حمدوتسبیح

تحریر : مولانا رضوان اللہ پشاوری


’’اے ایمان والو!اللہ تعالیٰ کا بہت زیادہ ذکر کیا کرو‘‘(الاحزاب:41) اور کثرت سے اللہ کا ذکر کرنے والے مرد اور ذکر کرنے والی عورتیں ، اللہ نے ان سب کیلئے بخشش اور عظیم اجر تیار فرما رکھا ہے(الاحزاب:35)

حضرت ابو ہریرہ ؓ سے مروی ہے کہ رحمت ِ عالم ﷺنے ارشاد فرمایا’’ بیشک اللہ تعالیٰ کے 99 نام ہیں، (یعنی) 100 میں ایک کم، جس نے ان کو(یاد کیا، یا ان کو پڑھا یا ان کے معانی جانے اور ان پر عمل کیا اور محفوظ کر لیا )وہ جنت میں داخل ہوگا‘‘(متفق علیہ)۔ 

بلاشبہ اللہ جل جلالہ کی عبادت و معرفت کا جذبہ اور حوصلہ انسانی فطرت اور طبیعت کا خاصہ اور ایک حصہ ہے ،یہی وجہ ہے کہ اس دنیا کے انسان نے اپنے خالقِ حقیقی کو دیکھا تونہیں، لیکن اس کے باوجود اس کی زندگی میں کوئی خوشگوار واقعہ پیش آتا ہے توعموماً جبینِ انسانی میں سجدئہ شکر مچلنے لگتا ہے اور جی چاہتا ہے کہ اس ان دیکھی غیبی ہستی کا شکر ادا کرے۔ایسے ہی جب کوئی ناگوار حادثہ پیش آتا ہے تو انسانی ہاتھ اسی نادیدہ ذات کی طرف بے اختیار بڑھتے اور پھیلتے ہیں اور آنکھیں اپنے عجز کے اظہار میں اشکبار ہو جاتی ہیں،اسی کا نتیجہ ہے کہ دنیا کی تاریخ کا کوئی زمانہ اور کائنات کا کوئی خطہ خدا پرستی کے اس فطری جذبے سے خالی نہیں رہا ،ہمیشہ سے دنیا والے اسی کو یاد کرتے اور پکارتے ہیں۔ 

اللہ جل شانہ کو ہر اس نام سے پکار سکتے ہیں جو اس کے شایانِ شان ہو ،اللہ جل شانہ کی ذاتِ منبع الکمالات کو ہر قوم و مذہب کے لوگوں نے آج تک مختلف ناموں سے مانا اور پکارا ہے اور مانتے اورپکارتے رہیں گے ،کوئی خدا کہہ کر پکارتا ہے تو کوئی گاڈ  ) (God کہہ کر، کوئی اِشور کہہ رہا ہے تو کوئی پرمیشور،غرض جو جس نام سے بھی اللہ جل شانہ کو یاد کرتا ہے اگر تحقیق کے بعد ثابت ہو جائے کہ و ہ نام اللہ جل شانہ کی الوہیت و عظمت اور ذات و صفات کے خلاف نہیں تو فقہی نقطۂ نظر سے اس نام سے پکار نے میں کوئی مضائقہ نہیں،کیونکہ اللہ جل شانہ خود ارشاد فرماتے ہیں: ’’کہہ دیجئے کہ اللہ کو اللہ کہہ کر پکارو یا رحمٰن کہہ کر ، جس نام سے بھی پکارو تمام اچھے نام اسی کے ہیں ‘‘(بنی اسرائیل:110)

اس آیتِ کریمہ سے دو باتیں معلوم ہوئیں: (1)اللہ جل شانہ کو ہر اس نام سے پکار سکتے ہیں جو اس کے شایانِ شان ہو، خواہ کسی بھی زبان میں ہو، کیونکہ اس کی عظمت والا نام عربی زبان کے ساتھ ہی خاص نہیںاور نہ ہی صرف انسانوں کی زبانوں کے ساتھ خاص ہے ، بلکہ مختلف مخلوقات کی زبانوں پر بھی تواسی کا نام ہے ۔ اگر گوشِ ہوش سے سنا جائے تو پتوں اور کلیوں کی سرسراہٹ،پھولوں کی مسکراہٹ، پرندوں اور چڑیوں کی چہچہاہٹ میں ’’اللہ، اللہ ‘‘کی آواز آتی ہے: وَاِنْ مِنْ شَیْئٍ اِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمْدِہ (بنی اسرائیل)اس آیت میں اسی کو فرمایا ہے ،جس کامطلب یہ ہے کہ اور کوئی چیز ایسی نہیں ہے جو اس کی حمد کے ساتھ تسبیح نہ کر رہی ہو۔ معلوم ہوا ہر مخلوق اس کو پکارتی ہے اور پکار سکتی ہے ۔

 اسمائِ حسنیٰ :دوسری بات یہ واضح ہو گئی کہ اللہ جل شانہ کے بہت سے بہتر نام ہیں بلکہ تمام بہترین نام اسی کے ہیں، اسی کو فرمایا: وَلِلّٰہِ الأَسْماَئُ الْحُسْنیٰ(الأعراف)اور حدیث مذکور میں اس اجمال کی تفصیل کرتے ہوئے سرکار ِ دوعالمﷺنے ارشاد فرمایا ’’حق تعالیٰ کے اسمائِ حسنیٰ کی تعداد 99 ہے جو شخص ایمان اور عقیدت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا قرب اور اس کی رضا حاصل کرنے کیلئے اس کے99 نام محفوظ کر لے ،یا ان کے ذریعے دعا کرے، یا ان کے ذریعے اپنے رب کو یاد کرے ، یا ان کے معانی جان کر عمل کرے تو وہ جنت میں جائے گا ‘‘۔  علمائِ محدثین بیان کرتے ہیں کہ اس تعبیر سے اللہ جل شانہ کے اسمائِ حسنیٰ کی تکثیر بیان کرنا مقصود ہے ، تحدید نہیں، ورنہ ان 99 اسمائِ حسنیٰ کے علاوہ بھی اللہ جل شانہ کے ایسے بہت سے نام ہیں جن کا ذکر کلام اللہ اور احادیث ِ رسول اللہ ﷺ میں نہیں، البتہ 99 کا جو عدد ذکر کیا گیا اس کا مقصد یہ ہے کہ حدیث ِ پاک میں اسمائِ حسنیٰ کو یاد کر نے والے کیلئے جنت کی جو فضیلت ہے وہ ان ہی 99 ناموں کے ساتھ مخصوص ہے ۔ (مظاہرِ حق جدید) اور بعض علماء و محققین سے منقول ہے کہ جس نے ’’اللّٰہم‘‘سے دعا مانگی اس نے گویا تمام ہی اسمائِ حسنیٰ کے ذریعے دعا مانگی۔ (مظاہرِ حق جدید )

پھر یہ بھی حقیقت ہے کہ اللہ جل شانہ کے جتنے بھی اسمائِ حسنیٰ ہیں وہ سب کے سب اس کی الوہیت و ربوبیت اور شانِ عظمت و رفعت، قدرت و قوت، نصرت و حفاظت، محبت و ہدایت، شفقت و سخاوت وغیرہ پر دلالت کرتے ہیں،ان تمام اسمائِ حسنیٰ میں لفظ اللہ اسمِ ذات اور باقی اسمائِ صفات ہیں،جیسا کہ خود قرآنِ پاک کے ارشاد سے پتہ چلتا ہے، فرمایا: ’’وہ اللہ وہی ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں،اسے تمام کھلی چھپی باتوں کا علم ہے ، وہی رحمٰن و رحیم ہے‘‘ (الحشر) ۔یہاں اسمائِ حسنیٰ میں لفظ اللہ کو اسم ِ ذات قرار دیا اور موصوف بنایا، اور دوسرے اسمائِ حسنیٰ کو صفت بنایا ہے ، پھر عجیب بات یہ ہے کہ اس کی عظمت شان اس کے ہر ہر عظیم الشان نام سے بھی ثابت ہوتی ہے ۔

واقعی وہ ایسے ہی بلند و بالا شان والا ہے اُس کے مثل کوئی چیزنہیں ہے(شوریٰ)۔ ظاہر ہے کہ ذات خدا وندی کو ’’اللہ‘‘ اسی لیے توکہتے ہیں کہ وہ نہایت ہی اعلیٰ و ارفع اور بلند و بالاہے ، اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات اتنی بلند ہیں کہ پستی کا امکان ہی نہیں،وہ عجز و فنا سے بلند، ضعف و اضمحلال سے بلند،فقر و محتاجی سے بلند،سونے اور اونگھنے سے بلند، کمزوری اور سستی سے بلند،ہر قسم کے نقص و عیب اوروہم و گمان سے بلند ہے۔ اس کی بلندی کے سامنے تمام بلندیاں ہیچ ہیں،اس کے علم کے سامنے سب علوم جہالت،اس کی سماعت کے سامنے سب کی سماعتیں بہرا پن، اس کی بصارت کے سامنے سب کی بصارتیں اندھا پن، اس کی فصاحت کے سامنے سب کی فصاحتیں گونگا پن ، اس کے وجود کے سامنے سب کا وجود کالعدم اور اس کی بقا ء کے سامنے سب کی بقا ء فنا ۔وہ اس قدر بلند و بالا ہے کہ عظمتوں کی معراج اور بلندیوں کی انتہا اسی کیلئے ہے ۔یہی وجہ ہے کہ جس طرح اللہ جل شانہ کی ذات و صفات بلند و بالا ہیں، ان میں اس کا کوئی ثانی اور شریک نہیں،اسی طرح اس کا اسم ِ ذات بھی بلند و بالا ہے ، اس میں بھی اس کا کوئی ثانی نہیں،اس لیے علماء نے بیان کیاکہ لفظ ’’اللہ‘‘ حق تعالیٰ شانہ کے ساتھ خاص ہے ،لہٰذا لفظ ’’اللہ ‘‘ سے حق تعالیٰ ہی کو موسوم کیا جا سکتا ہے  اس کے علاوہ کسی کو نہیں ،چنانچہ ارشاد ربانی ہے ’’کیا کوئی اور ہے ؟ جو اللہ کے نام سے موسوم ہو ‘‘ (سورہ مریم )۔ اس کی ایک تفسیر یہی منقول ہے ،اسی لیے اس مبارک نام کا نہ تثنیہ ہے اور نہ جمع ۔ (قاموس الفقہ)لفظ اللہ کی ایک زبر دست خصوصیت یہ ہے کہ قرآن میں لفظ ’’اللہ ‘‘ تقریباً 2940 مرتبہ آیا ہے۔حتیٰ کہ جمہور اہل علم نے تولفظ ’’اللہ‘‘ہی کو اسم اعظم قرار دیا ہے۔ حضرت شیخ عبد القادر جیلانی ؒ بیان کرتے ہیں کہ اگر لفظ ’’اللہ‘‘ زبان سے اس حال میں ادا کیا جائے کہ دل میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ کچھ نہ ہو، تب لفظ ’’اللہ‘‘ اسم اعظم ہے ۔ (مرقاۃ)

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

منافقت، بدترین انسانی فعل

’’قیامت کے دن تم اللہ کے نزدیک سب سے برے لوگوں میں اس شخص کو پاؤ گے جو دو چہروں والا ہو‘‘ (صحیح بخاری) ’’اور تم میں سے کوئی دوسرے کی غیبت نہ کرے،کیا تم میں سے کوئی پسند کرے گا کہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے؟‘‘ (سورۃ الحجرات) ’’اور تم بہت قسمیں کھانے والے ہر ذلیل شخص کی بات نہ مانو، جو عیب جو ہے، چغلی لگاتا پھرتا ہے‘‘ (سورۃ القلم )

سرما:مومن کیلئے عبادت کا موسم

سردیوں کی طویل راتیں تہجد اور دیگر نوافل کیلئے بہترین موقع ہیں سردیوں کا موسم مومن کیلئے بہار ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھ لیتا ہے اور راتیں لمبی ہوتی ہیں تو قیام کرتا ہے(السنن الکبریٰ للبیہقی)

مسائل اور ان کا حل

موبائل میسیج سے بھی طلاق ہوجاتی ہے سوال: موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے اگر کوئی اپنی بیوی کو طلاق بھیجے تو کیا اس سے طلاق ہو جاتی ہے؟ (محمد عالم، مانسہرہ)

نئے ارینجمنٹ کی باز گشت

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے کرپشن الزامات، مریم نواز اور خواجہ آصف کے متبادل انتظام کے خدشات اور سخت ردعمل نے پنجاب کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کیا یہ محض حکومتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات ہیں یا پس پردہ کسی بڑے سیاسی و انتظامی بندوبست کی کوشش کی جا رہی ہے؟

پنجاب، سیاسی محاذ پر کیا چل رہا ہے؟

پنجاب کے سیاسی محاذ پر کرپشن کے الزامات کی باز گشت سنائی دیتی ہے اور اس حوالہ سے خود حکومت میں شامل بعض ذمہ داران حکومت پر تنقیدکرتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن حکومت اور خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب الزامات لگانے والوں کے خلاف گرجتی نظر آ رہی ہیں۔

نئے صوبوں کی گونج، کراچی کی بدحالی اور سیاسی دعوے

نئے صوبوں کی تشکیل کی جانب پیش رفت نظر آ رہی۔ ملک کے باخبر صحافتی حلقے دعویٰ کررہے ہیں کہ آٹھ نئے صوبے بنانے کی تجویز ہے، جس کے تحت پنجاب میں چار، سندھ میں دو، بلوچستان میں تین اور خیبرپختونخوا میں تین صوبے بنائے جاسکتے ہیں، جس کے بعد ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد 12 تک پہنچ جائے گی۔