تربیتِ اولاد،والدین کیلئے دینی فریضہ
’’ اپنی اولاد کے ساتھ حسن سلوک کرو، اور انہیں بہترین ادب سکھاؤ‘‘(ابن ماجہ) ’’مائیں اپنے بچوں کو پورے دو برس تک دودھ پلائیں، یہ (حکم) اس کیلئے ہے جو دودھ پلانے کی مدت پوری کرنا چاہے‘‘(البقرہ) ’جس کی دو بیٹیاں ہوں اور وہ انہیں جوان ہونے تک کھلاتا پلاتا رہے تو وہ دونوں اسے جنت میں لے جائیں گی‘‘ (ابن ماجہ)
اولاد اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور اہم امانت ہے، جس کی بہترین پرورش اور تعلیم و تربیت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اسلام نے تربیتِ اولاد کیلئے جامع اصول اور روشن تعلیمات عطا فرمائی ہیں، جو اس کی جسمانی، دینی، اخلاقی اور فکری نشوؤنما کا احاطہ کرتی ہیں۔ قرآنِ کریم اور سیرتِ نبویﷺ میں والدین کی ذمہ داریوں اور تربیت کے مختلف پہلوؤں کو واضح کیا گیا ہے۔ عصرِ حاضر کے بدلتے ہوئے حالات میں ان تعلیمات کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ زیرِ نظر مضمون میں تربیتِ اولاد کے بنیادی اصول، والدین کی ذمہ داریوں اور عصری تقاضوں کو قرآن و سیرت کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔
حقِ زندگی اور تحفظ کی ذمہ داری
اولاد کی تربیت کا پہلا تقاضا اس کی زندگی، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اسلام نے اولاد کو حق زندگی عطا کیا اور اس کے قتل کو حرام قرار دیا۔ زمانہ جاہلیت میں لوگ معاشی تنگی، غربت اور بعض مشرکانہ عقائد کی بنیاد پر اپنی اولاد کو قتل کر دیا کرتے تھے۔ اسلام نے ان ظالمانہ رسوم کی بیخ کنی کرتے ہوئے واضح کیا کہ اولاد اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور اس کی زندگی کی حفاظت والدین کی ذمہ داری ہے۔ قرآن مجید میں ہے: ’’تم اپنی اولاد کو مفلسی کے خوف سے قتل مت کرو، ہم ہی انہیں (بھی) روزی دیتے ہیں اور تمہیں بھی، بیشک ان کو قتل کرنا بہت بڑا گناہ ہے‘‘(بنی اسرائیل: 31)۔ اولاد کی زندگی کی حفاظت ایک بنیادی شرعی ذمہ داری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو ہر قسم کے جسمانی نقصان، تشدد، غفلت اور خطرات سے محفوظ رکھیں اور اس کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال کریں۔
بنیادی ضروریات
اولاد کی اچھی تربیت کیلئے اس کی مناسب پرورش اور بنیادی ضروریات کی تکمیل ضروری ہے۔ بچہ اپنی ابتدائی زندگی میں اپنے معاملات خود انجام دینے اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے قابل نہیں ہوتا، اس لیے بلوغت تک والدین اس کی خوراک، لباس، رہائش، علاج اور دیگر ضروریات کے ذمہ دار ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ’’صاحبِ وسعت کو اپنی وسعت (کے لحاظ) سے خرچ کرنا چاہیے، اور جس شخص پر اس کا رزق تنگ کر دیا گیا ہو، تو وہ اسی (روزی) میں سے (بطورِ نفقہ) خرچ کرے، جو اسے اللہ نے عطا فرمائی ہے۔ اللہ کسی شخص کو مکلف نہیں ٹھہراتا مگر اسی قدر جتنا کہ اس نے اسے عطا فرما رکھا ہے، اللہ عنقریب تنگی کے بعد کشائش پیدا فرما دے گا‘‘ (الطلاق: 7)۔
حضرت عبداللہ بن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے نبی کریمﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا: ’’تم میں سے ہر کوئی نگہبان ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا، حاکم بھی نگہبان ہے، اپنی رعیت کے بارے میں اس سے پوچھا جائے گا، مرد اپنے گھر والوں کا نگہبان ہے، عورت اپنے خاوند کے گھر کی نگہبان ہے اور غلام اپنے آقا کے مال کا نگہبان ہے اور ان سے اپنی رعیت کے بارے میں پوچھا جائے گا‘‘ (صحیح بخاری)۔
حضرت عبداللہ بن عباسؓ بیان کرتے ہیں، نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’جس کی دو بیٹیاں ہوں اور وہ انہیں جوان ہونے تک کھلاتا پلاتا رہے تو وہ دونوں اسے جنت میں لے جائیں گی‘‘ (ابن ماجہ: 3670)۔ ان قرآنی و نبوی تعلیمات سے والدین کی اس اہم ذمہ داری کا تعین ہوتا ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق اولاد کی بنیادی ضروریات پوری کریں اور اس کی مناسب پرورش کا اہتمام کریں۔ بالخصوص بیٹیوں کی ضروریات پوری کرنا اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کرنا عظیم اجر و ثواب کا باعث ہے۔
ماں کادودھ اورحلال غذا
بچے کی ابتدائی زندگی میں اس کی جسمانی نشوؤنما کیلئے ماں کا دودھ بنیادی غذا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے بچے کی اس ضرورت کو پورا کرنے کیلئے رضاعت کا نظام مقرر فرمایا اور والدین کو اس حوالے سے ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ قرآن مجید میں ہے: ’’مائیں اپنے بچوں کو پورے دو برس تک دودھ پلائیں، یہ (حکم) اس کیلئے ہے جو دودھ پلانے کی مدت پوری کرنا چاہے، اور دودھ پلانے والی ماؤں کا کھانا اور پہننا دستور کے مطابق بچے کے باپ پر لازم ہے، کسی جان کو اس کی طاقت سے بڑھ کر تکلیف نہ دی جائے، (اور) نہ ماں کو اس کے بچے کے باعث نقصان پہنچایا جائے اور نہ باپ کو اس کی اولاد کے سبب سے‘‘(البقرہ: 233)۔ اولاد کی تربیت کا ایک اہم تقاضا یہ بھی ہے کہ اس کی پرورش حلال اور پاکیزہ رزق سے کی جائے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : ’’اے لوگو! زمین کی چیزوں میں سے جو حلال اور پاکیزہ ہے کھاؤ، اور شیطان کے راستوں پر نہ چلو، بیشک وہ تمہارا کھلا دشمن ہے‘‘ (البقرہ: 168)۔ان قرآنی تعلیمات کی روشنی میں واضح ہوتا ہے کہ اولاد کی تربیت میں حلال و پاکیزہ غذا کی فراہمی اور اس کی ضروریات کا مناسب خیال رکھنا والدین کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہیں چاہیے کہ بچوں کی خوراک، لباس اور دیگر بنیادی ضروریات کی تکمیل میں پاکیزگی، اعتدال اور مناسب معیار کو ملحوظ رکھیں۔
دینی تعلیم اور اسلامی عقائد کی تربیت
اولاد کی تعلیم و تربیت میں سب سے اہم پہلو اس کی دینی تعلیم اور اسلامی عقائد کی درست تفہیم ہے۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو توحید، رسالت، آخرت، فرائض و واجبات اور اسلامی احکام سے روشناس کرائیں تاکہ ان کی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق تشکیل پاسکے۔قرآن مجید میں حضرت لقمان علیہ السلام کی اپنے بیٹے کو کی جانے والی نصیحتوں کا بیان ہے، جو تربیت اولاد کیلئے ایک جامع نمونہ ہیں۔ قرآن پاک میں ہے: (یاد کیجیے) جب لقمان نے اپنے بیٹے سے کہا اور وہ اسے نصیحت کر رہا تھا: اے میرے فرزند! اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک نہ کرنا، بیشک شرک بہت بڑا ظلم ہے (لقمان: 13)۔ اولادکی تربیت کے تمام مراحل میں بچوں کے اندر عقیدہ توحید کی تعلیم اور شرک سے اجتناب کا شعور پیدا کرنا ضروری ہے۔
نیکی اور بدی کا شعور پیدا کرنا
بچوں میں نیکی اور بدی کی پہچان پیدا کی جائے۔ انہیں بتایا جائے کہ اللہ تعالیٰ انسان کے ہر عمل سے باخبر ہے اور کوئی عمل اس کی نگاہ سے پوشیدہ نہیں رہ سکتا۔حضرت لقمان علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: ’’اے میرے فرزند! اگر کوئی چیز رائی کے دانہ کے برابر ہو، پھر خواہ وہ کسی چٹان میں (چھپی) ہو یا آسمانوں میں یا زمین میں (تب بھی) اللہ تعالیٰ اسے (روزِ قیامت حساب کیلئے) موجود کر دے گا، بیشک اللہ باریک بین، آگاہ و خبردار ہے‘‘ (لقمان: 16)۔
نماز اور صبرکی تلقین
بچپن ہی سے بچوں کو نماز اور دیگر عبادات کا پابند بنایا جائے۔ نماز دین کا بنیادی رکن اور بندے کا اپنے رب سے تعلق مضبوط کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔حضرت لقمان علیہ السلام نے اپنے بیٹے کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:اے میرے فرزند! تو نماز قائم رکھ اور نیکی کا حکم دے اور برائی سے منع کر اور جو تکلیف تجھے پہنچے اس پر صبر کر، بیشک یہ بڑی ہمت کے کام ہیں (لقمان: 17)۔
رسول اللہﷺ نے بچوں کو نماز کا عادی بنانے کیلئے فرمایا:اپنی اولاد کو نماز کا حکم دو جب وہ سات سال کی ہو جائے، اور جب وہ دس سال کی ہوجائے تو (نماز نہ پڑھنے پر) اسے مارو، اور ان کے بستر الگ کردو۔ (ابو داؤد: 495)
حسن اخلاق کی تعلیم
اولاد میں اخلاقِ حسنہ، تواضع، انکساری اور حسن معاشرت کے اوصاف پیدا کرنا نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو تکبر، غرور، خود پسندی اور دوسروں کو حقیر سمجھنے جیسی اخلاقی برائیوں سے بچائیں اور ان کے اندر عاجزی، خوش اخلاقی، احترامِ انسانیت اور حسنِ سلوک کا جذبہ پروان چڑھائیں۔ بچوں کو یہ شعور دینا ضروری ہے کہ حقیقی عزت و فضیلت مال و دولت، منصب اور ظاہری شان و شوکت میں نہیں بلکہ تقویٰ، حسن کردار اور تواضع میں ہے۔
قرآنِ مجید نے حضرت لقمان علیہ السلام کی اپنے بیٹے کو نصیحتوں میں ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کی تعلیم دیتے ہوئے فرمایا: لوگوں سے (غرور کے ساتھ) اپنا رخ نہ پھیر اور زمین پر اکڑ کر مت چل، بیشک اللہ ہر متکبر، اِترا کر چلنے والے کو ناپسند فرماتا ہے۔ (لقمان: 18)
شخصیت سازی اوراعلیٰ کردار
اولاد کی تربیت میں محبت، شفقت، خیر خواہی اور حسن سلوک کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، جو شخصیت سازی اور کردار کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے بچوں سے محبت و شفقت کا عملی نمونہ پیش فرمایا اور حکم دیا:جو رحم نہیں کرتا، اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔(صحیح بخاری: 5997)۔
آپﷺ نے اولاد کے ساتھ نیک سلوک اور انہیں ادب سکھانے کی تاکید فرمائی،حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: ’’تم لوگ اپنی اولاد کے ساتھ حسن سلوک کرو، اور انہیں بہترین ادب سکھاؤ‘‘ (ابن ماجہ: 3671)۔ والدین کو چاہیے کہ سختی، تحقیر اور بے جا پابندیوں کے بجائے محبت، حکمت اور اعتدال سے بچوں کی اخلاقی و عملی تربیت کریں۔
والدین کاعملی کردار
تربیت اولاد میں والدین کا عملی کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ بچے اپنے والدین کے اقوال سے زیادہ ان کے اعمال اور طرزِ زندگی سے اثر قبول کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اہل ایمان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی ذات کے ساتھ اپنے اہل و عیال کو بھی جہنم کی آگ سے بچانے کی فکر کریں۔ (التحریم:6)۔ نبی کریمﷺ نے فرمایا: ’’ہر بچہ فطرتِ سلیمہ پر پیدا ہوتا ہے، پھر اس کے والدین اسے یہودی، مجوسی یا نصرانی بناتے ہیں‘‘ (صحیح بخاری: 4775)،اس حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ بچوں کے عقائد، افکار، عادات اور کردار کی تشکیل میں والدین کا ماحول اور طرزِ عمل گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ والدین کیلئے ضروری ہے کہ وہ سچائی، دیانت، امانت، حسنِ اخلاق اور عبادات کی پابندی کا خود عملی نمونہ پیش کریں۔اس طرح والدین اپنی عملی زندگی کے ذریعے اولاد کو صالح کردار، مضبوط دینی شعور اور معاشرتی ذمہ داریوں کا حامل بنا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments