مسائل اور ان کا حل
بیوی کی ذاتی کمائی پر شوہر کاحق نہیں سوال: میرے دوست کی بیوی استانی ہے، اس کی تنخواہ پر کس کا حق ہے ،خاوند کا یا بیوی کا؟۔کیا خاوند کو بھی اپنی طرف سے بیوی کا خرچ دینا پڑے گا؟(عامر کریم، کراچی)
جواب :آپ کے دوست کی بیوی کی کمائی پر خود اسی کا حق ہے،اس میں شوہر کا کوئی حق نہیں ہے تاہم بیوی اپنی رضامندی سے اپنے مال سے اپنے شوہر اور بچوں پر خرچ کرے تو یہ اس کیلئے باعث اجرو ثواب ہے۔ نیز بیوی کا تمام نان ونفقہ شوہر پر ہے جسے شوہر کی طرف سے اداکرنا لازم ہے۔
3مشروط طلاق سے بچنے کا طریقہ
سوال :ایک شخص نے غصے کی حالت میں اپنی بیوی سے کہا کہ اگرتم نے مجھے مس کال کی توتجھے 3 طلاق ہیں۔اب اگرزوجہ اپنے زوج کومس کال کرے یاکال کر کے باتیں کرے توآیاصرف مس کال کرنے کی صورت میں طلاق واقع ہو گی یا کال کر کے ایک دوسرے کے ساتھ باتیں کرنے سے بھی طلاق واقع ہو گی؟ واضح رہے کہ ابھی تک بیوی نے شوہر کو کال یامس کال نہیں کی،نیزیہ الفاظ کہتے وقت شوہرکی نیت صرف مس کال کے ساتھ طلاق کو مشروط کرنا تھا، کال کی کوئی نیت نہیں تھی۔ (عبداللہ، کراچی)
جواب :صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص کی بیوی پرفی الحال کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی تاہم جب کبھی بیوی نے اپنے شوہرکومس کال کی تواس سے بیوی پر3 طلاقیں واقع ہوجائیں گی، نکاح ختم ہو جائے گا اور بلاحلالہ شرعیہ دوبارہ نکاح بھی نہیں ہوسکے گا۔نیزکال کرنے سے توکوئی طلاق واقع نہ ہوگی لیکن اگرکسی وقت بیوی نے کال کی اورشوہرنے کال رسیونہیں کی تویہ مس کال بن جائے گی اوراس سے بھی 3 طلاقیں واقع ہو جائیں گی، لہٰذاآئندہ بیوی کوکال یامس کال کرنے میں احتیاط کرنی چاہئے۔
3 طلاق سے بچنے کی صورت یہ ہے کہ شوہرایک طلاق رجعی بیوی کودیدے اورعدت کے دوران بیوی سے رجوع نہ کرے۔جب عدت گزرجائے تو بیوی شوہرکومس کال کرے جس سے یہ شرط پوری ہو جائے گی پھر بیوی کی مس کال کے بعدمذکورہ شخص اپنی بیوی سے دوبارہ نئے مہر پر 2 گواہوں کی موجودگی میںاز سرنو ایجاب وقبول کرکے نیانکاح کرلے توآئندہ بیوی کے مس کال کرنے سے بیوی پرکوئی طلاق واقع نہ ہوگی۔ تاہم آئندہ شوہر کوصرف 2طلاقوں کااختیار ہوگا اس لئے اس قسم کے الفاظ سے احترازکرنالازم ہے۔
بہنوں کو میراث میں حصہ نہ دینا
سوال: تقریباً 5 سال قبل ایک شخص کا انتقال ہوا تھا، جس کے ورثاء میں 3بیٹے اور6 بیٹیاں ہیں۔مرحوم کی جائیداد میں ایک گھراورچندایکڑزمین ہے۔2 بڑے بھائی اس زمین کو کاشت کرتے ہیں اوراس کی سالانہ آمدنی 4 سے 5لاکھ روپے تینوں بھائی خود استعمال کرتے ہیں۔ گھرپر بھی ایک بھائی نے قبضہ کر رکھا ہے۔ بہنوں کو مطالبہ کے باوجود میراث میں سے حصہ نہیں دیاجاتا۔ قرآن وسنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ کیا ان بھائیوں کیلئے زمین کی پیداوارسے حاصل شدہ رقم اور مکان وغیرہ خوداستعمال کرناجائزہے؟
جواب:کسی وارث کواس کاحق نہ دینا یا مشترک جائیداد کا منافع خوداستعمال کرناشرعاًجائزنہیں۔حدیث شریف میں اس پرسخت وعیدیں آئی ہیں، والد نے جو منقولہ وغیرمنقولہ جائیدادچھوڑی ہے اس میں بہنوں کا بھی شرعاًحق ہے، لہٰذابھائیوں پرلازم ہے کہ اس میں سے بہنوں کاحق اداکریں۔
خلع ایک طلاق بائن کے حکم میں ہے
سوال :خلع کے نکاح پرکیااثرات مرتب ہوں گے ؟ اور اس سے شرعاًکون سی طلاق ہوگی؟ یعنی رجعی یا بائنہ کونسی طلاق واقع ہوگی؟۔ خلع کے بعد اگر دوبارہ میاں بیوی اکٹھے رہنا چاہیں تو اس کا کیا طریقہ ہو گا؟ (نصیر احمد ، لاہور)
جواب :خلع سے شرعاً ایک طلاق بائن واقع ہوتی ہے۔اس سے نکاح ختم ہوجاتاہے اور رجوع نہیں ہو سکتا۔ تا ہم اگر شوہرنے اس سے قبل یابعدکبھی کوئی زبانی یا تحریری طلاق نہ دی ہوں تودونوں کی باہمی رضامندی سے بلاحلالہ دوبارہ نکاح ہوسکتاہے۔
بیٹی کانام وریشا رکھنا
سوال :کیا میں اپنی بیٹی کا نام وریشا رکھ سکتا ہوں؟ (ابوبکرعرفان، لاہور)
جواب :وریشا کے بجائے درست معنی والا کوئی نام یا دینی نسبت والانام رکھنا چاہئے۔
قیمتی پتھروں کے خواص واثرات کا عقیدہ
سوال:ہیرا اورنیلم پتھر کی کیا حقیقت ہے ؟ بعض لوگ کہتے ہیں کہ یہ لوگوں کیلئے منحوس ثابت ہوتا ہے اس مسئلے کی شرعی حقیقت بیان کریں۔(جواد احمد، سکھر )
جواب:کوئی شے اپنی ذات میں منحوس نہیں ہوتی۔کسی شے میں نحوست کا عقیدہ رکھنا یا بد فالی لینا خلاف شریعت ہے۔ تاہم قیمتی پتھروں میں اللہ تعالیٰ نے کچھ طبی خواص رکھے ہیں جیسا کہ جڑی بوٹیوں اور دواؤں میں ہوتے ہیں ۔لہٰذا ان قیمتی پتھروں کے استعمال سے اللہ تعالیٰ کو منظور ہوتا ہے توان کے وہ طبی فوائد اور خواص ظاہر ہو جاتے ہیں اور اگر منظور نہیں ہوتا تو ظاہر نہیں ہوتے۔اس سے زیادہ ان کی کوئی حقیقت نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments