سرما:مومن کیلئے عبادت کا موسم
سردیوں کی طویل راتیں تہجد اور دیگر نوافل کیلئے بہترین موقع ہیں سردیوں کا موسم مومن کیلئے بہار ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھ لیتا ہے اور راتیں لمبی ہوتی ہیں تو قیام کرتا ہے(السنن الکبریٰ للبیہقی)
موسم کا بدلنا اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حکمت کی نشانیوں میں سے ہے۔ سردی ہو یا گرمی، بارش ہو یا دھوپ، ہر چیز اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع ہے۔ کائنات کا نظام اسی کے ارادے سے چل رہا ہے۔
موسمِ سرما بھی محض درجہ حرارت میں کمی کا نام نہیں، بلکہ ایک مسلمان کیلئے اس میں غور و فکر، عبرت اور عبادت کے کئی پہلو موجود ہیں۔ قرآن و حدیث میں سردی اور گرمی کے حوالے سے ایسے مضامین ملتے ہیں جو انسان کو اللہ تعالیٰ کی قدرت یاد دلاتے اور آخرت کی تیاری کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔
سردی اور گرمی جہنم کے دو سانس
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جب سخت گرمی ہو تو نماز کو ٹھنڈے وقت میں ادا کرو، کیونکہ گرمی کی شدت جہنم کی تپش سے ہے۔ جہنم نے اپنے رب کے حضور عرض کیا کہ اے میرے رب! میرے بعض حصے بعض کو کھا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اسے دو سانس لینے کی اجازت دی، ایک سردیوں میں اور ایک گرمیوں میں۔ چنانچہ تم جو شدید گرمی اور شدید سردی محسوس کرتے ہو، وہ انہی دو سانسوں کا اثر ہے (صحیح بخاری: 536)۔اس حدیث میں تقاضہ یہ ہے کہ موسم کی شدت انسان کیلئے آخرت کی یاد دہانی کا ذریعہ بھی ہے۔ جب دنیا کی گرمی اور سردی برداشت کرنا مشکل ہو جاتا ہے تو انسان کو جہنم کے عذاب کی شدت کا تصور کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے اس سے پناہ مانگنی چاہیے۔
جہنم کی سردی
عام طور پر انسان جہنم کے عذاب کا تصور کرتے ہوئے صرف آگ اور گرمی کو ذہن میں رکھتا ہے، حالانکہ احادیث میں جہنم کے شدید سرد حصے کا بھی ذکر ملتا ہے جسے ’’زمہریر‘‘ کہا جاتا ہے۔ حضرت کعب احبار رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ جہنم میں ایسی سردی بھی ہے جو ہڈیوں سے گوشت گرا دیتی ہے (حلیۃ الاولیاء)۔یہ بات انسان کو متوجہ کرتی ہے کہ جہنم کا عذاب صرف آگ کی صورت میں نہیں، بلکہ اس کی سردی بھی انتہائی سخت ہوگی۔ لہٰذا سردی کے موسم میں ایک مسلمان کو اللہ تعالیٰ سے جہنم کے عذاب سے پناہ مانگنی چاہیے۔
اسی طرح قیامت کے دن کی سختی بھی انسان کیلئے غور و فکر کا مقام ہے۔ اس دن سورج قریب کر دیا جائے گا اور لوگ اپنی حالت کے مطابق سخت پریشانی میں ہوں گے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ کے عرش کا سایہ سات خوش نصیب لوگوں کو نصیب ہو گا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’سات قسم کے لوگوں کو اللہ تعالیٰ اس دن اپنے سائے میں جگہ عطا فرمائیں گے جس دن اس کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہ ہو گا‘‘۔ پھر آپﷺ نے ان سات لوگوں کا ذکر فرمایا، جن میں انصاف کرنے والا حکمران، اللہ کی عبادت میں جوانی گزارنے والا نوجوان، مسجد سے دل لگانے والا شخص، اللہ کیلئے محبت کرنے والے دو افراد، گناہ کی دعوت کے باوجود اللہ سے ڈرنے والا شخص، چھپا کر صدقہ کرنے والا اور تنہائی میں اللہ کو یاد کرکے رونے والا شامل ہیں(صحیح بخاری: 660 )۔یہ حدیث ہمیں بتاتی ہے کہ دنیا کی سختیوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ آخرت کے دن کیلئے بھی نیک اعمال کا ذخیرہ جمع کرنا ضروری ہے۔
موسمِ سرما مومن کیلئے بہار
حضرت ابوسعید خدری ؓسے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سردیوں کا موسم مومن کیلئے بہار ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھ لیتا ہے اور راتیں لمبی ہوتی ہیں تو قیام کرتا ہے۔(السنن الکبریٰ للبیہقی: 8719)۔
سردیوں کا موسم عبادت کیلئے ایک خاص موقع فراہم کرتا ہے۔ دن چھوٹے ہونے کی وجہ سے روزہ رکھنا نسبتاً آسان ہوتا ہے، جبکہ راتیں طویل ہونے کی وجہ سے تہجد اور نوافل کیلئے زیادہ وقت میسر آتا ہے۔ ایک سمجھ دار مسلمان اس موسم کو غفلت اور سستی میں گزارنے کے بجائے اپنی عبادت بہتر بنانے کا ذریعہ بناتا ہے۔
سردیوں میں وضو اور
تہجد کی فضیلت
سردیوں میں پانی ٹھنڈا ہوتا ہے اور وضو کرنا بعض اوقات دشوار محسوس ہوتا ہے، لیکن ایک مسلمان کو چاہیے کہ اس دشواری کی وجہ سے طہارت میں کوتاہی نہ کرے۔ وضو کے تمام اعضاء کو اچھی طرح دھوئے اور نماز کی پابندی کرے۔ شریعت میں مشقت کے باوجود نیکی پر ثابت قدم رہنے کی بڑی فضیلت ہے۔اسی طرح سردیوں کی طویل راتیں تہجد اور دیگر نوافل کیلئے بہترین موقع ہیں۔ حضرت عبداللہ بن مسعودؓسے منقول ہے کہ اللہ تعالیٰ دو آدمیوں پر خوش ہوتے ہیں، ان میں ایک وہ شخص ہے جو سرد رات میں اپنے بستر اور لحاف کو چھوڑ کر وضو کرتا ہے اور نماز کیلئے کھڑا ہو جاتا ہے۔ (المعجم الکبیر للطبرانی: 8532)
جب انسان گرم بستر چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا ہوتا ہے تو یہ اس کے اخلاص، محبت اور شوقِ عبادت کی علامت ہے۔
ہمیں کیا کرنا چاہیے ؟
موسمِ سرما ہمیں کئی اہم باتوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی قدرت پر غور کرنے، آخرت کو یاد کرنے اور عبادت میں محنت کرنے کا موقع ہے۔ سردی کی شدت محسوس ہو تو جہنم کے عذاب سے پناہ مانگنی چاہیے، راتیں طویل ہوں تو تہجد اور تلاوتِ قرآن کا اہتمام کرنا چاہیے اور دن چھوٹے ہوں تو نفلی روزوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہمیں ان لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے جن کے پاس سردی سے بچنے کیلئے مناسب لباس، گرم بستر اور دیگر سہولیات موجود نہیں۔ ضرورت مندوں کی مدد کرنا، انہیں گرم کپڑے فراہم کرنا اور ان کی ضروریات پوری کرنا بھی نیکی کے کام ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے ہمیں زندگی کے ہر موسم میں اپنی عبادت کا حکم دیا ہے۔ کامیاب انسان وہ ہے جو موسم کی تبدیلی کو محض دنیاوی تبدیلی نہ سمجھے، بلکہ ہر حال میں اپنے رب کو یاد رکھے اور آخرت کی تیاری کرتا رہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں موسمِ سرما کی برکتوں سے فائدہ اٹھانے، عبادات کا اہتمام کرنے اور جہنم کے عذاب سے محفوظ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امین
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments