نئے صوبوں کی گونج، کراچی کی بدحالی اور سیاسی دعوے

تحریر : طلحہ ہاشمی


نئے صوبوں کی تشکیل کی جانب پیش رفت نظر آ رہی۔ ملک کے باخبر صحافتی حلقے دعویٰ کررہے ہیں کہ آٹھ نئے صوبے بنانے کی تجویز ہے، جس کے تحت پنجاب میں چار، سندھ میں دو، بلوچستان میں تین اور خیبرپختونخوا میں تین صوبے بنائے جاسکتے ہیں، جس کے بعد ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد 12 تک پہنچ جائے گی۔

 نئے صوبوں کا بنیادی مقصد ترقیاتی عمل کو تیز   کرنا، منصفانہ تقسیم اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔اطلاعات کے مطابق مجوزہ 28ویں ترمیم سے قبل ریفرنڈم کرانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ فی الوقت یہ معاملہ تجویز کی شکل میں سامنے آیا ہے اور اس کے لیے ایک پورا نظام وضع ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے پر 2029ء تک عمل درآمد متوقع ہے۔

ادھرسندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل کرلی ہے اورچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید 10لاکھ گھر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے منصوبے پر تنقید کرنے والوں کو چیلنج دیا اور کہا کہ اربوں روپے کے منصوبے میں کرپشن کا شائبہ تک نہیں ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ عالمی سطح کے اداروں سے آڈٹ کرائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے دیگر صوبوں کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ عوام کی خدمت سیکھنی ہے تو  پیپلز پارٹی سے سیکھیں،بقول اُن کے، سیاست سے زیادہ عوام کی خدمت اُن کے لیے اہم ہے۔بلاول بھٹو نے وزیراعظم  کو مشورہ دیا کہ ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے، عوام کو مشکل سے بچانا ہے تو حکومت اور اپوزیشن سب کو ایک پیج پر آنا ہو  گا۔ اس کے لیے وزیراعظم کو چاہیے کہ اتحادی ہوں یا اپوزیشن سب کا اعتماد بحال کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔بلاول بھٹو نے نئے صوبوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی البتہ بین السطور بہت کچھ کہہ گئے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں نئے انتظامی صوبوں کی تشکیل کی مخالفت کی جاتی ہے، قوم پرست جماعتیں بھی اس کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے حق میں اپنا ووٹ پہلے ہی دے چکی ہے اور بار بار اس بات کو دہرا رہی ہے کہ صوبے تو بن کر رہیں گے اور کوئی روک نہیں سکے گا۔ ہر سیاسی جماعت کو اپنی بات کہنے اور اس پر ڈٹ جانے کا حق ہے لیکن ایم کیو ایم کو ضرورت ہے کہ پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے۔اگرچہ اب رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیانات نہیں دیئے جارہے لیکن سندھ کے شہری حلقوں میں پہلے ہی بہت بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔ ایم کیو ایم مانے یا نہ مانے اس کی مقبولیت میں بھی کسی حد تک کمی آئی ہے اور اس سیاسی خلا کو جماعت اسلامی پُر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ شہری علاقوں میں پیپلز پارٹی کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے اور وہ چاہتی ہے کہ اندرون سندھ کی طرح حیدرآباد اور کراچی کے عوام اس کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالیں۔پیپلز پارٹی کے پاس شہر کی میئر شپ بھی ہے لیکن یہ تاثر ہے کہ عوام پیپلز پارٹی سے نالاں ہیں۔ شاید پی پی پی کے دوستوں کو یہ بات پسند نہ آئے مگر انہیں اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ ایسا کیوں ہورہا ہے۔

 کراچی کی ترقی کی لاکھ بات کریں لیکن کیا واقعی شہر میں ترقی نظر آرہی ہے؟ بجلی و پانی کی عدم دستیابی، سڑکوں کی حالت زار، تجاوزات، بدترین ٹرانسپورٹ نظام ،سٹریٹ کرائمز سے لے کر قانون کا مذاق اڑانے تک، کوئی شعبہ زندگی ایسا نہیں جسے  تسلی بخش قرار دیا جاسکے۔ شہر کے کسی بازار میں چلے جائیں ہر جگہ پارکنگ مافیا پہلے سے زیادہ طاقتور نظر آتا ہے۔ اس وقت موٹرسائیکل پارکنگ کا کم سے کم ریٹ 50روپے اور گاڑی کا 100روپے سے دو، ڈھائی سو تک پہنچا ہوا ہے۔ پہلے عوام کو یہ  تو پتا ہوتا تھا کہ ٹھیکیدار کے بندے ہی گاڑی پارک کروا رہے ہیں اب تو یہ بھی نہیں معلوم کہ پارکنگ فیس کہاں جاتی ہے۔پارکنگ والے سے کچھ کہو تو کہتے ہیں، جہاں جانا ہے جاؤ زیادہ بولو تو مار پیٹ پر اتر آتے ہیں۔ میئر صاحب کا بیان یاد آرہا ہے کہ انہیں علاقہ بتایا جائے وہ پارکنگ مافیا کو ختم کردیں گے، چلیں ہم بتا دیتے ہیں، صدر میں ہر بازار کے باہر،  موبائل مارکیٹ کے باہر، طارق روڈ پر، بولٹن مارکیٹ کے اطراف، گلشن اقبال میں ہر بازار کے باہر، فوڈ سٹریٹ پر، میئر کراچی پارکنگ مافیا ختم کروا دیں۔ جگہ جگہ سڑکیں کھدی پڑی ہیں یا ٹوٹی ہوئی ہیں، ان کی مرمت کروائیں، صرف یہ دعویٰ کہ شہر میں ترقی ہورہی ہے اور مخالفین کو نظر نہیں آرہی یہ مناسب نہیں ۔ ابھی چند روز پہلے سینئر وزیر شرجیل میمن کہہ چکے ہیں کہ وہ کراچی کو پھر عالمی معیار کا شہر بنانا چاہتے ہیں۔ ماضی میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت شہر کا ماحول خراب کیا گیا تاکہ صنعت کو نقصان پہنچایا جائے۔انہوں نے شہر میں ڈبل ڈیکر بسیں اور مزید الیکٹرک بسیں لانے کا بھی اعلان کیا، لیکن بات یہ ہے سڑکوں کی جو حالت ہے، اس پر یہ بسیں کتنے عرصہ تک چل پائیں گی؟ دل جیتنا ہے تو دل سے ، خلوص کے ساتھ کام کرنا ہوگا، پھر آپ کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں رہے گی کہ عوام کس کا انتخاب کریں، عوام میں اتنا شعور ہے کہ وہ بہتر انتخاب کرسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

منافقت، بدترین انسانی فعل

’’قیامت کے دن تم اللہ کے نزدیک سب سے برے لوگوں میں اس شخص کو پاؤ گے جو دو چہروں والا ہو‘‘ (صحیح بخاری) ’’اور تم میں سے کوئی دوسرے کی غیبت نہ کرے،کیا تم میں سے کوئی پسند کرے گا کہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے؟‘‘ (سورۃ الحجرات) ’’اور تم بہت قسمیں کھانے والے ہر ذلیل شخص کی بات نہ مانو، جو عیب جو ہے، چغلی لگاتا پھرتا ہے‘‘ (سورۃ القلم )

حمدوتسبیح

’’اے ایمان والو!اللہ تعالیٰ کا بہت زیادہ ذکر کیا کرو‘‘(الاحزاب:41) اور کثرت سے اللہ کا ذکر کرنے والے مرد اور ذکر کرنے والی عورتیں ، اللہ نے ان سب کیلئے بخشش اور عظیم اجر تیار فرما رکھا ہے(الاحزاب:35)

سرما:مومن کیلئے عبادت کا موسم

سردیوں کی طویل راتیں تہجد اور دیگر نوافل کیلئے بہترین موقع ہیں سردیوں کا موسم مومن کیلئے بہار ہے، اس کے دن چھوٹے ہوتے ہیں تو وہ روزہ رکھ لیتا ہے اور راتیں لمبی ہوتی ہیں تو قیام کرتا ہے(السنن الکبریٰ للبیہقی)

مسائل اور ان کا حل

موبائل میسیج سے بھی طلاق ہوجاتی ہے سوال: موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے اگر کوئی اپنی بیوی کو طلاق بھیجے تو کیا اس سے طلاق ہو جاتی ہے؟ (محمد عالم، مانسہرہ)

نئے ارینجمنٹ کی باز گشت

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے کرپشن الزامات، مریم نواز اور خواجہ آصف کے متبادل انتظام کے خدشات اور سخت ردعمل نے پنجاب کی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کیا یہ محض حکومتی اتحادیوں کے درمیان اختلافات ہیں یا پس پردہ کسی بڑے سیاسی و انتظامی بندوبست کی کوشش کی جا رہی ہے؟

پنجاب، سیاسی محاذ پر کیا چل رہا ہے؟

پنجاب کے سیاسی محاذ پر کرپشن کے الزامات کی باز گشت سنائی دیتی ہے اور اس حوالہ سے خود حکومت میں شامل بعض ذمہ داران حکومت پر تنقیدکرتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن حکومت اور خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب الزامات لگانے والوں کے خلاف گرجتی نظر آ رہی ہیں۔