کسی کے گھر قیام کے اسلامی آداب
’’مہمان کیلئے جائز نہیں کہ اتنا ٹھہرے کہ میزبان کو تنگی میں ڈال دے‘‘ (صحیح بخاری) میزبان جو بھی پیش کرے، مہمان اسے خوشدلی سے قبول کرے، یہ مہمان کے لیے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، فرمائشوں، مقابلوں اور موازنوں سے میزبان کی دل شکنی ہوتی ہے
مہمان نوازی اسلامی معاشرت کا حسین ترین پہلو ہے۔ اسلام نے اسے محض رواج نہیں رکھا بلکہ ایمان کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اللہ اور آخرت پر ایمان رکھنے والے کی نشانی یہ بتائی کہ وہ اپنے مہمان کا اکرام کرے (صحیح بخاری: 6018)۔ مگر یہ رشتہ یکطرفہ نہیں، میزبان پر اکرام لازم ہے تو مہمان پر بھی شکر، لحاظ اور سلیقہ لازم ہے۔
مہمان کا مقام
قرآن مجید نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی میزبانی کو بطور نمونہ ذکر کیا ہے، کہ وہ خاموشی سے گھر گئے، بہترین کھانا لائے اور مہمانوں کے سامنے رکھ دیا (سورۃ الذاریات: 24تا27)۔ اسی سنتِ ابراہیمی کی تعلیم نبی کریمﷺ نے اُمت کو دی۔ یہ سب کچھ میزبان کی ذمہ داری کے طور پر آیا ہے، لیکن اس کا دوسرا رخ مہمان کیلئے سبق ہے۔ جو شخص اپنے لیے عزت و تواضع کی توقع رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اسے اپنا حق سمجھ کر مطالبہ نہ کرے بلکہ میزبان کا احسان جان کر شکر کرے۔
دہلیز کا ادب
گھر کی حرمت کا پہلا دروازہ اجازت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے مومنوں کو حکم دیا کہ دوسروں کے گھروں میں اجازت لیے اور سلام کیے بغیر داخل نہ ہوں، اور اگر اجازت نہ ملے یا واپس جانے کو کہا جائے تو خوشی سے لوٹ جائیں (سورۃ النور: 27،28)۔ نبی کریمﷺ نے تین بار اجازت مانگنے کا طریقہ سکھایا اور جواب نہ ملنے پر لوٹ جانے کی ہدایت دی (صحیح بخاری: 6245، صحیح مسلم: 2153)۔ دروازے کے شگاف یا کھڑکی سے گھر کے اندر جھانکنے کی سخت ممانعت آئی ہے (صحیح بخاری: 6241)۔ ان ہدایات کا مقصد گھر والوں کی پرائیویسی کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ہے۔عملی طور پر آج کے دور میں اس کا مطلب یہ ہے کہ آمد سے پہلے فون یا پیغام کے ذریعے اطلاع دی جائے، اور میزبان کی مصروفیات اور آرام کے اوقات کا لحاظ رکھا جائے۔
سلام اور مسکراہٹ
سلام تعلق کی بنیاد ہے۔ گھر میں داخل ہونے کا حکم ہی سلام کے ساتھ آیا ہے (سورۃ النور: 27)۔ جب کوئی سلام کرے تو اس سے بہتر یا کم از کم اسی جیسا جواب دینے کا حکم ہے۔ نبی کریمﷺ نے بہترین اسلام یہ بتایا کہ جاننے والے اور نہ جاننے والے سب کو سلام کیا جائے (صحیح بخاری: 12)۔ اس کے ساتھ خوش اخلاقی اور اچھی گفتگو بھی ضروری ہے۔ قرآن نے لوگوں سے اچھی بات کہنے کی ہدایت کی (سورۃ البقرہ: 83، سورۃ الاسراء : 53)، اور نبی کریم ﷺ نے اچھی بات کہنے یا خاموش رہنے کو ایمان کا تقاضا بتایا (صحیح بخاری: 6018)۔
دعوت قبول کرنا
دعوت قبول کرنا مسلمان کا حق بھی ہے اور ادب بھی۔ نبی کریمﷺ نے ایک مسلمان کے دوسرے مسلمان پر حقوق گنوائے، جن میں دعوت قبول کرنا شامل ہے (صحیح بخاری: 1240)۔ بلا عذر انکار سے میزبان کے دل پر بوجھ پڑ سکتا ہے۔ دوسری طرف بن بلائے جانا یا اپنے ساتھ اضافی لوگوں کو لے جانا مناسب نہیں۔ ایک واقعہ میں ایک شخص دعوت میں ساتھ چلا آیا تو نبی کریمﷺ نے میزبان سے اجازت چاہی (صحیح بخاری،صحیح مسلم)۔ سبق یہ ہے کہ جتنے افراد کو بلایا گیا ہو، اتنے ہی جائیں اور اضافی فرد کیلئے پہلے میزبان سے پوچھ لیں۔
قیام کی حد
مہمان کا وقت میزبان کی سہولت سے جڑا ہے۔ نبی کریمﷺ نے مہمان کے حق کی مدت بیان فرمائی، یعنی ایک دن رات خاص اکرام اور تین دن تک مہمانی ہے (صحیح بخاری: 6019)۔ ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ مہمان کیلئے جائز نہیں کہ اتنا ٹھہرے کہ میزبان کو تنگی میں ڈال دے (صحیح بخاری: 6135، صحیح مسلم: 1726)۔ یہی ہدایت قرآن میں بھی ملتی ہے، جہاں کھانے کے بعد باتوں میں دل لگا کر بیٹھے رہنے سے منع کیا گیا کیونکہ اس سے نبی کریم ﷺ کو تکلیف ہوتی تھی مگر آپﷺ حیا کی وجہ سے کہتے نہ تھے (الاحزاب: 53، صحیح بخاری: 4793)۔ اس سے معلوم ہوا کہ میزبان کی خاموشی کو رضامندی نہ سمجھیں۔ وہ شرم کی وجہ سے کچھ نہ کہے تو بھی اس کی حالت کو پڑھ لینا مہمان کی سمجھداری ہے۔
دسترخوان کا حسن
میزبان جو بھی پیش کرے، اسے خوش دلی سے قبول کریں۔ نبی کریمﷺ نے کبھی کسی کھانے میں عیب نہیں نکالا، پسند آتا تو کھا لیتے ورنہ چھوڑ دیتے (صحیح بخاری: 3563)۔ یہ مہمان کیلئے اعلیٰ ترین نمونہ ہے۔ فرمائشوں، مقابلوں اور موازنوں سے میزبان کی دل شکنی ہوتی ہے۔ کھانے کی سنتوں میں بسم اللہ پڑھنا، دائیں ہاتھ سے کھانا اور اپنے سامنے سے کھانا شامل ہے (صحیح بخاری: 5376، صحیح مسلم: 2022)۔ اگر کوئی عذر، مثلاً نفلی روزہ ہو تو سلیقے سے اور میزبان کا دل رکھ کر بتانا چاہیے۔ بعض اوقات میزبان کی خاطر نفلی روزہ چھوڑ دینا بھی بہتر ہوتا ہے (صحیح بخاری)۔
نشست و برخاست کے آداب
گھر میں بیٹھنے کا بھی سلیقہ ہے۔ نبی کریمﷺ نے منع فرمایا کہ کسی کو اس کی جگہ سے اٹھا کر خود وہاں بیٹھا جائے (صحیح بخاری: 6269)۔ میزبان جہاں بٹھائے، وہیں بیٹھنا بہتر ہے۔ محفل میں تین آدمی ہوں تو دو کا تیسرے کو چھوڑ کر سرگوشی کرنا اسے احساسِ کمتری میں مبتلا کرتا ہے، اس لیے ممنوع ہے ( صحیح مسلم: 2183)۔بچوں کے ساتھ شفقت، بزرگوں کے ساتھ ادب اور ہم عمروں کے ساتھ خوش مزاجی بھی اسی باب میں آتی ہے۔ مہمان کو اپنے بچوں کی نگرانی بھی کرنی چاہیے تاکہ وہ گھر کی چیزوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔
رخصتی کا حسن
آخری تاثر پہلے تاثر سے زیادہ دیر تک رہتا ہے۔ رخصت ہوتے ہوئے میزبان کیلئے دعا کرنا نبی کریمﷺ کی سنت ہے (صحیح مسلم: 2042)۔ قرآن نے فرمایا کہ احسان کا بدلہ احسان ہے (سورہ رحمن: 60)، اور باہمی فضل و کرم کو نہ بھولنے کی تلقین کی (البقرہ: 237)۔
نبی کریمﷺ ہدیہ قبول فرماتے تھے اور اس کا بدلہ بھی دیتے تھے (صحیح بخاری: 2585)۔ اس لیے جاتے وقت شکریہ کے ساتھ، حسبِ استطاعت کوئی چھوٹا سا تحفہ ساتھ لے جانا یا بعد میں بھیجنا مہمان کے حسنِ اخلاق کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments