والدین کی خدمت و اطاعت، رضائے الٰہی کا ذریعہ

تحریر : صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی


نبی کریم ﷺ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو جہاد سے بھی افضل عمل قرار دیا ’’جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کی عمر لمبی ہو اور اس کے رزق میں اضافہ کیا جائے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرے‘‘(حدیث)

بندہ مومن کی زندگی کا سب سے حلم پرور اور تقدس مآب باب والدین کی اطاعت و احترام ہے۔ خالقِ کائنات نے عالم امکان میں اپنی توحید اور بندگی کے بعد جس رشتے کی تعظیم و احسان کو سب سے مقدم اور واجب گردانا، وہ ماں باپ کی ہستی ہے۔ قرآنِ مجید کا مطالعہ کیا جائے تو بارگاہِ الٰہی سے یہ فرمانِ حق مسلسل چمکتا نظر آتا ہے کہ اللہ کی عبادت کرو اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو اپنا شعار بناؤ۔ حق تعالیٰ نے سورۃ الاسراء میں ارشاد فرمایا: ’’تمہارے رب نے فیصلہ فرما دیا ہے کہ اس کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو اور ماں باپ کے ساتھ بھلائی کرو، اگر ان میں سے ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کو پہنچ جائیں تو انہیں ’’اُف‘‘ تک نہ کہو اور نہ انہیں جھڑکو، بلکہ ان سے ادب و تعظیم کے ساتھ بات کرو اور ان کے سامنے عجز و نیاز کے بازو بچھا دو‘‘۔ اس قرآنی آیت کا تحقیقی مطالعہ بتاتا ہے کہ اسلام نے والدین کی دلجوئی کو ایک قطعی شرعی فریضہ اور ایمان کی پختگی کا بنیادی معیار بنایا ہے۔

سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفی ﷺکی سیرتِ طیبہ اور احادیث مبارکہ پر نظر دوڑائی جائے تو والدین کی عظمت کے ایسے روشن باب سامنے آتے ہیں جو روح کو منور کر دیتے ہیں۔ صحاحِ ستہ کی حدیث میں مروی ہے کہ ایک شخص نے رسولِ اکرمﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ یارسول اللہﷺ! میرے حسنِ صحبت اور خدمت کا سب سے زیادہ حقدار کون ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تیری ماں۔ اس نے پھر پوچھا، آپﷺ نے فرمایا: تیری ماں۔ اس نے تیسری بار پوچھا، آپﷺ نے پھر وہی جواب ارشاد فرمایا، اور چوتھی مرتبہ پوچھنے پر فرمایا: تیرا باپ۔ اس فرمانِ مصطفویﷺ نے واضح کر دیا کہ ماں کی آغوش اور اس کی قربانیوں کا بدل دنیا کی عظیم ترین نعمت ہے۔ ایک اور موقع پر سید عالم ﷺ نے فرمایا کہ رب کی رضا والد کی رضا میں ہے اور رب کی ناراضگی والد کی ناراضگی میں ہے۔

اگر ہم اسوہ صحابہ کرامؓ،اہل بیتِ اطہار اور سلف صالحین کی مبارک زندگیوں کا تاریخی جائزہ لیں تو ادبِ والدین کے ایسے محیر العقول واقعات ملتے ہیں جو تاریخ انسانیت کا روشن ترین سرمایہ ہیں۔ کتبِ تواریخ اس بات پر شاہد ہیں کہ اسلاف نے اطاعت والدین کو اوجِ ثریا پر فائز کیا۔ صحابیِ رسول حضرت ابوہریرہؓ کا معمول تھا کہ جب بھی گھر سے باہر جاتے تو اپنی والدہ کے دروازے پر کھڑے ہو کر سلام عرض کرتے اور کہتے کہ آپ پر سلام ہو اے میری ماں اور اللہ کی رحمتیں نازل ہوں، جیسے آپ نے بچپن میں میری پرورش کی۔ والدہ جواب میں دعائیں دیتیں۔ 

شیخ الطریقت حضرت بایزید بسطامی رحمہ اللہ علیہ کا واقعہ آبِ زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ سردیوں کی ایک انتہائی یخ بستہ رات میں ان کی والدہ نے پانی مانگا۔ جب آپ پانی کا پیالہ لے کر لوٹے تو والدہ نیند کی آغوش میں جا چکی تھیں۔ آپ نے والدہ کو بیدار کرنا خلافِ ادب سمجھا اور پیالہ ہاتھ میں لیے رات بھر ان کے سرہانے کھڑے رہے۔ صبح کے وقت جب والدہ کی آنکھ کھلی اور انہوں نے یہ منظر دیکھا تو فرطِ محبت میں اپنے بیٹے کیلئے ایسی دعا فرمائی جس نے بایزید کو اپنے وقت کا سلطان العارفین بنا دیا۔

حق تعالیٰ نے خدمت والدین پر ایسے عظیم الشان انعاماتِ ربانی مقدر فرمائے ہیں کہ جن کا تصور ہی روح کو وجد میں لے آتا ہے۔ خدمت والدین کا اجر عظیم جہاں آخرت کی بلندی کا ضامن ہے، وہاں دنیاوی زندگی میں بھی اس کا ظہور برکات کا چشمہ بہا دیتا ہے۔ مسند امام احمد بن حنبل اور مستدرک حاکم میں حضرت انس بن مالکؓ سے مروی ہے کہ رسولِ اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص یہ پسند کرتا ہے کہ اس کی عمر لمبی ہو اور اس کے رزق میں اضافہ کیا جائے، تو اسے چاہیے کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرے۔ یہی نہیں بلکہ صحیح بخاری و صحیح مسلم میں حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کو راہِ خدا میں جہاد کرنے سے بھی مقدم اور افضل عمل قرار دیا۔ 

لیکن ذرا مظلومی و محرومی کے اس المیے پر غور کیجیے کہ جب ہم اس درخشندہ تاریخ، اسوہ سلف اور ربانی وعدوں کے آئینے میں موجودہ معاشرے کا زوال دیکھتے ہیں تو سنگین ترین المیہ سامنے آتا ہے۔ انسان مادی ترقی اور نفسانی خواہشات کے اندھے کنویں میں گر کر اپنے زندہ خدائی معجزوں یعنی والدین کو بھول چکا ہے۔ جس ماں نے نو ماہ اپنے وجود کا خون پلا کر پالا پوسا، جس باپ نے اپنی جوانی، اپنی راتوں کی نیندیں اور جسم کی آخری توانائیاں اولاد کے روشن مستقبل کی نذر کر دیں، آج وہی اولاد ذرا سی خوشحالی پا کر ان محسنوں کو بوجھ سمجھنے لگتی ہے۔ 

ذرا سوچو اے غافل و نافرمان انسان! تیری سخت کلامی، تیرا درشت لہجہ اور تیری بے رخی اس بوڑھے باپ کے دل پر کیا قیامت ڈھاتی ہوگی جس نے تجھے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اپنی عمر بھر کی کمائی لٹا دی۔ کس قدر مردہ ہو چکے ہیں وہ ضمیر جو اپنی ماؤں کی لرزتی ہوئی آواز اور جھریوں بھرے چہروں کی حسرت کو دیکھ کر بھی نہیں پگھلتے! ہم نے مغرب کی مادہ پرستی کی تقلید میں اولڈ ایج ہومز کو آباد کر کے اپنی آخرت کو برباد کر لیا ہے۔

یہ نافرمانی صرف ایک اخلاقی زوال نہیں بلکہ صریحاً عذابِ الٰہی کو دعوت دینا ہے۔ شعب الایمان للبیہیقی اور مستدرک حاکم میں مروی ہے کہ رسولِ کریم ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ تمام گناہوں میں سے جسے چاہے معاف فرما دیتا ہے سوائے عاقِ والدین (والدین کی نافرمانی) کے، کیونکہ اس کی سزا اللہ تعالیٰ موت سے پہلے دنیا ہی میں نافرمان کو دے دیتا ہے۔ صحیحین کی متفق علیہ حدیث میں والدین کی نافرمانی کو شرکِ باللہ کے ساتھ ملا کر سب سے بڑا کبیرہ گناہ قرار دیا گیا۔ اے نافرمان! یاد رکھ کہ مکافاتِ عمل کا قانون اٹل ہے، جو زہر تو آج اپنے بوڑھے والدین کی پیالی میں انڈیل رہا ہے، کل تیری اپنی اولاد وہی زہر تجھے پلانے پر مجبور ہوگی، اور خدا کا قہر تجھے دنیا میں بھی رسوا کرے گا اور قبر و حشر میں بھی تیرے لیے آگ کا ایندھن بنائے گا۔

اگر ہم اب بھی غفلت کی نیند سے نہ جاگے تو تباہی ہمارا مقدر ہے۔ ہمیں فوراً اپنے روئیوں پر توبہ کرتے ہوئے والدین کے قدموں میں گر جانا چاہیے۔ ان کی باتوں کو عاجزی سے سننا، ان کی ضروریات کو اپنی ذات پر ترجیح دینا، اور ان کے سامنے اپنی آواز کو پست رکھنا ہی بندگی کا تقاضا ہے۔ اور اگر والدین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہوں تو بھی تلافی کا در کھلا ہے۔ سنن ابو داؤد میں حضرت ابو اسید ساعدیؓ سے مروی ہے کہ ان کے وصال کے بعد ان کیلئے مسلسل دعا و استغفار کرنا، ان کے عہد کو پورا کرنا، ان کے دوستوں کا احترام کرنا اور صلہ رحمی قائم رکھنا اولاد پر واجب ہے۔ صحیح مسلم کی روایت کے مطابق نیک اولاد کی دعا مرحوم والدین کیلئے صدقہ جاریہ بن کر ان کی قبروں کو نور سے بھر دیتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

تربیتِ اولاد،والدین کیلئے دینی فریضہ

’’ اپنی اولاد کے ساتھ حسن سلوک کرو، اور انہیں بہترین ادب سکھاؤ‘‘(ابن ماجہ) ’’مائیں اپنے بچوں کو پورے دو برس تک دودھ پلائیں، یہ (حکم) اس کیلئے ہے جو دودھ پلانے کی مدت پوری کرنا چاہے‘‘(البقرہ) ’جس کی دو بیٹیاں ہوں اور وہ انہیں جوان ہونے تک کھلاتا پلاتا رہے تو وہ دونوں اسے جنت میں لے جائیں گی‘‘ (ابن ماجہ)

کسی کے گھر قیام کے اسلامی آداب

’’مہمان کیلئے جائز نہیں کہ اتنا ٹھہرے کہ میزبان کو تنگی میں ڈال دے‘‘ (صحیح بخاری) میزبان جو بھی پیش کرے، مہمان اسے خوشدلی سے قبول کرے، یہ مہمان کے لیے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، فرمائشوں، مقابلوں اور موازنوں سے میزبان کی دل شکنی ہوتی ہے

مسائل اور ان کا حل

بیوی کی ذاتی کمائی پر شوہر کاحق نہیں سوال: میرے دوست کی بیوی استانی ہے، اس کی تنخواہ پر کس کا حق ہے ،خاوند کا یا بیوی کا؟۔کیا خاوند کو بھی اپنی طرف سے بیوی کا خرچ دینا پڑے گا؟(عامر کریم، کراچی)

صوبوں کا معاملہ اہم مرحلے میں داخل

نئے صوبوں کا معاملہ اہم ترین مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ وہ باتیں جو پس پردہ یا ڈرائنگ رومز میں موضوع بحث تھیں اب پبلک ڈومین میں آ چکی ہیں۔

دو بڑوں کی ملاقات

نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ قومی سیاست پر غالب ہے اور عمومی رائے یہی بنتی نظر آ رہی ہے کہ اس حوالہ سے سیاسی قوتوں کو یکسوئی اور سنجیدگی ظاہر کرتے ہوئے اس پر آگے بڑھنا چاہئے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ایسی حکمت عملی اختیار کرنی چاہئے، جو ملک میں گورننس کے عمل کو یقینی بنانے اور سسٹم کو ری سیٹ کرنے میں مدد کرے تا کہ جمہوریت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں ۔

نئے صوبوں سے خوفزدہ کیوں؟

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں پر اپنی رائے ظاہر کردی ہے، لیکن ان کے جملوں نے ملک بھر میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے۔