پنجاب، سیاسی محاذ پر کیا چل رہا ہے؟
پنجاب کے سیاسی محاذ پر کرپشن کے الزامات کی باز گشت سنائی دیتی ہے اور اس حوالہ سے خود حکومت میں شامل بعض ذمہ داران حکومت پر تنقیدکرتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن حکومت اور خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب الزامات لگانے والوں کے خلاف گرجتی نظر آ رہی ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے حوالہ سے کسی بھی وزیر کی شکایت آئی تو بخشوں گی نہیں۔ وہ اس سے قبل کرپشن کے الزامات پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو پانچ ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوا چکی ہیں جبکہ چوہدری سالک حسین کرپشن کے اپنے الزامات پر قائم ہیں اور انہوں نے قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہاں اس امر کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ پنجاب حکومت کے خلاف جاری نفسیاتی کیفیت کسی منظم سلسلہ کی کڑی تو نہیں‘ اور کیا حکومت بارے تحفظات کا اظہار کرنے والے حکومت پر کس طرح اثر انداز ہونا چاہتے ہیں؟ وزیراعلیٰ یہ کہتی نظر آ رہی ہیں کہ حکومت پر کرپشن کے الزامات لگانے والے حکومتی کشتی پر سوار ہیں، وہ اس سے اُتر کیوں نہیں جاتے، استعفے کیوں نہیں دیتے؟ دوسری جانب وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور ان کے عزیز حکومتی مہم کے جواب میں استعفوں پر تیار نظر نہیں آ رہے بلکہ الٹا کرپشن کے الزامات پر ثابت قدمی دکھاتے ہوئے پنجاب حکومت کو ہدف تنقیدبنا رہے ہیں۔یوں لگتا ہے کہ حکومت اس پوزیشن میں نہیں کہ انہیں ان کے مناصب سے برخاست کر سکے یا استعفیٰ پر مجبور کر سکے کیونکہ ایسی صورت میں یہ عمل صرف افراد تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مسلم لیگ (ن) اور( ق) میں بڑے فاصلے پیدا ہوں گے اور اس کے اثرات حکومتوں پر اچھے نہیں پڑیں گے اور یہ سلسلہ کم از کم مسلم لیگ( ن) کے سربراہ نوازشریف اور (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کیلئے قابل قبول نہیں ہوگا کیونکہ ان کے درمیان صرف سیاسی تعلقات نہیں بلکہ ذاتی تعلقات کا وسیع سلسلہ بھی قائم ہے اور وہ نہیں چاہیں گے کہ ان کی زندگیوں میں یہ دراڑ قائم ہو ۔
جہاں تک وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے کرپشن کی بنیاد پر کسی وزیر کے ملوث ہونے کی صورت میں اس کی برخاستگی کا سوال ہے تو اس ضمن میں ٹائمنگ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے اس لیے کہ 28ویں آئینی ترمیم کا بھی سن رہے ہیں اور اس تناظر میں کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ دباؤ کے اس ماحول کا تعلق اس سے صورتحال سے بھی ہو سکتا ہے۔ ویسے تو اب تک مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نئے صوبوں کی تجویز کی باضابطہ مخالفت بھی نہیں کی گئی اور نظر یہ آ رہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) موجودہ حالات میں ایسی کسی تجویز اور ترمیم کی مخالفت کرے گی بھی نہیں، لیکن یہ بھی ماننا پڑے گا کہ سیاسی درجہ حرارت کو بڑھانے میں خود وزیراعلیٰ مریم نواز کا بھی کردار ہے۔وہ الزامات سے صرفِ نظر کر سکتی تھیں ،جس کا یہ فائدہ ضرور ہوتا کہ یہ بڑا ایشو نہ بنتا۔مگر وہ تو یہ ککہہ رہی ہیں کہ جوں جوں الیکشن قریب آ رہے ہیں کچھ لوگوں کی تکلیف بڑھ رہی ہے اور یہ الزامات محض اپنی سیاسی جگہ محفوظ کرنے کیلئے ہیں۔ قابل غور بات یہ ہے کہ انہوں نے تنقید کے ساتھ یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ پنجاب میں مکمل طور پر کرپشن ختم ہو گئی ہے، مگر بقول ان کے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں وزیراعلیٰ خود کرپشن کے معاملات کی نشاندہی کرتی اور کارروائی کرتی نظر آتی ہیں۔ عملاً پنجاب حکومت کی جانب سے کرپشن کے الزامات پر تحقیقات کے بعد ذمہ داران کے خلاف کارروائیاں اور ان کی گرفتاریوں کا عمل ریکارڈ پر ہے جس کی ایک مثال ستھرا پنجاب میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات پر گرفتاری ہے۔
تاہم زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے تو کرپشن کا رجحان ہمارا معاشرتی المیہ بن چکا ہے۔ بعض حکومتی اداروں میں کوئی کام لیے دیئے بغیر نہیں ہوتا۔کرپشن کے رجحانات کے فروغ میں بہت سے عوامل کارفرما ہیں لیکن بغیر کسی ثبوت کے حکومت کو ذمہ دار قرار دینے کا جواز موجود نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کرپشن کے الزامات عائد کرنے والے چوہدری سالک حسین بھی یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ میرے ان کے ایسے ثبوت ہیں اور انہوں نے اپنے الزامات کے ساتھ کسی کا نام نہیں لیا، ویسے بھی پنجاب کی سطح پر ابھی تک تو کسی وزیر پر کرپشن کا الزام یا کوئی بڑا میگا سکینڈل منظر عام نہیں آیا، لہٰذا وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے آنے والی تنبیہ کو بنیادی طور پر اپنے دائرہ کار پر بیرونی الزامات کو مسترد کرنے، اپنے وزرا کو وفادار رکھنے اور سیاسی دبائو کم کرنے کیلئے ایک سیاسی قدم سمجھا جارہا ہے نہ کہ اس بات کی گواہی کہ ان کی کابینہ میں کرپشن کا بحران ہے۔ جہاں تک اس وارننگ کے بعد کسی وزیر کے خلاف عملی کارروائی کا تعلق ہے تو فی الحال ایسا نظر نہیں آ رہا، البتہ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنی حکومت کی ساکھ کیلئے کسی وزیر کو مثال بنا سکتی ہیں۔
لیکن ایسی کوئی کارروائی سیاسی وابستگی سے بالاتر شواہد کی بنیاد پر ہونی چاہئے نہ کہ اس عمل کا مقصد کسی کو ٹارگٹ کرنا ہو۔ احتساب کی ساکھ اس وقت قائم ہو گی جب قانون سب کے لیے برابر اور کارروائی شخصیات کی بجائے شواہد پر مبنی ہو۔ سیاسی معاملات پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد حکومت کو متنازع بنانا اور کرپشن کے الزامات لگا کر اس پر اثر انداز ہونے کا سلسلہ ہے، کیا حکومت پر اثر انداز ہوا جا سکے گا ؟ فی الحال تو ایسا نظر نہیں آ رہا لیکن حکومت کو کھوج ضرور لگانا ہوگا کہ پس پردہ کیا چل رہا ہے۔ اور اگر یہ مقصود نہیں تو پھر ایک خاص ذہین کے حامل وزرا اور ذمہ داران اس عمل کا حصہ کیوں ہیں اور اگر یہ سارا سلسلہ گجرات کے ڈپٹی کمشنر کی تبدیلی سے شروع ہوا تو پھر ٹرانسفرز، پوسٹنگ کے حوالہ سے تو خود مسلم لیگ (ن) کے اراکینِ اسمبلی کے تحفظات بھی ہیں۔ لیکن وہ محض اس بات سے خاموش ہیں کہ اس عمل کے نتیجہ میں امن و امان کی صورتحال سمیت بعض اہم ایشوز میں بہتری نظر آ رہی ہے اور وہ خوامخواہ کسی بڑی مشکل میں پھنسا نہیں چاہتے ۔لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کا بھی پوسٹنگز ٹرانسفرز کے عمل میں کوئی کردار نظر نہیں آ رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments