مسائل اور ان کا حل
موبائل میسیج سے بھی طلاق ہوجاتی ہے سوال: موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے اگر کوئی اپنی بیوی کو طلاق بھیجے تو کیا اس سے طلاق ہو جاتی ہے؟ (محمد عالم، مانسہرہ)
جواب:ایس ایم ایس کے ذریعے دی گئی طلاق بھی شرعاً واقع ہوجاتی ہے ۔
اپنے شہر کے ائیرپورٹ
پر پوری نماز پڑھنی ہوگی
سوال : کیا اپنے علاقے اور اپنے شہر کے ایئرپورٹ پہنچنے کے بعداس وقت کی نماز قصرپڑھنی ہوگی یا مکمل؟ مثلاً میں سکھر سے کراچی چلا ،سکھر میں ظہر کا وقت شروع ہو چکا تھا، وہاں میں نے ظہر نہیں پڑھی۔ کراچی پہنچا تو ظہرکا وقت ابھی باقی تھا۔ کیا اب میں ظہر قصر پڑھوں گا یا پوری ؟(جاویداکرم، کراچی )
جواب :مذکورہ صورت میں آپ پر پوری نماز پڑھنا لازم ہے ،قصر جائز نہیں ۔
نماز عشاء کی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ
سوال :عشا ء کی نماز کو بہت لیٹ کرکے پڑھنا کیسا ہے، کبھی کبھار مجھ سے مختلف کاموں کی مشغولیت کی وجہ سے کافی لیٹ ہوجاتی ہے۔ اس کے بارے میں براہ کرم بتائیں (محمد نوید، کراچی)
جواب :عشاء کی نماز کا وقت صبح صادق تک ہے، تاہم بلاعذر رات کے تیسرے حصے تک نماز کو موخر کرنا مکروہ ہے، لہٰذا عشا کی ادائیگی میں تاخیر نہ کی جائے بلکہ باجماعت نماز کی عادت بنانا ضروری ہے ۔
غروب آفتاب کے وقت تلاوت قرآن
سوال :غروب آفتاب کے وقت تلاوت قرآن کرسکتے ہیں ؟(مہر علی، لاہور)
جواب :جی ہاں!غروب آفتاب کے وقت تلاوت قرآن کرسکتے ہیں ۔
استعمالی سواریوں پرزکوٰۃ نہیں
سوال :میرے گھر میں اللہ کے فضل وکرم سے 3 کاریں ، دو موٹر سائیکل وغیرہ ہیں۔ کیا ان پر زکوٰۃ واجب ہے ؟(جہانزیب، سکھر)
جواب :ان پر زکوٰۃ نہیں ہے۔ اگر گاڑیاں تجارت کیلئے یعنی آگے بیچنے کیلئے ہوتیں تو پھر ان پرزکوٰۃ ہوتی۔
دودھ کے رشتے کی وجہ سے نکاح
سوال : زیداورعمر2بھائی ہیں ان دونوں کے بیٹوں نے ایک ساتھ زیدکی بیوی کا دودھ پیا ہے۔ دریافت طلب مسئلہ یہ ہے کہ ان دونوں رضاعی بھائیوں میں سے اگرایک کابڑابھائی دوسرے رضاعی بھائی کی بہن کے ساتھ نکاح کرناچاہے توکیاان دونوں کا آپس میں نکاح کرناجائزہے؟یہ حرمت رضاعت کیاان 2رضاعی بھائیوں کے بڑے بہن بھائی جوہیں ان میں بھی ثابت ہو گی یا نہیں؟ جس لڑکے اورلڑکی کاآپس میں نکاح کرنا چاہتے ہیں انہوں نے ایک دوسرے کی والدہ کا دودھ نہیں پیا ہے۔ (عبداللہ، کراچی )
جواب :مذکورہ صورت میں عمرکے جس بیٹے نے زید کی بیوی کادودھ پیاہے اس کانکاح توزیدکی کسی بیٹی سے نہیں ہو سکتا۔اس کے علاوہ عمر کی اولاد کا زیدکی اولاد کے ساتھ آپس میں نکاح کرنا شرعاًجائزہے ، بشرطیکہ کوئی اوروجہ حرمت کی نہ ہو۔
مقدس کلمات والے کاغذات
سوال: جوکاغذات یا خطوط وغیرہ ایسے ہوں جن میں آیات قرآنیہ یا مقدس کلمات یا جا بجا احادیث وغیرہ ہوں ان کا کیا کیا جائے؟ کیا ان کو توہین سے بچانے کیلئے جلایا جاسکتا ہے؟(عثمان ایوب ،واہ کینٹ )
جواب:مقدس اوراق کوکپڑے وغیرہ میں لپیٹ کر ایسی جگہ دفن کردیاجائے جہاں لوگوں کے پاؤں نہ پڑیں۔کسی دریا، سمندر یا کنویں میں بھی ڈالا جا سکتا ہے، تاہم جلانے سے اجتناب کیا جائے ۔
نماز کا معاملہ
سوال:اگرحمل کے دوران خون آ جائے تو کیا نماز اور قرآن پڑھ سکتے ہیں؟(ف ز، بہاولپور)
جواب:حمل کے دوران جوخون آئے وہ استحاضہ ہے۔ اس میں نمازوروزہ معاف نہیں ہے بلکہ بدن اورکپڑے پاک کرکے نمازپڑھنالازم ہے۔ قرآن بھی پڑھ سکتے ہیں۔
وقت سے پہلے دی گئی اذان کااعادہ
سوال: اگر غلطی سے اذان وقت داخل ہونے سے 5منٹ پہلے دی گئی ہو تو کیاوقت داخل ہونے کے بعددوبارہ اذان دینی ہوگی؟(مومن خان،کوئٹہ)
جواب:اذان وقت داخل ہونے کے بعدہی دی جا سکتی ہے،لہٰذاوقت سے پہلے اذان دی ہوتووقت داخل ہونے کے بعداذان دوبارہ دینی ہوگی۔
دورانِ اذان نمازپڑھنا
سوال:کیا دورانِ اذان نماز پڑھنا درست ہے؟ (اسلم، لاہور)
جواب: اگر نماز پہلے سے شروع کر رکھی ہو تو پڑھتا رہے، ورنہ اذان کے بعدشروع کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments