ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ فیصلہ ساز نئے صوبوں کے حوالہ سے سینیٹ کے انتخابات سے قبل اس عمل کی تکمیل چاہتے ہیں اور ریفرنڈم کے بعد بھی یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں طے ہونا ہے اور اس حوالہ سے گیند سیاسی قوتوں کی کورٹ میں ہے۔
ادھرپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے الیکشن کمیشن کی یکسوئی نظر آ رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے دو مرحلوں میں بلدیاتی انتخابات کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے اعلان کردہ شیڈول پر عمل درآمد نہیں ہو سکا اور اس کی بڑی وجہ وفاقی حکومت کے تحفظات تھے۔ پنجاب میں الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے 7فروری کی تاریخ دی ہے اور مرحلہ وار انتخابات کا اعلان کیا ہے۔تاہم رمضان المبارک اور عید الفطر کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد یقینی نہیں لگتا۔ حالات پر گہری نظر رکھنے والے یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ مؤثر بلدیاتی سسٹم مجوزہ 28ویں ترمیم کا حصہ ہو گا اور اس حوالہ سے بلدیاتی سسٹم میں بنیادی تبدیلیاں لائی جا ئیں گی اور بلدیاتی انتخابات نئے نظام کے تحت ہی ہوں گے اس لئے پنجاب میں جاری انتخابی شیڈول پر عمل درآمد ممکن نظر نہیں آ رہا۔ اس سے قبل کوئٹہ، خیبرپختونخوا، اسلام آباداور پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کی کئی بار تاریخیں دی جا چکی ہیں لیکن صوبائی حکومتیں ان فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے تیار نہیں۔اب بھی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول بارے حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ اس پر پیش رفت ہو گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اس سسٹم کو آئینی تحفظ ملنے کے بعد چاروں صوبوں میں ایک نظام اور ایک ہی تاریخ کے تابع ہوگا۔ کیا ایسا ممکن بن پائے گا اس حوالہ سے آنے والے چند ہفتے اہم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments